عالمی خبریں

کورونا وائرس سے پیدا شدہ دنیا کے ہنگامی حالات میں جماعت ہائے احمدیہ عالم گیر کی جانب سے بے لوث خدمتِ خلق کے نظارے

انڈونیشیا کے جزیرہ سماٹرا میں خدمت خلق کی مہم

جماعت احمدیہ سینگ کوٹ جامبی ریجن کو جو جزیرہ سماٹرا میں واقع ہے مقامی تحصیلدار اور ان کی ٹیم کے ہمراہ ایک خدمت خلق کا پروگرام منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ مورخہ 08؍مارچ 2020ء بروز اتوار کو احباب جماعت گہرے نیلے رنگ کی وردی پہن کر(کلین دی سٹی کے لیے)صبح نو بجے کے قریب تحصیلدار صاحب کے دفتر کے سامنے جمع ہو گئے۔ ماسک پہن کر اور سماجی دوری کا التزام کرتے ہوئے تحصیلدار صاحب کے زیرِ قیادت یہ پروگرام شروع ہوا۔

لوکل مربی سلسلہ مکرم عبد الباسط نجم احمد صاحب نے بتایا کہ ہماری جماعت پہلے سے ہی اس کورونا وائرس کے روک تھام کے لیے حسب توفیق خدمت خلق کا کام کر رہی تھی۔ اس مرتبہ کام کو مزید وسعت دینے کی غرض سے مقامی تحصیل دار صاحب کے ساتھ مل کر کام کیا گیا۔ چنانچہ گاؤ ں بھر میں ڈس انفیکٹنٹ سپرے کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس بار تقریباً 160 مکانات یعنی نوّے فیصد آبادی، 9 مساجد، 2 چرچز، تحصیل کا دفتر اور ضلع کے ہسپتال میں جراثیم کش سپرے کیا گیا۔ احباب جماعت نے صبح سے شام 5 بجے تک اس مہم میں بھر پور حصہ لیا۔ فالحمد للّٰہ علیٰ ذلک۔

اس کام کے دوران تحصیلدار کے علاوہ ڈپٹی تحصیلدار، ریوینیو انسپکٹر، تحصیل کے تعینات ڈاکٹرز، 30 سرکردہ شخصیات وغیرہ بھی شامل ہوئے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ تحصیلدار صاحب نے کئی بار اس بات کا ظہار کیا کہ تمام رضاکاران کا خاص کر جماعت احمدیہ کی ٹیم کے وہ تہ دل سے مشکور ہیں۔

(رپورٹ: فضل عمر فاروق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل انڈونیشیا)

سویڈن

کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورت حال میں ہیومینٹی فرسٹ سویڈن اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل میں عوام کی مدد کےلیےدنیا بھر میں فلاحی تنظیمیں اپنی خدمات مختلف رنگ میں پیش کر رہی ہیں۔ سویڈن بھی اس وبا کی وجہ سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ جہاں 10 ہزار سے زائد لوگ اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور تقریباً 900 ؍ افراد کی وفات ہوئی ہے۔ اس صورت حال میں ہسپتالوں پر بہت دباؤ ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں کے عملہ کو دن رات مریضوں کی دیکھ بھال کرنی پڑ رہی ہے۔ اس صورت حال کو دیکھتے ہوئے ہیومینٹی فرسٹ سویڈن اور خدام الاحمدیہ سویڈن نے ملک بھر میں اپنی ہیلپ سروسز کا آغاز کیا ۔

مختلف ریسٹورنٹس اور گروسری کی دوکانوں سے رابطہ کیا گیا اور ان سے ہسپتال کےعملے کے لیے، غربا کے لیے پکے ہوئے کھانے اور راشن کی مفت سپلائی کی درخواست کی گئی۔ اس مشکل وقت میں بہت سے ریسٹورنٹس اور گروسری کی دکانوں نے اس تحریک پر مفت کھانا اور گروسری مہیا کی۔

ہیومینٹی فرسٹ کے رضاکاروں نے ملک کے مختلف ہسپتالوں کے عملے کو مفت کھانا مہیا کیا۔ اسی طرح غربا کو کھانا اور راشن پہنچایا گیا۔ بعض شہروں میں خدام الاحمدیہ سویڈن نے خود کھانا پکا کر بھی ہسپتال کو سپلائی کیا۔

ہیومینٹی فرسٹ سویڈن نے ملک میں بعض فعال تنظیموں کے ساتھ مل کر بھی غربا کو کھانا مہیا کیا اور اس طرح رضاکاروں نے شہر میں موجود مختلف جگہوں پر غریب لوگوں تک کھانا پہنچایا ۔
کورونا وائرس کی اس صورت حال میں ایک بہت بڑا مسئلہ صحیح معلومات تک رسائی بھی ہے جس کے لیے ہیومینٹی فرسٹ سویڈ ن نے ایک ہیلپ لائن کا بھی آغاز کیا ہے جس پر مستند معلومات لوگوں تک پہنچائی جا تی ہیں تاکہ لوگوں میں بیماری کے بارے میں معلومات بڑھیں اور لوگوں کو پتا چلے کہ انہوں نے اپنے آپ کو اور دوسروں کو اس بیماری سے کیسے محفوظ رکھنا ہے۔
سوشل میڈیا کے ذریعہ اس ہیلپ لائن اور ہیومینٹی فرسٹ کے دوسرے پروجیکٹس کے بارے میں معلومات بھی شئیر کی جارہی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ معلومات پہنچ سکیں اور اس طرح کوئی بھی ضرورت مند مد د سے محروم نہ رہے اور ساتھ ہی ہیومینٹی فرسٹ کو مزید رضاکار بھی دستیاب ہو سکیں۔

اللہ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ کے کام کو بہت سراہا جا رہا ہے جس سے رضاکاروں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اس مشکل وقت میں اپنی سوسائٹی کی مدد کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

ہیومینٹی فرسٹ سویڈن کے خدمت خلق کے نظارے چند اعداد و شمار کی شکل میں:

(22 مارچ تا 12 ؍اپریل )

٭…28 ہسپتالوں کے دورے

٭…30شیلٹر ہومز کے دورے

٭…2300 سے زائد لوگوں کو کھانا دیا گیا ۔ (یہ کھانا ہسپتالوں کے عملے، شیلٹر ہومز میں رہنے والوں اور بے گھر لوگوں میں تقسیم کیا گیا)۔

٭…18 لٹر ہینڈ سینیٹائزر تقسیم کیا گیا

٭…310 گھنٹے کام کیا گیا

٭…15 بوڑھے لوگوں کے گھروں میں مدد کی گئی

٭…3 نئے پارٹنرز کے ساتھ کام کیاگیا۔ 10نئے رضاکاروں نے کام شروع کیا۔

(رضوان افضل ۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل )

ارجنٹائن

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ09؍اپریل کو جماعت ارجنٹائن کو خدمتِ خلق کے طور پر Buenos Aires شہر کے ایک غریب محلہ کے 100؍افراد کو کھانا تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔ Corona Virus کی وجہ سے مورخہ 22 ؍مارچ سے 26 ؍اپریل تک مکمل lockdown جاری کردیا گیا ہے ۔

افرادِ جماعت اور زیرِ تبلیغ افراد کے لیے فی الحال درس و تدریس اور کلاسز کا سلسلہ آن لائن جاری ہے اور روزانہ اس کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔

(رپورٹ:مروان سرور گِل ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button