سیرالیون پارلیمنٹ میں نماز جمعہ کی ادائیگی سیرالیون کے لنگے ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح اور تقاریب آمین
پارلیمنٹ میں نماز جمعہ
مورخہ 7؍فروری کو سیرالیون پارلیمنٹ کی طرف سے دعوت پر امیر جماعت سیرالیون مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب نے سیرالیون پارلیمنٹ میں خطبہ جمعہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت فرمائی۔ آپ کے ساتھ مکرم جمال الدین محمود صاحب جنرل سیکرٹری احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون بھی تشریف لے گئے تھے۔
مکرم امیرصاحب نے خطبہ جمعہ میں درود شریف کی اہمیت و برکات بیان کیں ۔
نماز جمعہ کے بعد مکرم سپیکر صاحب پارلیمنٹ نے آپ کو اپنے آفس میں مدعو کیا اور جماعت کی کاوشوں کو سراہا۔ نماز جمعہ میں متعدد پارلیمنٹیرین سمیت حاضری 200؍افراد سے زائد رہی۔ الحمد للہ ، اس طرح سیرالیون کے حکومتی ایوان میں جماعت کا پیغام پہنچانے اور تبلیغ کا بہترین موقع ملا۔
افتتاح مسجد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ 15؍ فروری 2020ء کو جماعت احمدیہ سیرالیون کو لنگے ریجن میں ایک مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اس پروگرام اور لنگے ریجن میں ہونے والی بعض تقاریب آمین کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔
مورخہ 15؍فروری کو لنگے ریجن کی جماعت Tagrinمیں ایک مسجد کا افتتاح ہوا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن ساڑھے دس بجے مکرم امیر صاحب سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔
مکرم امیر صاحب نے حاضرین سے خطاب کیا اور جماعت کا تعارف پیش کیااور مسجدکے باقاعدہ افتتاح کے بعددعا کروائی۔ پروگرام کے بعد حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 9؍اگست2017ءکو مکرم محمد نعیم اظہر صاحب ، مبلغ سلسلہ نے رکھا تھا۔ اس مسجدکا کل مسقف حصہ 30×35فٹ ہے اور اس میں 200؍افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔
یہ مسجد جماعتی خرچ پر تیار ہوئی ہے اور اس کے کام کی نگرانی خود مکرم امیر صاحب نے کی۔ مسجد کی تعمیر پر کل 6000 پاؤنڈز خرچ ہوئے۔
اس بابرکت تقریب میں علاقہ کے غیر از جماعت ائمہ اور معززین علاقہ سمیت 500سےزائد افراد شامل ہوئے۔
تقاریب آمین
مکرم امیر صاحب سیرالیون نے مورخہ 15تا 16فروری لنگے ریجن میں مختلف تقاریب آمین میں شرکت کی اور قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں کی حوصلہ افزائی فرمائی اور ان میں اسناد تقسیم کیں۔
لنگے ریجن کی کل 4جماعتوں کے 39؍افراد نے قرآن کریم ناظرہ کا اول دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ ان افراد میں ایک 70سالہ شخص پا مورلائی کمارا صاحب بھی شامل ہیں۔ کثرت سے غیر از جماعت اماموں اور شرفاء علاقہ نے ان پروگراموں میں شرکت کی اور اس کا بہت نیک اثر ہوا۔ ان بابرکت تقریبات میں احباب جماعت و غیرازجماعت احباب سمیت 1000سے زائد افراد شامل ہوئے۔