متفرق مضامین

گھر بیٹھے دینی، روحانی اور علمی فوائد کا حصول… کچھ تجاویز

(سید احسان احمد۔ مربی سلسلہ الفضل انٹرنیشنل لندن)

حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مورخہ 27؍ مارچ 2020ء بروز جمعۃ المبارک اپنے خصوصی پیغام میں فرمایا کہ

جب گھروں میں لوگ جمعہ پڑھائیں گے اور خطبے کے لئے تیاری کریں گے تو مطالعہ کریں گے۔ اس سے علم بھی بڑھے گا اور یوں حکومتی پابندی کی وجہ سے گھر بیٹھنا بھی دینی اور روحانی فائدہ کا موجب ہو جائے گا، علمی فائدے کا موجب ہو جائے گا۔ بلکہ الحکم نے آجکل جو لوگوں کی رائے کا سلسلہ شروع کیا ہے کہ ہم اس پابندی کی وجہ سے گھر بیٹھ کر کس طرح وقت گزارتے ہیں اس میں اکثر لوگ یہ لکھ رہے ہیں کہ قرآن اور حدیث اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی کتب اور جماعتی لٹریچر پڑھ کر ہم اپنے علم میں اضافہ کر رہے ہیں اور بہت سے تبصرے تو آج کل مختلف دنیاوی سائٹس پر دنیادار بھی کر رہے ہیں کہ اس وجہ سے ہمیں بھی اپنی گھریلو زندگی کو اپنی حالتوں کو بہتر کرنے کی توفیق مل رہی ہے اور ہماری گھریلو زندگی واپس آ گئی ہے۔پس ہمیں بھی یہ دن اپنی گھریلو زندگی کو، اپنی حالتوں کو سنوارتے ہوئے اور بچوں کی تربیت کرتے ہوئے گزارنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ ایم۔ٹی۔اے پر بڑے اچھے پروگرام آتے ہیں کچھ وقت ان پروگراموں کو بھی اکٹھے بیٹھ کر دیکھنے کی کوشش کریں۔

نیز اس سے قبل جمعے کی تیاری کے سلسلے میں حضورِ انور نے فرمایا کہ  ملفوظات میں سے یا جماعتی کتب میں سے یا حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی دوسری کتب میں سے یا الفضل میں سے یا الحکم سے یا کسی اَور رسالے سے کوئی بھی اقتباس پڑھ کر خطبہ دیا جا سکتا ہے۔

(خصوصی پیغام حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرمودہ 27؍ مارچ 2020ء)

آج کل دنیا میں زندگی کا معمول عام  دنوں کے با لمقابل قدرے مختلف ہے۔ کورونا وائرس نے ہماری زندگی کو چند ہفتوں کے اندر ہی یکسر تبدیل کر دیا ہے۔ ان رونما ہونے والی تبدیلیوں  میں جہاں بعض لوگوں کو مشکلات کاسامنا ہے وہاں ایک مومن کی زندگی میں برپا ہونے والا ہر تغیر اس کی روحانی ، اخلاقی، علمی ترقی کا موجب بنتی ہے۔ جیسا کہ قرآن کریم کی آیت

وَلَلْاٰخرۃُ خیر لَک منَ الاُولیٰ

اس حقیقت کی طرف ایک لطیف اشارہ کرتی ہے۔

چنانچہ ان دنوں میں بہت سے لوگوں کو’وقت‘ جس کی عام طورپر کمی ہوتی ہے نسبتاً زیادہ مل رہا ہے۔بہت سے کام ہم اب بامر مجبوری کر ہی نہیں سکتے۔ اس موقع سےزیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا ایک ذریعہ اپنے علم میں اضافہ کرنا ہے۔ خواہ وہ دینی ہو یا دنیاوی۔ آیئے ہم حضورِ انور کے ارشاد کی روشنی میں دیکھتے ہیں کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ وہ کونسے ذرائع ہیں جن کی مدد سے ہم ان دنوں میں اپنا علم بڑھا سکتے ہیں۔

قرآن کریم

اگر ہم سب سے  پہلےدینی علم کو لیں تواس کے  بڑھانے کا بنیادی ذریعہ قرآن کریم کا مطالعہ ہے۔اس کے لیے جماعت کی مرکزی ویب سائٹ alislam.orgپر قرآن کریم کا ایک سیکشن ہے جس میں مختلف زبانوں میں قرآن کریم، حضرت مسیح موعودؑ اور آپ کے خلفاء کی بیان فرمودہ تفاسیر نیز علماء سلسلہ کی قرآن کریم کے متعلق مختلف کتب ہیں۔

یہاں آپ قرآن کریم کو بآواز بھی سن سکتے ہیں۔ اسی طرح حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی ترجمۃ القرآن کلاسز کی ویڈیوز بھی دستیاب ہیں۔اس کے علاوہ یہاں پر علماء سلسلہ کی قرآن کریم کے حوالے سے تقاریر بھی سنی جا سکتی ہیں۔

https://www.alislam.org/urdu/topic/quran

قرآن کریم انگریزی ترجمہ کی App بھی دستیاب ہے ۔ اسی طرح مجلس خدام الاحمدیہ کینیڈا نےبھی Al-Quranکے نام سے ایک App جاری کی ہے جس میں قرآن کریم پڑھ اور مختلف آوازوں میں سن بھی سکتے ہیں۔

احادیث النبوی ﷺ

احادیث نبوی ﷺ کو حضرت مسیح موعود ؑ نے  مسلمانوں کے لیے ہدایت حاصل کرنے کا ذریعہ قرار دیا ہے۔ چنانچہ اس حوالے سے بھی اپنا دینی علم بڑھانا ہو تو جماعت کی مرکزی اردو ویب سائٹ الاسلام اردو میں حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفیٰﷺ کے عنوان کے تحت کتب حدیث اور سیرت النبی موجود ہیں۔  ان میں صحیح بخاری، صحیح مسلم اور سنن ابن ماجہ کے علاوہ مختلف عناوین کے تحت جمع کی گئی احادیث نبویہ کی کتاب ’حدیقۃ الصالحین‘ اور اسی  طرز پر قدرے چھوٹی کتاب ’منتخب احادیث‘ وغیرہ بھی پڑھی جا سکتی ہیں۔  مزید حدیث کےحوالے سے کتاب ’چالیس جواہر پارے‘ بھی بہت مفید اور معلوماتی کتاب ہے۔اس  میں حضرت صاحبزادہ مرزا بشیر احمد صاحب ؓ نے علم حدیث کا مختصر آسان فہم تعارف کے علاوہ چالیس احادیث کا ترجمہ اور کچھ تشریح بھی تحریر فرمائی ہے۔

اس سیکشن میں خلفاء کرام کی سیرت النبیﷺ کے حوالے سے ارشاد فرمودہ خطبات و خطابات نیز  علماء سلسلہ کے درس احادیث بھی سنے اور دیکھے جا سکتے ہیں۔

www.alislam.org/urdu/topic/holy-prophet

کتب حضرت مسیح موعو د علیہ الصلوٰۃ و السلام

امام الزمان حضرت اقدس مسیح موعودؑ نے اس زمانے میں ہمارے لیے وہ خزانہ چھوڑا جو ہزاروں سال سے مدفون تھا۔ آپ کی زندگی بخش تحریرات لا ریب  فی زمانہ علم بڑھانے کا بہت بڑا ذریعہ ہیں۔ یہ تمام کتب  بھی جماعت کی مرکزی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ یہاں آپ نہ صرف تمام اردو کتب پڑھ سکتے ہیں بلکہ جن عربی کتب کا اردو ترجمہ ہو چکا ان کا بھی مطالعہ کیا جا سکتا  ہے۔ اسی طرح بعض کتب کو بآواز اردو یا انگریزی ترجمہ کے ساتھ سن بھی سکتے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکرہے کہ حضرت مسیح موعودؑکی پچاس کےقریب کتابیں ایسی ہیں جن کےصفحات کی تعداد 100سےکم ہے۔ان کتب میں سے کئی کتابیں ایسی ہیں جن کا ان دنوں میں بآسانی مطالعہ مکمل کیا جاسکتاہے۔

دیگر کتب سلسلہ

مذکورہ کتب کے علاوہ جماعت کی طرف سے شائع شدہ ہزاروں کتب اس ویب سائٹ پر دستیاب ہیں جن سے ان ایام میں اپنےذوق و شوق کے مطابق استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ 

الاسلام لائبریری

اس سیکشن میں آڈیوویڈیو کے تحت خلفاء احمدیت کے خطبات جمعہ اور درس القرآن کی ریکارڈنگ، مجالس عرفان اور مختلف کلاسز کو جمع کیا گیا ہے۔ اسی طرح اس لائبریری میں   حضرت مسیح موعود ؑ ، خلفا ء کرام  اوردیگر جماعتی شعراء کی نظمیں سنی جا سکتی ہیں۔

ایم ٹی اے انٹرنیشنل

ایم ٹی اے انٹرنیشنل کی سمارٹ ٹی وی اور موبائل دونوں apps موجود ہیں۔ اسی طرح ایم ٹی اےکی اپنی ویب سائٹ بھی ہے۔ اس سے ان دنوں میں بھی استفادہ کرنا چاہیے۔ اس پرحضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات دیکھےجا سکتے ہیں جو ہماری روحانی،اخلاقی اورعلمی بہتری کا ایک عظیم ذریعہ ہیں۔اس کے علاوہ کورونا وائرس کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات بھی یہاں موجود ہیں۔

یادرہے کہ ایم ٹی اے انٹرنیشنل پر ان دنوں میں ہفتے میں دو دن یعنی بدھ اور اتوار کے کورونا وائرس کے حوالے سے ایک خصوصی  پروگرام Covid-19 The Impactکے نام سے براہ راست نشر کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ مختلف موضوعات پر بننے والی مفید دستاویزات اور دیگر علمی اور تربیتی پروگرامز موجود ہیں جسے تمام افرادِ خانہ مل بیٹھ کر دیکھ کر اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

www.mta.tv

اخبارات و رسائل

جماعت احمدیہ  کی طرف سے مختلف زبانوں میں اخبارات و رسائل شائع ہوتے ہیں۔ان  سے بھی احباب جماعت خاص طور پر ان دنوں میں استفادہ کر سکتے ہیں۔ یوں تو ہر ملک  اپنا کوئی نہ کوئی اخبار یا رسالہ شائع کرتا ہوگا۔ تاہم یہاں ہم مرکزی طور پر شائع ہونے والےاخبارات ورسائل کا تعارف کرواتے ہیں۔

اردو اخبارات میں بدر قادیان  www.alislam.org/badr ،

روزنامہ الفضل آن لائن لندن www.alfazlonline.org ،

 الفضل انٹرنیشنل لندن    www.alfazl.com

وغیرہ شامل ہیں۔ ان تمام اخبارات کی iosاور androidدونوں کی apps موجود ہیں۔  ان میں مختلف نوعیت کے معلوماتی ، تحقیقی اورعلمی مضامین کے علاوہ جماعتی سرگرمیوں پر مشتمل رپورٹس بھی شائع ہوتی ہیں۔اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبات وخطابات آپ کی مصروفیات بھی ان اخبارات کی زینت ہے۔

ادارہ الفضل انٹرنیشنل ان ایام کی مناسبت سے اپنی خصوصی آن لائن اشاعتیں شائع کر رہا ہے۔

الفضل انٹرنیشنل #پڑھیےاوربآوازسنیے

الفضل انٹرنیشنل اپنے قارئین کے لیے ایک منفرد سہولت مضامین کی آڈیو مہیا کرنے کی صورت میں بھی دیتا ہے۔ ایسے قارئین جنہیں اردو پڑھنے میں مشکل پیش آتی ہو ایک بٹن کو کلک کر کے مضمون کی آڈیو سن سکتے ہیں۔ نیز قارئین اپنی سہولت کے مطابق ایک بٹن کی مدد سے مضامین کے فونٹ کو بڑا اور چھوٹا کر سکتے ہیں۔

اس طرح انگریزی زبان میں اخبار الحکم ہے جس کی ویب سائٹ کے علاوہ App بھی مہیا ہے۔ اس میں انگریزی جاننے والے احباب کے لیے مختلف مضامین اور جماعتی سرگرمیوں پر مشتمل خبریں دی جاتی ہیں۔ اس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے خطبات کا انگریزی زبان میں ترجمہ بھی شائع کیا جاتا  ہے۔

جماعتی رسائل میں رسالہ ریویو آف ریلیجنز  ہے۔ یہ رسالہ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے انگریزی کے علاوہ فرنچ، جرمن اورسپینش زبان میں بھی شائع ہوتا ہے۔ ان کی ویب سائٹ پر جا کر اس سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

www.reviewofreligions.org/

اسی طرح واقفین نَو کے لیے  مرکزی طور پر دورسالے شائع کیے جاتےہیں۔ ان میں لڑکوں کے لیے رسالہ اسماعیل ہے اور لڑکیوں کے لیےرسالہ مریم ہے۔ یہ دونوں رسائل اردو اورانگریزی زبان میں شائع ہوتے ہیں۔

مختلف مذاہب میں دلچسپی رکھنے والے احباب کےلیے ماہانہ رسالہ ’موازنہ مذاہب‘ ہے۔  اس میں تحقیقی اور  علمی مضامین شائع کیے جاتے ہیں۔

www.muwazna.org

Amazon پر بآواز کتب مفت کر دی گئیں

مشہور ویب سائٹ amazonنے ان ایام میں خصوصی طور پر آڈیو کتب پر لاگوہونے والی فیس کو ختم کر دیا ہے اور اس طرح اب لوگ مفت میں بہت سی کتب کو بآوازسن سکتے ہیں۔ یہ سہولت دنیا کی چھ مختلف زبانوں میں ہے۔ Amazonکی ویب سائٹ کے علاوہ ان کی appبھی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

https://stories.audible.com/start-listen

The Open University

 The Open Universityنے Open Learnکے پروگرام کے تحت تقریباًایک ہزار کورسز بغیر فیس کے میسر کیے ہوئے ہیں۔ ان کے ذریعے مختلف کورسز سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ مثلاً تاریخ اورآرٹس، مختلف زبانیں، بزنس، سائنس اورٹیکنالوجی، سیاست، معاشیات، قانون وغیرہ۔ اس کے علاوہ بھی بہت سارے عناوین کے تحت بآسانی مختلف کورسز آن لائن کیے جا سکتے ہیں۔ یہ بھی کسی خاص شعبے کے بارے میں علم میں اضافے کا ایک مفید ذریعہ ہے۔

www.open.edu/openlearn/free-courses/full-catalogue

دنیا کے حالات سےباخبررہنا

آج کل کے حالات میں با خبررہنااورتازہ بتازہ خبروں اور بدلتی ہوئی صورتحال سے آگاہ رہنا بہت ضروری ہے۔اس کے لیے انگریزی جاننےوالے احباب کےلیے BBC  Newsکی appبہت مفید ہے۔ اس پر کورونا وائرس کے حوالے سے نہ صرف یوکے بلکہ پوری دنیا کی صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ کیا جاتا رہتا ہے۔ اس میں مختلف انفو گرافکس (info graphics) اور ویڈیوز کےذریعہ کورونا وائرس اوراس حوالےسے احتیاطی تدابیرکوبھی سمجھایا گیا ہے۔

 اسی طرح یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ آپ کےعلاقہ میں کتنے کیسز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں نیز دنیا کے مختلف ممالک کی صورتحال بھی روزانہ کی بنیادوں پر دن میں کئی مرتبہ Update کی جاتی ہے۔

www.bbc.co.uk/news/coronavirus

صحت کو برقرار رکھنے کےذرائع

ان ایام میں کیونکہ باہر جانےکے مواقع کم ہو گئے ہیں اور اکثر ممالک میں فٹنس سینٹرز کو بھی بند کر دیا گیا ہے اس لیے صحت کو برقرار رکھنے کے ذرائع  میں کمی واقع ہوگئی ہے۔ اسی طرح بچے چونکہ گھروں میں ہیں اس لیے ان کے  کھیلنے کودنےکےسامان میں بھی فرق آ گیا ہے۔ اس کے متبادل کے طور پر    بعض سہولتیں میسر ہیں۔ ان میں سے دو کا تعارف کروایا جاتا ہے۔

The Body Coach TV

انگلستان میں فٹنس کے شعبہ سے منسلک ایک ماہر Joe Wicksکے The Body Coach TVکے نام سے Youtubeچینل سے استفادہ کیا جا سکتاہے۔اس پربڑوں کے علاوہ خصوصی طور پر  بچوں کے لیے انگلستان کے وقت کے مطابق صبح9بجےآدھے گھنٹے کے لیے Live Workout کروایا جا سکتا ہے۔

 اس چینل کو 1.75ملین  لوگ Youtubeپر فالو کرتے ہیں۔

www.youtube.com/channel/UCAxW1XT0iEJo0TYlRfn6rYQ

مجلس اطفال الاحمدیہ  ۔شعبہ صحت جسمانی

اسی قسم کی ایک سہولت کا انتظام مجلس اطفال الاحمدیہ یو کے نے بھی کیا ہے جس میں ہفتے میں تین دن سوموار اور بدھ شام انگلستان کے وقت کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے اور ہفتے کو روز دوپہر 2بجے Workout کروایا جا تا ہے۔

www.youtube.com/user/MKAUKVideos/featured

آج انٹرنیٹ پر ہزاروں ایسی ویب سائیٹس اور ایپلیکیشنز موجود ہیں جن سے ہم گھر بیٹھے استفادہ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ یعنی ہمارے قارئین کے علم میں ایسی کوئی ویب سائیٹ یا ایپ ہے تو اس کا مختصر تعارف اور لِنک (link) اس مضمون کی نیچے تبصرے میں لکھ دیجیے یا ہمیں info@alfazl.com پر ارسال فرماویں۔ ادارہ الفضل انٹرنیشنل جلد اسے استفادۂ عام کے لیے شاملِ اشاعت کرنے کی کوشش کرے گا۔ ان شاء اللہ

متعلقہ مضمون

ایک تبصرہ

  1. مضمون نگارنے مختصرپیرایہ میں عمدگی سے قریباً ہرطبقہ فکرکی دلچسپی کےموضوع کااحاطہ کیاہے۔اللہ تعالیٰ ہمیں اُس موعود اَلشیخ المسیح کےعمل لایُضاعُ وقتُہ کو ان دنوں میں خصوصاً اپنانے کی توفیق عطافرمائے۔آمین
    جزاکم اللہ خیراً

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button