کونگوکنشاسا میں مبلغین، معلمین و لوکل مشنریز کا چوتھا ریفریشر کورس
جماعت احمدیہ کونگو کنشاسا کو بفضلہ تعالیٰ مورخہ 6؍ تا 12؍مارچ 2020ء اپنا چوتھا ریفریشر کورس برائے مبلغین و معلمین و لوکل مشنریز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذالک۔ یہ پروگرام کنشاسا میں واقع مرکزی مسجد و مشن ہاؤس(بیت الاحد Barumbu)میں منعقد ہوا۔
اس کورس میں ملک کے مغربی حصہ کے مندرجہ ذیل ریجنز کے29 مبلغین ومعلمین و لوکل مشنریز نے شرکت کی۔
Kinshasa, Mbanza-Ngungu, Matadi, Boma, Kikwit اورBandundu۔
اس کورس کا آغاز مؤرخہ 6؍مارچ2020ء بروز جمعۃ المبارک کو ہوا۔ افتتاحی تقریب میں تلاوت و نظم کے بعد مکرم فرید احمد بھٹی صاحب نے ریفریشر کورس سے متعلق حضور انورکی ہدایات پڑھ کر سنائیں اور آخر پر مکرم خالد محمود شاہد صاحب امیر و مبلغ انچارج کونگو کنشاسا نے تقریر کی اور اس ریفریشر کورس کا مقصدبیان کیا اور اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی نصیحت کی۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔
مورخہ 7؍تا 11؍ مارچ2020ء حسب ذیل پروگرام کے مطابق ریفریشر کورس جاری رہا۔ دن کا آغازاجتماعی نماز تہجد سے ہوتا رہا۔ جس کے بعد فجر کی نماز ادا کی جاتی رہی۔ نماز کے بعد‘‘کشتی نوح ’’کے فرنچ ترجمہ سے درس ہوتا جومکرم جعفر Ndukuteصاحب دیتے۔
اس کے بعد تیاری اور ناشتہ وغیرہ کے لیے وقفہ ہوتا۔ ساڑھے نو بجے پروگرام کا آغاز ہوتا۔ تلاوت ترجمہ اور تفسیر مکرم جعفرNdukuteپیش کرتے۔ اس کے بعد 4گروپس میں تقسیم کر کے تمام شاملین کوتجوید و ترتیل القرآن پر دو گھنٹہ کی کلاس کروائی جاتی رہی۔ اس کے بعد لیکچرز کا سلسلہ شروع ہوتا۔
اس تمام عرصہ میں پروگرام کے مطابق مندرجہ ذیل لیکچرز ہوئے۔
1۔ عیسائیت کے عقائد اور ان کا ردّ۔ مکرم فرہاد احمد کاہلوں صاحب۔
2۔ تردید حیات مسیح،وفات مسیح ازروئے قرآن و حدیث۔ مکرم رضوان احمد مجوکہ صاحب۔
3۔ فیضان ختم نبوت۔ مکرم فرید احمد بھٹی صاحب
4۔ صداقت حضرت مسیح موعود ؑاز روئے قرآن شریف۔ مکرم عطاء القیوم صاحب۔
5۔ حضرت محمدﷺاور حضرت موسیٰؑ،حضرت عیسیٰؑ اور حضرت مسیح موعودؑ کے درمیان مماثلتیں۔ مکرم ریاض احمد خان صاحب۔
6۔ جماعت کا مالی نظام ۔ مکرم موسیٰ لیلےصاحب
7۔ فقہ المسیح (لیکچرز کی صورت میں حصہ عبادات کا بیان)۔ (خاکسار)۔
یہ لیکچرز دوپہر ایک بجے تک جاری رہتے۔ ایک بجے تا سوا ایک نماز ظہر ادا کی جاتی اور پھر دو بجے تک لیکچر ہوتا۔ دو بجے تا چار بجے وقفہ ہوتاجس میں کھانا و مختصر قیلولہ و نماز عصرکی ادائیگی ہوتی۔ چار تا پانچ بجے پھر لیکچر ہوتا اور پانچ تا ساڑھے چھ بجے مکرم امیر صاحب نے نظام ِخلافت احمدیہ اور نظام جماعت سے متعلق لیکچرز دیے۔
ساڑھے چھ بجے نماز مغرب و عشاء جمع کر کے ادا کی جاتیں۔ اس کے بعد رسالہ الوصیت کے فرنچ ترجمہ کا درس ہوتا۔ درس کے بعد شام کا کھانا ہوتا اور اس طرح دن کا اختتام ہوتا۔
مورخہ12؍مارچ کو ریجن وارتمام شاملین کی مکرم امیر صاحب کے ساتھ اجتماعی تصاویر ہوئیں۔ جس کے بعد ایک طویل میٹنگ ہوئی جس میں سال کے دیگر پروگرامز کی منصوبہ بندی کے حوالہ سے تفصیلی ہدایات دی گئیں۔ اس میٹنگ کے اختتام کے ساتھ ہی کونگو کنشاسا میں منعقد ہونے والے چوتھے ریفریشر کورس مبلیغین و معلمین و لوکل مشنریز کا اختتام ہوا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ان تمام مساعی کو مثمر بثمرات حسنہ بنائے آمین۔