Covid-19 بلیٹن (نمبر 14، 11؍اپریل 2020ء)
دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔
Worldometers.infoکی طرف سے جاری کئےگئے اعداد و شمار کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,763,578 ہے، اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے107,780؍ افراد ہیں جبکہ 397,053؍ افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں
ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔
(www.worldometers.info)
(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشماربتا رہا ہے)
WHO اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سوشل ڈسٹنسننگ (social distancing) میں قبل از وقت نرمی کرنا اور پابندیوں کو ہٹانا خطرناک ہوگا۔( بی بی سی)
چین
چین میں Covid-19 کے مزید 46 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 42 دوسرے ملکوں سے آئے ہیں۔ (ڈان)
برطانیہ
برطانوی وزیراعظم Boris Johnson ابھی تک ہسپتال میں ہیں اوران کی طبیعت میں خاطرخواہ بہتری ہوئی ہے۔ (بی بی سی)
برطانیہ میں Covid-19 سے مزید 917؍ افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور مجموعی تعداد 9,875 ہوگئی ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی 980؍ اموات اٹلی اورسپین میں ایک روزمیں سب سے زیادہ ہونے والی اموات سے زیادہ تھیں۔ (بی بی سی)
کورونا وائرس کے خلاف کوششوں میں برطانیہ کی مدد کرنے کے لئے ترکی نے ایک آرمی جہاز کے ذریعہ طبی اشیاء بھجوائی ہیں۔ (ڈان)
برطانیہ میں تمام 650 منتخب سیاستدانوں کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر 10,000 پاؤنڈز فی کس کی رقم دی گئی ہے تا وہ اس مشکل وقت میں جب کہ اکثریت کو گھروں سے کام کرنا پڑرہا ہے، ضرورت کی چیزیں، لیپ ٹاپ، پرنٹراوردوسری دفتری ضروریات خرید سکیں۔ (بی بی سی)
اٹلی
اٹلی میں مزید 619؍ افراد Covid-19 سے جاں بحق ہوئے ہیں اور 4,694 مریضوں کا اضافہ ہوا ہے۔ (ڈان)
اٹلی کے وزیراعظم Giuseppe Conte نے ملک گیرلاک ڈاؤن کو 3؍ مئی تک کے لئے بڑھا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اب تک ہونے والی پیش رفت کو ضائع نہیں کیا جاسکتا۔ (بی بی سی)
سپین
سپین کی وزارت صحت کے مطابق سپین میں Covid-19 سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد قریباً 60,000 ہوچکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سپین میں 510؍ افراد اس مرض سے جاں بحق ہوئے۔ (سی این این)
سپین میں اس ہفتے کے آغازسے بعض شعبوں مثلاً تعمیرات وغیرہ میں کام کی اجازت دی جارہی ہے۔ اور پابندیوں میں نرمی کی جارہی ہے۔ اس مقصد کے لئے حکومت کام پر واپس جانے والے لوگوں میں 10 ملین ماسکس تقسیم کرے گی۔
سپین میں 1,700 سے زائد پولیس والے اور طب کے شعبہ میں 25,000 سے زائد کارکنان Covid-19 سے بیمار ہوئے ہیں۔ وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ملک گیر لاک ڈاؤن 26؍ اپریل تک جاری رہے گا۔ (سی این این)
امریکہ
امریکہ میں Covid-19 کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 500,000 سے تجاوزکرچکی ہے۔ جو کہ دنیا بھر کے کیسزکا قریباً تیسرا حصہ ہے۔ امریکہ میں Covid-19 سے اب تک 19,000؍کے قریب افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ گزشتہ روز یہ تعداد دو ہزارسے زائد رہی۔ (سی این این)
نیویارک سٹی کے میئرنے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام پبلک سکول بقیہ تمام تعلیمی سال کے لئے بند رہیں گے۔ (سی این این)
واشنگٹن میں پاکستان کی ایمبیسی نے کہا ہے کہ میڈیا پر جو رپورٹس گردش کررہی ہیں کہ Covid-19 کی وجہ سے نیویارک اور نیوجرسی کے علاقوں میں 100 سے زیادہ پاکستانی بھی جاں بحق ہوئے ہیں، یہ صرف اندازے ہیں اور کسی بھی مستند ذرائع سے ابھی اس کی تصدیق نہیں ہوئی۔ (ڈان)
بھارت
دہلی کے چیف منسٹر اروند کیجریوال نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ بتایا ہے کہ وزیراعظم نریندرا مودی نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک گیر لاک ڈاؤن کی مدت میں مزید اضافہ کیا جائے۔ ابھی اس بارہ میں کوئی معلومات نہیں دی گئیں کہ لاک ڈاؤن کتنی مدت کے لئے بڑھایا جائے گا۔ (ڈان)
بھارت میں Covid-19 کے 7,600 مصدقہ کیس ہیں اور774؍ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ (بی بی سی)
پاکستان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ دہاڑی دار مزدوروں کو حکومت کی 10بلین درخت لگانے کی سکیم میں شامل کررہے ہیں۔ اس سے ان مزدوروں کو بھی فائدہ ہوگا اورماحول پر بھی اچھا اثر پڑے گا۔ (ڈان)
PIAکی خصوصی پروازیں
پاکستان کی قومی ائرلائن PIA خصوصی پروازوں کے ذریعہ ملائشیا، سنگاپور اور باکو میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کو واپس لے آئی ہے۔ (ڈان)
IMF پاکستان کو Covid-19 کی وبا کے خلاف جدوجہد کے لئے1.4بلین ڈالر فراہم کرے گا۔ (گلف نیوز)
سپین میں رہنے والے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیوروں میں سے 150سے زائد ڈرائیورز ڈاکٹرز اور نرسز کو بغیر کسی کرائے کے ان کی کام کی جگہوں پر پہنچارہے ہیں۔ (گلف نیوز)
آسٹریا
آسٹریا کی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ ایسٹر کے بعد سے لاک ڈاؤن کے انتظامات میں تدریجاً کمی کریں گے۔ (سی سین این)
برازیل
برازیل جنوبی امریکہ کا وہ پہلا ملک ہے جس میں Covid-19 سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 1,000 سے تجاوز کرگئی ہے۔ (بی بی سی)
افریقہ
افریقہ میں Covid-19 کے مریضوں کی کل تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور اس مرض سے 649؍ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ (ڈان)
امریکیوں کا چین کے خلاف مقدمہ
ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے دوران پانچ ہزار سے زائد امریکی چین کی حکومت کے خلاف کورونا وائرس سے پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لئے فلوریڈا کی ایک عدالت میں دائر دعوے میں شامل ہوگئے ہیں۔ مدعیان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو قابو میں رکھنے میں لاپروائی سے انھیں بڑے نقصان کا سامنا ہے۔ (VOAاردو)
Run for Heroes
سکاٹ لینڈ کے ایک Jogger نے NHS کے کارکنان کے لئے مدد کرنے کے لئے ایک امدادی مہم Run for Heroes کے نام سے شروع کی ہے اور اس کی مدد سے 180,000 پاؤنڈز اکٹھے کئے ہیں۔ (ڈان)
سکوٹر پر1,400کلومیٹر
بھارت میں ایک ماں نے انڈیا کی تیلنگانا سٹیٹ سے آندھرا پردیش تک سکوٹر پر دودن اور رات میں اپنے بیٹے کو واپس لانے کے لئے سفر کیا۔ رضیہ بیگم کا 19 سالہ بیٹا مارچ میں گھر سے امتحانات دینے آندھرا پردیش گیا تھا۔ لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہ وہیں پھنس گیا تھا اور ایک درگاہ میں رہ رہا تھا۔ چونکہ بھارت میں چارپہیوں کی سواری منع کردی گئی ہے اس لئے انہوں نے سکوٹر پر یہ سفر کیا۔ اس سفر کے لئے انھوں نے پولیس کمشنر سے باقاعدہ اجازت لی تھی۔(گلف نیوز)
نامعلوم شخص کی پورے قصبہ کی مدد
امریکہ کی Iowa سٹیٹ کے ایک قصبہ Earlham کے میئر نے بتایا ہے کہ ہر گھر کو ایک نامعلوم شخص نے 150 ڈالر مالیت کے گفٹ کارڈ عطیہ کئے ہیں۔ اس قصبہ میں کل 549 گھر ہیں۔ 50 ڈالر مالیت کے تین کارڈز ہر گھر کو ڈاک کے ذریعہ بھجوائے گئے،جن کی کل مالیت 82,350 ڈالرز بنتی ہے۔ ان کارڈز کے ذریعہ یہ گھر قصبہ کی تین جگہوں سے خریداری کرسکیں گے۔ (سی این این)
ریسٹورنٹ میں گروسری سٹور
امریکہ میں سوشل ڈسٹنسنگ کی وجہ سے ریسٹورنٹ وغیرہ بند ہوگئے ہیں۔ مگر بعض ریسٹورنٹ کے مالکوں نے اس مشکل کا حل اس طرح نکالا ہے کہ اپنے کھانوں میں استعمال ہونے والی اشیاء اپنے خریداروں میں فروخت کرنی شروع کردی ہیں۔ (سی این این)
باغ میں دفن کار
John Brayshaw جو کہ یارک شائر میں رہتے ہیں، انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران جب اپنے باغ میں کام شروع کیا تو ان کے کام کے دوران ان کے باغ میں دبی 50ء کی دہائی کی Ford Popular کارملی۔ انہوں نے لوگوں سے اس کے بارے میں معلومات دینے کی درخواست کی ہے۔ (بی بی سی)
کورونا لاک ڈاؤن کے احکامات کی تعمیل میں قادیان سمیت ہندوستان بھر کے احمدی مسلمان صفِ اوّل میں ہیں: انڈین پولیس
بھارتی اخبار’’دی ایسٹرن ہیرلڈ‘‘ کی رپورٹ
دہلی سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار THE EASTERN HERALD کے مطابق انڈین پولیس نےاس بات کو سراہا ہے کہ کورونا لاک ڈاؤن کے بارہ میں جاری کردہ حکومتی احکامات پرعملدرآمد کرنے اور کروانے میں احمدی مسلمان سب سے آگے ہیں۔
اخبار لکھتا ہے :
Ahmadis are at the front in obeying the lockdown rules
Government instructions are fully implemented in the city of Qadian, which is the national headquarter of the Ahmadiyya Muslim Jama’at in India. Ahmadi Muslims are observing their prayers in homes. A senior police officer of this district told the media, “Qadian is number one in this district in obeying the rules of the lockdown.” Not just Qadian, Ahmadi Muslims all over India have valued the instructions of the government. A senior police officer of Kulgam Kashmir had this to say at the funeral of an Ahmadi Muslim, “This community has systematically obeyed all instructions of lockdown. I did not have to give any instructions to them, instead, they themselves did everything in a well-organised manner.
ترجمہ :
"لاک ڈاؤن کے قوانین کی تعمیل کرنے میں احمدی صفِ اوّل میں ہیں:
قادیان شہر میں، جوکہ احمدیہ مسلم جماعت بھارت کا نیشنل ہیڈ کوارٹر ہے، حکومت کے جاری کردہ احکامات پرپوری طرح سے عملدرآمد ہورہا ہے۔ احمدی مسلمان گھروں میں نمازیں ادا کر رہے ہیں۔
اس ڈسٹرکٹ کے ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’’لاک ڈاؤن کے قوانین کی تعمیل بجالانے میں قادیان پہلے نمبر پر ہے‘‘۔
نہ صرف قادیان بلکہ ہندوستان بھرمیں احمدی مسلمانوں نے حکومتی احکامات کااحترام کیا ہے۔
چنانچہ کلگام، کشمیر کے ایک سینئر پولیس افسر نے ایک احمدی مسلمان کی تدفین کے موقع پرکہا کہ ’’یہ کمیونٹی لاک ڈاؤن سے متعلق احکامات کی باقاعدہ طورپر تعمیل کررہی ہے۔ انہوں نے ایسے منظم طریق پر خود ہی سب کچھ کرلیا کہ مجھے انہیں کسی قسم کی ہدایات جاری کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئی‘‘۔
رپورٹ میں جماعت احمدیہ کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے امام جماعت احمدیہ حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ان تازہ ہدایات کا ایک جامع خلاصہ بھی شائع کیا گیا ہے جو حضور انور نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالہ سے دنیا بھر کے احمدیوں کو جاری فرمائیں۔
اخبارنے اس بات پرافسوس کا اظہار کیا کہ انڈیا میں ہونے والے بعض حالیہ واقعات کے نتیجہ میں وائرس کے پھیلاؤ کا الزام مسلمانوں کے سر تھوپ دیا گیا اور پھر اس کی آڑ میں مذہبِ اسلام کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ حالات پہلے سے ہی کافی حساس نوعیت اختیار کرچکے ہیں۔
جماعت احمدیہ کی جاری کردہ ایک وضاحت کےحوالہ سے اس رپورٹ میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ قرآن وسنت کی روشنی میں حکومت کے جاری کردہ قواعد و ضوابط کی تعمیل مسلمانوں کا مذہبی فریضہ شمارہوتی ہے۔ (مرسلہ:طارق احمد مرزا۔ آسٹریلیا)
تفصیل کے لئے دیکھیں:
https://www.easternherald.com/news/corona-ahmadiyya-muslim-india-56305/
(رپورٹ:عبدالہادی قریشی)
جزاکم اللہ احسن الجزاء
بھارت میں اخبارات اور سرکاری اداروں کی طرف سے جماعت احمدیہ بھارت کی کاوشوں کو سراہنے کا پڑھ کر خوشی ہوئی۔الحمدللہ
اللہ ہمارے پیارے آقا کو ہر آن اپنی حفظ و امان میں رکھے اور ہمیں خلیفہ وقت کی تمام باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے،آمین