فِن لینڈ (Finland) میں حصولِ تعلیم
تعارف
اس مضمون کا مقصد اُن طلباء کو معلومات فراہم کرنا ہے جو کہ تعلیم کے حصول کے لیے فن لینڈ آنا چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ حالیہ تحقیق کے مطابق فن لینڈ کا نظامِ تعلیم دنیابھر میں خصوصی اہمیت کا حامل ہےجس کی بنیادی وجہ یہاں کے تعلیمی نظام میں طلباء پر خصوصی توجّہ ہے۔ فن لینڈ اُن چند ممالک میں سے ایک ہے جہاں پر سکول کا مقصد تعلیم کے فروغ سے بڑھ کر بچوں کی فلاح ہے۔
فن لینڈ مشرقی یورپ میں واقع ہے جس کا دارالحکومت ہیلسنکی (Helsinki)ہے۔ سرکاری زبان فینش اور سویڈش ہے۔ اچھے تعلیمی نظام کے علاوہ یہاں کی وجہ شہرت کم ترین کرپشن، امن اور تحفّظ، فلاحی نظام اور عورتوں کے حقوق کا تحفظ بھی ہے۔
حصہ اوّل
ثانوی تعلیم (upper secondary) کے بعد طلباء کے پاس یونیورسٹی یا پھر پولی ٹیکنک اداروں میں جانے کا اختیار ہوتا ہے۔ جس میں مضامین کے انتخاب کی کوئی بھی سابقہ شرط نہیں ہوتی اس لیے طلباء کسی بھی موقع پر پڑھائی کا رُخ موڑ سکتے ہیں۔ اس سطح کی تعلیم کو بیچلر ڈگری بھی کہا جاتا ہے۔ اس ڈگری کی تکمیل کے لیے ساڑھے تین تا ساڑھے چار سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔ اس کے بعد ماسٹرز ڈگری بھی یونیورسٹی اور پولی ٹیکنک کے درمیان منقسم ہوتی ہے لیکن پولی ٹیکنک ادارے میں داخلہ سے قبل تین سال کام کا تجربہ لازمی ہوتا ہے۔ اور آخر میں اعلیٰ معیار کی تعلیم، پی ایچ ڈی۔ بھی اکثر ادارہ جات کروا رہے ہیں۔
ووکیشنل تعلیم، جو کہ زیادہ تر ڈپلومہ جات پر مشتمل ہوتی ہے، کا تعلّق عملی تعلیم سے ہوتا ہے۔ مثلاً بزنس ایڈمنسٹریشن، ٹیلی کمیونیکیشن اور سیاحت یا ہوٹل سروسز۔ 24کے قریب یونیورسٹیز پولی ٹیکنیک تعلیم فراہم کرتی ہیں جن کی تعلیم کی نوعیت زیادہ پریکٹیکل ہوتی ہے۔ جیسا کہ اوپر بتایا گیا ہے دونوں (بیچلر اور ماسٹر ڈگری) ان اداروں میں فراہم کی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ یونیورسٹی تعلیم فراہم کرنے کے لیے 14 ادارے ہیں۔ جن کی تعلیم کی نوعیت ریسرچ کی ہوتی ہے۔
ووکیشنل تعلیم کے لیے اپلائڈ سائنس یونیورسٹی جبکہ ریسرچ بنیاد کی تعلیم کے لیے یونیورسٹی کا انتخاب کریں۔
بیچلر ڈگری پروگرام
500سے زائد پروگرام ہر سال بیچلرمیں داخلے کی پیش کش کرتے ہیں جس میں انگلش اور فینش زبان کے مضامین شامل ہیں۔ آپ اپنی پسند کا شعبہ تلاش کر سکتے ہیں، نیز داخلہ کی شرائط اور وقت سے متعلّق معلومات بھی مہیّا ہیں۔ یہ تمام داخلہ جات اپلائڈ سائنسز کی یونیورسٹیز میں ہوتے ہیں۔
داخلہ کی شرائط
جیسا کہ بیان کیا گیاانگریزی میں زیادہ تر پروگرام اپلائڈ سائنسز کی یونیورسٹیز کی طرف سے پیش ہوتے ہیں۔ سائنس کے بہت کم مضامین انگریزی میں بیچلرڈگری کرواتے ہیں۔ جس کی عام شرائط ذیل میں ہیں۔
سابقہ تعلیم
انٹرمیڈئیٹ، ایف اے۔ (بارہ سال کی پڑھائی)
انگریزی زبان کا کوئی بھی امتحان جس کی شرط مختلف ادارہ جات کے لیے مختلف ہوتی ہیں لیکن کم از کم:
IELTS 6.0
bands TOEFEL score of 79 to 92
اس کے ساتھ یونیورسٹی کا اپنا داخلے کا امتحان بھی پاس کرنا ہوتا ہے۔ جس کے علاوہ موٹیویشن (motivation)اورذاتی قابلیت کا اظہار اور مزید کاغذات کی ضرورت ہوتی ہےجو آپ کے موجودہ تعلیمی معیار کو مزید اُجاگر کر سکیں۔ جبکہ بعض ادارہ جات میں داخلہ کے لیے آپ یونیورسٹی کے ساتھ براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔
داخلے کا وقت
سال میں دو مرتبہ داخلہ جات کا اعلان ہوتا ہے۔ خزاں، جس میں زیادہ پروگرامز اپنے داخلوں کا اعلان کرتے ہیں، درخواست بھیجنے کی تاریخ 7؍ تا 27؍جنوری ہوتی ہے، جبکہ دوسری مرتبہ بہت کم پروگرام داخلےکےلیے پیش کیے جاتے ہیں، اور درخواست بھیجنے کی تاریخ 8؍تا 22؍ ستمبر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ بھی کچھ اداروں کے داخلے ہوتے ہیں جو کہ آپ اسی ادارے کی ویب سائٹ سے تلاش کر سکتے ہیں۔
ماسٹر ڈگری پروگرام
ماسٹرز ڈگری کے بھی 200سے زائد پروگرام ہیں جو انگریزی زبان میں کروائے جاتے ہیں۔ اسی طرح مزید معلومات کے لیے ہر یونیورسٹی کے ساتھ براہِ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
داخلہ کی شرائط
ماسٹر ڈگری میں داخلہ کے لیے کم از کم بیچلر ڈگری لازمی ہے۔
اس کے علاوہ آپ کم از کم
(IELTS: 6.5 , TOEFL: 580 pbt/90 ibt)
انگریزی زبان کی اہلیت بھی ضروری ہے۔
آپ کے حالیہ تعلیمی ادارے کے کسی بھی دواساتذہ سے سفارشی خط بھی لازمی ہوتے ہیں جوصرف اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آپ کی تعلیمی اغراض و مقاصد کیا ہیں۔ بعض ادارے آپ کو انٹرویو اور داخلہ کے امتحان کے لیے بھی بُلا سکتے ہیں۔
اگر آپ اپلائڈ سائنس یونیورسٹی میں داخلہ کے لیے درخواست بھیج رہے ہیں تو کم از کم تین سال کام کا تجربہ بھی لازمی ہوتا ہے جبکہ یہ شرط یونیورسٹی کے لیے نہیں ہوتی۔
درخواست بھیجنے کا طریق کار کچھ یوں ہے کہ آپ آن لائن گھر بیٹھ کر بھی داخلہ کی درخواستیںبھیج سکتے ہیں۔
داخلے کا وقت
کئی ادارے اپنے داخلہ جات کا اعلان الگ سے کرتے ہیں لیکن عام طور پراکثر کا دورانیہ نومبر سے شروع ہو جاتا ہے اور دو ماہ تک داخلہ کی درخواستیں موصول ہوتی رہتی ہیں۔
اعلیٰ معیار کی تعلیم (پی ایچ ڈی)
فن لینڈ میں یہ لفظ خصوصی طورپر اُس معیارِ تعلیم کو ظاہر کرتا ہے جو ماسٹرز ڈگری کے بعد حاصل کیا جاتا ہے۔
مزید معلومات ہر ادارے کے ویب لنک سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ داخلہ کے لیے کوئی خاص وقت مقرّر نہیں ہوتا اور اسی طرح شرائط بھی ہر ادارے کی الگ ہوتی ہیں جس کے لیے آپ کو متعلّقہ ادارے کے ساتھ رابطہ کرنا ہوتا ہے۔ تا حال 23 کے قریب پروگرامز انگریزی میں مہیّا ہیں جن کی مزید معلومات بھی ہر ادارے کے ساتھ رابطے کی صورت میں مل سکتی ہیں۔
عام طور پر داخلہ کے لیے آپ کو براہِ راست ایک ادارے اور پھر متعلّقہ پروفیسر کے ساتھ داخلے کی بات کا آغاز کرنا ہوتا ہے جو کہ آپ کے سابقہ تعلیمی معیار کی بنیاد پر آپ کو ریسرچ کی سہولت دے سکتا ہے یا انکار کر سکتا ہے۔
فِیس اور اسکالرشپ
حال ہی میں تمام ادارہ جات کی طرف سے فیس لگائی جاچکی ہے جس کے بعد اب جو بھی داخلہ ہو گا ان تمام طلباء کو فیس ادا کرنا ہوگی۔ جو کہ بیچلر اور ماسٹرز کے لیے 10سے12؍ہزاریوروہے۔
اِسی کے ساتھ اسکالرشپس کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اگر آپ کسی قسم کے وظیفے کے حق دار ٹھہرتے ہیں تو فیس کم ادا کرنا پڑے گی۔ تاہم یہ فیس صرف اُن طلباء کے لیے ہے جو بیرونِ یورپ سے تعلیم کے حصول کے لیے فن لینڈ آ رہے ہوں گے۔
اسکالرشپ کچھ ایسے ہیں:
100فیصد فیس معاف۔
100فیصد فیس معاف کے ساتھ سالانہ 7000؍یورو اسکالرشپ۔
50فیصد فیس معاف۔
سہولیات
تمام طلباء جو کسی بھی تعلیمی ادارے میں پڑھ رہے ہوں اُن کو لائبریری کے مفت استعمال، ہیلتھ کیئر، نرسنگ، سفر کی ٹکٹ پر رعایت جیسی کئی سہولیات بھی فراہم کی جاتی ہیں۔ اِن تمام سہولیات کے لیے ایک طالب علم کو فن لینڈ پہنچنے کے فوری بعد مجسٹریٹ کے دفتر میں اندراج کروانا ہوتا ہے اور اس کے ساتھ بنک اکاؤنٹ اور اکثر سرکاری مراحل طے کرنا ہوتے ہیں جو کہ یہاں کا عارضی پتہ حاصل کرنے کے بعد سے شروع ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ چند عام باتیں جن کا خیال رکھنا لازمی ہوتا ہے اُن میں درج ذیل امور شامل ہیں۔ ان تمام مراحل کے بعد آپ اپنا داخلہ بھیجنے کے لیےتیار سمجھے جاتے ہیں۔
٭…آپ کے تمام تعلیمی کاغذات متعلّقہ اداروں سے تصدیق شُدہ ہونے چاۂیں۔
٭…آپ کے پاس تمام اصل تعلیمی اسناد ہونی چا ہیٔں، یاد رہے کہ پاکستان میں نتیجہ کے اعلان کے بعد اصل سند پہنچنے میں کافی وقت صرف ہوتا ہے۔ خصوصی طور پر یونیورسٹی کی ڈگری کی تکمیل کے بعد کافی عرصہ بعدمیں آپ کو اصل سند ملتی ہے لیکن آپ درخواست دے کر فوری بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
حصہ دوئم
داخلہ کی درخواست بھیجنے کے بعد آپ کو یونیورسٹی کے فیصلہ کا انتظار کرنا ہوتا ہے، اگر انتظامیہ آپ کی سابقہ اسناد اور ذاتی دلچسپی سے مطمئن ہو جائیں تو آپ کو بذریعہ ای میل مطلع کر دیں گے اور آپ کو ویزے کے مراحل سے متعلّق معلومات فراہم کردیں گے، تاہم اس موقع پر (اور اس سے پہلے بھی) آپ فیس بُک گروپ پرخدام الاحمدیہ کے شعبہ امورِ طلباء سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ ان میں سے چند ضروری کاغذات ایسے بھی ہیں جن کی وقت سے پہلے تیاری ہونی چاہیے۔
پاسپورٹ، جو کہ آپ کے درخواست بھیجنے کے بعد سے کم از کم ایک سال تک valid ہو۔
ذریعہ آمدن:آپ کو اپنے بنک اکاؤنٹ میں ایک سال کے اخراجات کے لئے مناسب رقم ظاہر کرنا ہو گی۔
ہیلتھ انشورنس، اگر آپ کاتعلیمی معیار دو سال سے زائد ہو تو آپ کے پاس 30؍ہزاریورو کی جبکہ دو سال سے کم ہونے کی صورت میں کم از کم ایک لاکھ یوروکی انشورنس ہونی چاہیے۔
سابقہ تمام اسناد اور سرٹیفیکیٹ اور کسی بھی قسم کے کام کا تجربہ آپ کے ویزہ کی درخواست کو اچھا تاثر دے سکتا ہے، آپ ساتھ لف کر دیں۔
اس کے علاوہ داخلہ ملنے کی صورت میں ادارہ آپ کوبذریعہ ڈاک دعوتی خط بھی بھیجے گا جو آپ کی ویزہ درخواست کا اصل حصّہ ہو گا۔
جب آپ تمام کاغذات تیار کر چکیں تو قریب ترین فن لینڈ کے سفارت خانے سے رابطہ کریں اور انٹرویو کے لیے تاریخ کی درخواست کریں، چونکہ اس عرصے میں اکثر طلباء اسی مراحل سے گزر رہے ہوتے ہیں اس لیے کافی رش ہو گا اور آپ کو تمام کام جلد نپٹانے ہوں گے تا کہ آپ بروقت سفارت خانے سے تاریخ لے سکیں۔
اخراجات
سمیسٹر فیس کےعلاوہ ماہانہ 570یورو کے قریب رقم بمطابق امیگریشن، جس میں ماہانہ کمرے کا کرایہ، بجلی، پانی، انٹرنیٹ اور کھانے کے اخراجات شامل ہیں۔
مزید، ایک طالب علم کو پڑھائی کے ساتھ کام کی اجازت بھی ہوتی ہے، جس کے مطابق آپ ہفتہ وار 25گھنٹے کام بھی کر سکتے ہیں۔ لیکن زبان کی قابلیت لازمی ہونے کی وجہ سے پیشہ وارانہ کام کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن کچھ کام جن میں زبان کی قابلیت کم اثر انداز ہوتی ہے آپ حاصل کر سکتے ہیں۔ جن میںصفائی، کچن میں مدد، اخبار کی ترسیل اور ڈاک کے علاوہ موسمِ گرما میں پھل چننے کے کام شامل ہیں۔
ہاؤسنگ
ویزہ کی درخواست جمع کروانے کے ساتھ ہی بہتر ہے کہ آپ کمرہ یا گھر کی درخواست بھی دے دیں۔ اکثر ادارے خاص کر طلباء کو گھر مہیّا کروانے کے لیے خدمات فراہم کرتے ہیں۔ ہر شہر میں مختلف اسٹوڈنٹ کے لیے رہا ئشی کمپنی ہوتی ہیں۔
کمرہ کی تلاش کے حوالے سے، طلباء کے لیے بہتر انتخاب یہ ہوتا ہے کہ 3تا 4کمروں کے اپارٹمنٹ میں سے ایک آپ لے لیں۔
مزید برآں جب آپ ویزہ حاصل کرچکے ہوں تو باقی معلومات بھی فراہم کر دی جائیںگی، ان شا ءاللّٰہ۔
معلوماتی لنک
یونیورسٹی میں بیچلر اور ماسٹر کے لیے
داخلہ کی درخواست جمع کروانے کے لیے۔ (آن لائن)
www.studyinfo.fi
تمام یونیورسٹیز سے متعلّق معلومات
اس کے علاوہ جماعت احمدیہ فن لینڈ اور خدام الاحمدیہ کے تعاون سے تعلیمی سیمینار بھی منعقد کروائے جاتے ہیں۔ جس کے لیے ذیل میں دیے فیس بک پیج اور ای میل کے ذریعہ رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
Study in Finland JAF (Facebook Group)
Email: [email protected] (Majlis Khuddam ul Ahmadiyya)
(مرسلہ :شعبہ امور طلباء مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ)
٭…٭…٭