کورونا وائرس کے دوران مجلس انصاراللہ جرمنی کی کارکردگی
جب سے دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں آئی ہے اس کےاثرات نظامِ زندگی پر بُری طرح اثر انداز ہوئے ہیں۔ ہر ملک کی حکومت نے اپنے شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ترغیب بھی دلائی ہے۔ خصوصاً بوڑھے اور عمر رسیدہ افراد کی مدد کے لیےاپیلیں کی گئی ہیں۔ جماعتِ احمدیہ کو بھی کہ جس کا طرۂ امتیاز ہمیشہ سے انسانیت کی خدمت رہاہے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبات میں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور معاشرہ میں ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی طرف توجہ دلائی تھی۔ چنانچہ حضور انور کی زیر ِہدایت نیشنل سطح پر National Ansar help & care committee قائم کردی گئی۔ اسی طرح علاقہ، زون کی سطح پر بھی اسی طرز پر کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا۔ یاد رہے کہ مجلس انصاراللہ جرمنی 272 مجالس، 40 زون اور دس علاقائی مجالس پر مشتمل ہے۔ جرمنی میں انصار کی کل تعداد 7068 ہے۔
ان کمیٹیوں کے قیام کا مقصد ضرورت مند انصار کے علاوہ دوسری قومیتوں سے تعلق رکھنے والے بے گھر اور ضرورت مند افراد کو ہنگامی بنیادوں پر مدد فراہم کرنا ہے۔چنانچہ اس سلسلہ میں درج ذیل فوری اقدامات اٹھائے گئے۔
1۔ دفتر انصاراللہ میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کا قیام۔
2۔ مرکزی سطح پر ہاٹ لائن کا قیام۔
3۔ علاقائی نائب ناظم صفِ دوم اور ناظم ایثار کے ساتھ ہفتے میں دو بار ویڈیو کانفرنس کی صورت میں رابطہ۔
4۔ احمدی ڈاکٹر ز کی تنظیم MAMO کے تعاون سے زون کی سطح پر ٹیلیفون کانفرنس کے ذریعہ انصار کو کو رونا وائرس سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ اب تک 1200 سے زائدانصار اس سے استفادہ کر چکے ہیں۔
5۔ جن انصار کے پاس کورونا وائرس سے بچاؤ کی ہومیوپیتھک ادویات موجود نہیں ان کو وہ ادویات ان کے گھروں میں پہنچائی جا رہی ہیں۔
6۔ اب تک 2131 انصارکی سوداسلف اور ادویات لانے میں مدد کی گئی۔
7۔ 60 سال سے زائد عمر کے 1897 انصار کو مجلس کے مرکز کی طرف سے سینی ٹائزر، ماسک، وٹامن سی اور ٹشو پیپر پر مشتمل پیکٹ بطور تحفہ بھجوایا گیا۔
8۔ 2936مختلف قومیتوں کے لوگوں کی مختلف طریق پر مدد کی گئی۔
9۔ اب تک 560 بے گھر افراد میں فوڈ پیکیٹ تقسیم کیے جاچکے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ ان افراد میں زیادہ تر لوگوں کا تعلق جرمن قومیت سے ہے۔
10۔ مجالس کی سطح پر غیراز جماعت افراد میں کافی تعداد میں ماسک تقسیم کیے جا چکے ہیں اور ضرورت مندوں کے لیے خدمتِ خلق کی یہ سروس اب بھی جاری ہے۔
11۔ انصار نیوز کے ذریعہ ملکی اخبارات اور جماعتی سطح پر موصول ہونے والی احتیاطی تدابیر سے انصار کو آگاہ کیا جارہا ہے۔
12۔ گھروں میں ہلکی پھلکی ورزش کرنے کے طریق اور خوراک کا خیال رکھنے سے متعلق معلوماتی ویڈیوز تیار کرکے انصار کو واٹس ایپ کے ذریعے بھجوائی جا رہی ہیں۔
13۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی کتاب ‘ورزش کے زینے’سے کچھ اہم نکات انصار کو بھجوائے جا رہے ہیں۔
14۔ مکرم مبارک احمد شاہدصدر مجلس انصاراللہ تمام مجالس کے ساتھ رابطے میں رہ کر کام کی عمومی نگرانی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔
(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)