Covid-19 بلیٹن (نمبر 16، 13؍اپریل 2020ء)
دسمبر2019ء میں ظاہر ہونے والی یہ وباء اس وقت دنیا کے 200سے زائد مما لک اور علاقوں میں پھیل چکی ہے۔
Worldometers.infoکی طرف سے جاری کئےگئے اعداد و شمار کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 1,910,137؍ہےاور اس وباء کے نتیجہ میں وفات پانے والے118,516؍اور 440,471؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں
ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔
(www.worldometers.info)
(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)
چین
چین میں چھ ہفتے کے بعد کورونا وائرس کے مریضوں میں ایک بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 108نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ (الجزیرہ)
برطانیہ
سرکاری ترجمان کے مطابق برطانوی وزیراعظم Boris Johnson کو ہسپتال سے فارغ کرنے سے پہلے ان کا Covid-19 کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو کہ منفی آیا تھا۔ وہ روبصحت ہورہے ہیں اورChequers میں اپنی سرکاری رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔ (بی بی سی)
قائم مقام وزیراعظم Dominic Raab کا کہنا ہے کہ برطانیہ ابھی اس بحران کی انتہاء پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے انتظامات کی وجہ سے وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہورہی ہے۔ (بی بی سی)
برطانیہ میں اب تکCovid-19سے 11,329مریض جاں بحق ہوچکے ہیں۔ (بی بی سی)
امریکہ
نیویارک کے گورنر کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز ہونے والی 671 ہلاکتوں کے بعد نیویارک سٹیٹ میں Covid-19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعدا د10,056 ہوگئی ہے۔ (بی بی سی)
امریکہ کے جنگی بحری جہازUSS Theodore Roosevelt کا ایک کارکن Covid-19 سے ہونے والی پیچیدگیوں سےجاں بحق ہوا ہے۔ یہ اس جہاز کے عملہ میں ہونے والی پہلی ہلاکت ہے۔ (الجزیرہ)
John Hopkins University کے مطابق امریکہ میں اب تک Covid-19سے 22,116 مریض جاں بحق ہوچکے ہیں اور مریضوں کی کل تعداد 557,663 ہے۔Wyoming وہ واحد سٹیٹ ہے جس میں اب تک اس وائرس سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔ (سی این این)
جنوبی کوریا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درخواست پر امریکہ کو کورونا وائرس کی 60,000 ٹیسٹ کٹس بھجوائے گا۔ (الجزیرہ)
امریکہ اور کینیڈا میں بزرگ افراد کی دیکھ بھال کرنے والے چند اداروں کو ان الزامات پر تفتیش کاسامنا ہے کہ یہ ادارے کورونا وائرس سے متأثر بزرگ افراد کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کیئر ہومز کو اس الزام کا بھی سامنا ہے کہ یہاں کے منتظمین نے حکام سے، ان بزرگ افراد کے خاندانوں سے اور اپنے ہی سٹاف سے کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کو چھپایا۔ امریکہ کے ایک اولڈ ہوم میں اب تک 38؍افراد کی ہلاکت ہوئی ہے ۔اور کینیڈا کے ایک اولڈ ہوم میں 31؍افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔ (بی بی سی اردو)
کینیڈا
کینیڈا میں Covid-19سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 734؍ہوگئی ہے جبکہ مصدقہ مریضوں کی تعداد23,719 ہے۔ (الجزیرہ)
ایران
ایران میں Covid-19 سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4,500 سے تجاوز کرگئی ہے۔
پاکستان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں سے درخواست کی ہے کہ اس مشکل وقت میں وہ ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔ (ڈان)
سابقہ برطانوی کرکٹر کیون پیٹرسن اورشاہ محمود قریشی سمیت کئی وزراء نے غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان کے ریلیف فنڈ میں بڑھ چڑھ کر مدد کریں۔ (ڈان)
پاکستان نے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر اپنی بین الاقوامی سرحدوں کو مزید دو ہفتے کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ (VOAاردو)
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر ملک بھر میں ٹرین سروس کو یکم رمضان یعنی 25؍اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ (بی بی سی اردو)
پنجاب حکومت نے ایک نوٹس شائع کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن اور آئندہ دو ہفتوں کے دوران کوئی بھی مالک مکان کرائے کی عدم ادئیگی یا تاخیر سے ادائیگی کی بناء پر اپنے کرایہ دار کو زبردستی بے دخل نہیں کرسکتا۔ (بی بی سی اردو)
بھارت
بھارت میں Covid-19سے مزید35مریض جاں بحق ہوئے ہیں اور مجموعی تعداد 308ہوگئی ہے۔ بھارت کی وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 9,152ہوگئی ہے۔ اس وباء سے بھارت کے 364؍اضلاع متأثر ہیں۔ (VOAاردو)
500مرتبہ سوری
بھارت کی ریاست اترکھنڈ میں پولیس نےغیر ملکیوں سے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر500مرتبہI AM SORRY لکھوایا۔ یہ غیرملکی دریائے گنگا کے کنارے تفریح کررہے تھے۔(Punemirror)
انڈونیشیا
انڈونیشیا کے بڑے بڑے اسلامی مذہبی علماء نے مسلمانوں سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومت کی ہدایات پر عمل کریں اور رمضان کے مقدس مہینے کی عبادات کو گھروں تک محدود رکھیں۔ (الجزیرہ)
یورپ
یورپ کے تین ممالک اٹلی، فرانس اور سپین جو کہ Covid-19سے بری طرح متأثر ہیں، ان ممالک میں اموات کی شرح میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔ (الجزیرہ)
بیلجیئم
بیلجیئم میں روزانہ ہونے والی اموات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اس تعداد میں سوموار کے روز 303 کا اضافہ ہوا ہے۔ بیلجیئم میں Covid-19سے اب تک 3,903مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بیلجیئم میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 30,000سے زائد ہے۔ (بی بی سی)
سپین
سپین میں Covid-19سے گذشتہ روز کے مقابلہ میں کم اموات ہوئیں ہیں اور یہ تعداد 517رہی۔اسی طرح نئے مریضوں کی تعداد میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ سپین نے سخت حفاظتی ہدایات کے ساتھ تعمیرات اور فیکٹریوں کے کارکنان کو کام کی اجازت دی ہے۔ (بی بی سی)
سوئٹزرلینڈ
سوئٹزرلینڈ میں Covid-19کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 25,000سے تجاوز کرچکی ہے اور اب تک 885مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ (سی این این)
روس
روس میں ایک روز میں Covid-19 کے مریضوں میں 2,550 سے زائد کا اضافہ ہوا ہے جو کہ ایک دن میں ہونے والا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔ روس کے کل مصدقہ مریضوں18,328 میں سے قریباً 11,500 مریض روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہیں۔ روس میں اس مرض سے اب تک 148مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے روس کے اکثر علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن ہے۔ (بی بی سی)
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ دونوں ممالک میں کورونا وائرس کی شدت میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے لیکن دونوں ممالک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ابھی لاک ڈاؤن میں نرمی کرنا قبل ازوقت ہوگا۔(الجزیرہ)
نیوزی لینڈ میں Covid-19سے جاں بحق ہونے والوں کی تعدا د5ہوگئی ہے۔جبکہ نئے مریضوں میں 19کے اضافہ سے کل تعداد 1,349ہوگئی ہے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم Jacinda Arden نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کہا ہے کہ ان کے ایسا کرنے سے انفیکشن کے پھیلنے اور اس سے مزید اموات ہونے کا خطرہ ہے۔
برطانوی وزیراعظم نے اپنی دیکھ بھال پر ایک نیوزی لینڈ کی نرس Jennyکا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ہے۔ (بی بی سی)
مصر
مصر کی حکومت نے کورونا وائرس سے انتقال کرجانے والی ایک خاتون ڈاکٹر کی تدفین روکنے کے الزام میں گرفتار 23؍افراد کی حراست میں مزید پندرہ دن کی توسیع کی ہے تاکہ اس عرصہ کے دوران ان کے متعلق جاری تحقیقات مکمل کر لی جائیں۔ 64سالہ خاتون ڈاکٹر کی میت کو جب ان کے شوہر کے آبائی گاؤں لے جایا جارہاتھا تو گاؤں والوں نے اس بناء پر کہ اس سے گاؤں میں بھی وائرس پھیل سکتا ہے، گاؤں جانے والی سڑک بلاک کردی تھی اور ایمبولینس پر پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دیے تھے۔ (VOAاردو)
75,000ملازمین
Amazon کا کہنا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباء سے پیدا ہونے والی صورتحال کی وجہ سے گھریلو ضرورت اور دیگر اشیاء کی طلب میں اضافہ کی وجہ سے 75,000 مزید ملازمین کو جاب دیں گے۔ (سی این این)
20بلین ڈالر کا امدادی پیکج
ایشین ڈیویلپمنٹ بنک نے ایشیا کے ترقی پذیر ممالک کے لئے20 بلین ڈالر کے ایک امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ (ڈان)
اونٹنی کا دودھ
انڈیا کےایک شہری نے وزیراعظم نریندرا مودی سے ایک ٹویٹ کے ذریعہ درخواست کی تھی کہ ان کا بچہ بیمار ہے اور اس کی غذا کا اہم حصہ اونٹنی کا دودھ ہے جس کی اسے ضرورت ہے۔انڈیا ریلوے نے شہری کی درخواست سنتے ہوئےاسے20لیٹر اونٹنی کا دودھ اس کے گھر بھجوادیا۔ (سی این این)
دودھ کا ضیاع
دنیا بھر میں کیفے اور چائے خانے بند ہونے سے دودھ کا استعمال کم ہوگیا ہے۔ امریکی ڈیری فارموں کے مالکان کے مطابق انھیں سپلائی میں کمی کی وجہ سے 37لاکھ گیلن دودھ یومیہ ضائع کرنا پڑ رہا ہے۔ برطانیہ میں ہر ہفتے 50لاکھ لیٹر دودھ ضائع ہورہا ہے۔نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پولٹری فارم کے کاروبار سے وابستہ ایک شخص کا کہنا ہے کہ وہ ہر ہفتے ساڑھے سات لاکھ انڈے ضائع کررہے ہیں۔(بی بی سی اردو)
وہ ممالک جو ابھی تک کورونا وائرس سے محفوظ ہیں
کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال میں ہیومینٹی فرسٹ سویڈن اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش
کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل میں عوام کی مدد کےلئےدنیا بھر میں فلاحی تنظیمیں اپنی خدمات مختلف رنگ میں پیش کر رہی ہیں۔ سویڈن میں بھی اس وباء کی وجہ سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ جہاں 10 ہزار سے زائد لوگ اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً 900 ؍افراد کی وفات ہوئی ہے۔ اس صورتحال میں ہسپتالوں پر بہت دباؤ ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں کے عملہ کو دن رات مریضوں کی دیکھ بھال کرنی پڑ رہی ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہیومینٹی فرسٹ سویڈن اور خدام الاحمدیہ سویڈن نے ملک بھر میں اپنی ہیلپ سروسز کا آغاز کیا ۔
مختلف ریسٹورانٹس اور گروسری کی دوکانوں سے رابطہ کیا گیا اور ان سے ہسپتال کےعملے کے لیے، غربا کے لیے پکے ہوئے کھانے اور راشن کی مفت سپلائی کی درخواست کی گئی۔ اس مشکل وقت میں بہت سے ریسٹورانٹس اور گروسری کی دوکانوں نے اس تحریک پر مفت کھانا اور گروسری مہیا کی۔
ہیومینٹی فرسٹ کے رضاکاروں نے ملک کے مختلف ہسپتالوں کے عملے کو مفت کھانا مہیا کیا۔ اسی طرح غربا کو کھانا اور راشن پہنچایا گیا۔ بعض شہروں میں خدام الاحمدیہ سویڈن نے خود کھانا پکا کر بھی ہپستال کو سپلائی کیا۔
ہیومینٹی فرسٹ سویڈن نے ملک میں بعض فعال تنظیموں کے ساتھ مل کر بھی غربا کو کھانا مہیا کیا اور اس طرح رضاکاروں نے شہر میں موجود مختلف جگہوں پر غریب لوگوں تک کھانا پہنچایا ۔
کورونا وائرس کی اس صورتحال میں ایک بہت بڑا مسئلہ صحیح معلومات تک رسائی بھی ہے جس کے لیے ہیومینٹی فرسٹ سویڈ ن نے ایک ہیلپ لائن کا بھی آغاز کیا ہے جس پر مستند معلومات لوگوں تک پہنچائی جا تی ہیں تاکہ لوگوں میں بیماری کے بارے میں معلومات بڑھیں اور لوگوں کو پتا چلے کہ انہوں نے اپنے آپ کو اور دوسروں کو اس بیماری سے کیسے محفوظ رکھنا ہے۔
سوشل میڈیا کے ذریعہ اس ہیلپ لائن اور ہیومینٹی فرسٹ کے دوسرے پروجیکٹس کے بارے میں معلومات بھی شئیر کی جارہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ معلومات پہنچ سکیں اور اس طرح کوئی بھی ضرورت مند مد د سے محروم نہ رہے اور ساتھ ہی ہیومینٹی فرسٹ کو مزید رضاکار بھی دستیاب ہو سکیں۔
اللہ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ کے کام کو بہت سراہا جا رہا ہے جس سے رضاکاروں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اس مشکل وقت میں اپنی سوسائٹی کی مدد کے لیے ہر دم تیار ہیں۔
ہیومینٹی فرسٹ سویڈن کے خدمت خلق کے نظارے چند اعداد و شمار کی شکل میں:
(22 مارچ تا 12 ؍اپریل )
٭…28 ہسپتالوں کے دورے
٭…30شیلٹر ہومز کے دورے
٭…2300 سے زائد لوگوں کو کھانا دیا گیا ۔ (یہ کھانا ہسپتالوں کے عملے، شیلٹر ہومز میں رہنے والوں اور بے گھر لوگوں میں تقسیم کیا گیا)
٭…18 لٹر ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کیا گیا
٭…310 گھنٹے کام کیا گیا
٭…15 بوڑھے لوگوں کے گھروں میں مدد کی گئی
٭…3 نئے پارٹنرز کے ساتھ کام کیاگیا۔ 10 نئے رضاکاروں نے کام شروع کیا (رپورٹ: رضوان افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سویڈن)
(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ سیرا لیون)