Covid-19 بلیٹن (نمبر 80، 16؍ جون 2020ء)
چائنا کے دارالحکومت بیجنگ میں پھر سے کورونا وائرس کے کیسز منظرِ عام پر
80لاکھ سے زائد مریض۔
dexamethasoneنے زندگیاں بچائیں۔
چین کے اقدامات امریکہ سے بہتر تھے
یوکرائن کی خاتونِ اول ہسپتال میں داخل
۔بھارت اور چین کی سرحدی چھڑپ میں ہلاکتیں۔
پاکستان میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد کیسز
چین نے پاکستان کو مہیا کیے ماسک
مفت چاول دینے والی ATMمشین
شمالی کوریا نے رابطہ گھر تباہ کردیا
افغانستان بچوں کے لئے خطرناک ہے
امریکہ میں Hydroxychloroquinکے استعمال کی اجازت واپس لے لی گئی
میکسیکو اورچلی میں کیسز اوراموات میں اضافہ
تنزانیہ میں سب معمول پر آرہا ہے
150ہاتھی کیسے مرے؟
نیوزی لینڈ میں پھر کورونا کے مریض
یوایس اوپن اپنے شیڈول کے مطابق ہو گا
میں بھی ریٹائرمنٹ نہیں لوں گا
Worldometers.infoکی طرف سے جاری کئےگئے اعداد و شمار کے مطابق تمام دنیا میں اب تک کے کنفرمڈ کیسز کی تعداد 8,190,687؍ ہےاور اس وبا کے نتیجہ میں وفات پانے والے442,747؍ ہیں جبکہ 4,270,787؍افراد Covid-19 میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ذیل میں بعض ممالک کی ایک مختصر فہرست دی جا رہی ہے جو کہ اس وائرس سے زیادہ متاثر ہیں۔
(www.worldometers.info)
(ویب سائٹ پر نظر آنے والایہ چارٹ اوپر دئے گئے وقت اور دن کے مطابق آپ کو تازہ ترین اعدادوشمار بتا رہا ہے۔)
John Hopkins Universityکے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ (الجزیرہ)
چائنا کے دارالحکومت بیجنگ میں گذشتہ پانچ روز کے دوران ایک سو کے قریب کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی اس تازہ لہر کی وجہ سے حکومتی انتظامیہ نے تمام پرائمری و سیکنڈری سکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یونورسٹی آف آکسفورڈ کے تحت کئے گئے ایک ٹرائل سے پتہ چلا ہے کہ قوت بخش دوا dexamethasone کے استعمال سے Covid-19 کے شدید بیمارمریضوں میں سے ایک تہائی کی زندگی بچائی گئی۔ یہ آسانی سے میسرآجانے والی دوا 2,000 مریضوں پر استعمال کی گئی۔ (الجزیرہ)
53 ممالک میں 120,000 سے زائد لوگوں سے کئے گئے ایک سروے کے مطابق 60 فیصد لوگوں کے خیال میں چین نے کورونا وائرس کے خلاف امریکہ سے بہتر اقدامات کئے۔ (ڈان)
یورپ
یوکرائن
یوکرائن کی خاتون اول Olena Zelensky کا گزشتہ دنوں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ گزشتہ روز انھیں علاج کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ان کا علاج چل رہا ہے اور حالت بہتر بتائی جارہی ہے۔ (بی بی سی)
ایشیا
بھارت کی فوج کا کہنا ہے کہ پیر کی شب چینی فوج کے ساتھ وادیٔ گلوان میں ہونے والی ایک سرحدی چھڑپ میں ایک افسر سمیت تین بھارتی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ جبکہ چینی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے سرحد عبور کرکے حملہ کیا تھا۔ چین اور بھارت کی متنازع سرحد پر کسی جھڑپ میں ہلاکت کا کم ازکم 45 سال میں یہ پہلا واقعہ ہے۔ مختلف مقامات پر دونوں ممالک کی جانب سے فوج میں اضافہ دیکھا جارہا۔ (بی بی سی)
پاکستان
پاکستان میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 150,000سے تجاوز کرگئی ہے۔ سندھ اور پنجاب ہر دو میں پچاس ہزار سے زائد کیسز ہوئے ہیں۔ (ڈان)
چین نے کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے پاکستان کو 90,000 کی تعداد میں N95 ماسک فراہم کئے ہیں۔ ( بی بی سی اردو)
ویتنام
ویتنام کے ایک بزنس مین Hoang Tuan Anh نے ملک بھر میں اے ٹی ایم کی طرح کی مشینیں نصب کروائی ہیں جن کے ذریعے وہ غریب لوگوں کو چاول مفت فراہم کرتے ہیں۔ ایک بار بٹن دبانے پر یہ مشین ڈیڑھ کلو چاول فراہم کرتی ہے۔ اب تک وہ اس طرح 3,000 ٹن سے زائد چاول غریب لوگوں میں تقسیم کرچکے ہیں۔ (بی بی سی)
شمالی کوریا
شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کہ ساتھ ایک رابطہ گھر کو دھماکے سے اڑا دیا ہے۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے جنوبی کوریا سے رابطہ بالکل ختم کردیا تھا۔ شاملی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن کم یوجونگ نے گزشتہ ہفتے اس دفتر کوتباہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ (بی بی سی اردو)
افغانستان
اقوام متحدہ نے افغانستان کو ملک میں جاری خانہ جنگی کے باعث مسلسل پانچویں سال بھی بچوں کے لئے خطرناک ترین ملک قرار دیا ہے۔ مسلح تنازعات میں گزشتہ سال یہاں 3,000 سے زائد بچے مارے گئے تھے اور اتنے ہی زخمی ہونے کے بعد ہمیشہ کے لئے معذور ہوگئے تھے۔ (VOAاردو)
قطر
قطر میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مساجد، مالز اور پارکس کھول دئے گئے ہیں۔
امریکہ
امریکہ کے خوراک اور ادویات کے ادارے نے Hydroxychloroquin کے کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے ایمرجنسی استعمال کی اجازت واپس لے لی ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ طبی تجربات سے یہ پتہ چلا ہے کہ یہ کورونا وائرس کے خلاف مؤثر نہیں ہے۔ (بی بی سی)
امریکی کانگرس کی مسلمان رکن الہان عمر نے ایک ٹویٹ کے ذریعے بتایا ہے کہ ان کے والد نور عمر محمدکورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔
امریکی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف 15سی پیر کی صبح یورپ کے شمال میں واقع بحیرہ شمال میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ طیارے کا ملبہ مل گیا ہے اور پائلٹ کی میت بھی حاصل کر لی گئی ہے۔ (بی بی سی اردو)
میکسیکو
میکسیکو میں گزشتہ روز 3,427 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔اس طرح اب تک وہاںکے مصدقہ کیسز کی تعداد 150,000سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک 17,580؍اموات ہوچکی ہیں۔ (ڈان)
چلی
چلی نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ملک میں ہنگامی حالت میں مزید تین ماہ کا اضافہ کردیا ہے۔ اب تک یہاں 180,000سے زائد کیسز اور 3,300؍اموات ہوئی ہیں۔ (بی بی سی)
افریقہ
افریقہ کے بیماریوں کے روک تھام اور بچاؤ کے ادارے کے مطابق اس وقت افریقہ میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 251,866 ہے اور 6,769 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ (الجزیرہ)
تنزانیہ کے صدر John Magufuli نے حکم دیا ہے کہ ہر لیول کے سکول 29 جون سے دوبارہ کھول دئے جائیں۔ انھوں نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ ہر قسم کی سماجی اور معاشی سرگرمیاں جو کورونا وائرس کی وجہ سے روک دی گئی تھیں معمول پر لائی جائیں۔ (بی بی سی افریقہ)
گنی کناکری کے صدر Alpha Conde نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے لئے لگائی گئی بعض پابندیاں کم کی جارہی ہیں۔ 28؍جون سے ان علاقوں میں عبادت گاہیں کھولی جارہی ہیں جہاں کوئی انفیکشن رپورٹ نہیں ہوا۔ سکولوں کے طلباء جن کے امتحانات ہیں اور یونیورسٹی کے طلباء 29؍جون سے پڑھائی دوبارہ شروع کریں گے۔ (بی بی سی افریقہ)
یوگینڈا کے ایلیکٹورل کمیشن نے کورونا وائرس کی وجہ سے الیکشن سے قبل بڑی ریلیوں پر پابندی عائد کی ہے اورامیدواروں سے کہا ہے کہ وہ وہ اپنی الیکشن مہم سوشل میڈیا کے ذریعے سے چلائیں۔ الیکشن نئے سال کے آغاز پر جنوری میں ہوں گے۔ (بی بی سی افریقہ)
کینیا کی انتظامیہ اس بات کی تحقیق کررہی ہے کہ Covid-19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے چینی حکومت کی طرف سے دی گئی دو ملین ڈالر کی حفاظتی طبی سامان کی سپلائی کہاں گئی۔ ایک ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایک پرائیوٹ کمپنی نے یہ سامان کینیا پہنچنے پر وصول کیا تھا۔ (بی بی سی افریقہ)
عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ جنوبی سوڈان کے پناہ گزین کیمپوں میں سانس کی بیماری سے متعلق ہونے والی اموات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ (بی بی سی افریقہ)
بوٹسوانہ کے وائلڈ لائف آفیشل اس بات کی تحقیقات کررہے ہیں کہ کیا وجہ بنی کہ Okavango ریجن میں گزشتہ دو ماہ کے دوران 150سے زائد ہاتھی ہلاک ہو گئے۔ (بی بی سی افریقہ)
نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ میں 24 روز کے بعد کورونا وائرس کے دو نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ یہ دو خواتین حال ہی میں برطانیہ سے ایک جنازے میں شرکت کے لئے وہاں پہنچی تھیں ۔ (ڈان)
ٹینس
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق حکومت کی اجازت کے بعد یوایس ٹینس اوپن اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق اگست ستمبر میں ہی ہوگا۔ (ڈان)
کرکٹ
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اور سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ اگر رواں سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ نہ ہوا تو وہ اپنی ریٹائرمنٹ کی تاریخ کو آگے بڑھا دیں گے۔ (VOAاردو)
کرکٹ بورڈ آسٹریلیا کے چیئر مین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے اس سال T20 کے ورلڈ کپ کا انعقاد مشکل لگ رہا ہے۔ ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں کھیلا جانا ہے۔(بی بی سی)
امریکی فٹ بال
NFL کے کمشنر نے کہا ہے کہ وہ کلبوں کی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ Colin Kaepernick کو اپنی ٹیموں میں شامل کریں۔ میچوں سے پہلے امریکی ترانے کے وقت نسلی تعصب کے خلاف گھٹنا لگانے کی روایت انھوں نے ہی شروع کی تھی۔ فٹ بال لیگ نے کھلاڑیوں کو اس طرح احتجاج کرنے سے منع کردیا تھا۔ اب لیگ کا کہنا ہے کہ وہ غلطی پر تھے۔ (بی بی سی)
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ سیرالیون)