بینن کے ایک ہسپتال میں اشیائے خورونوش کی تقسیم
موجودہ عالمی صورتِ حال کے پیشِ نظر ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے تعاون سے جماعت احمدیہ بینن اور ہیومینٹی فرسٹ بینن نے ملک کے سب سے بڑےشہر اور تجارتی مرکز کوتونو(Cotonou) کےایک سرکاری ہسپتال HOMEL HOPITAL DE LA MERE ET DE L’ENFANT LAGUNE میں صوبائی محکمہ صحت کی مدد کے لیے عطیہ دینے کاپروگرام بنایا۔ یہ ہسپتال حکومت کی طرف سے خصوصی طور پر حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کے لیےبنایا گیا ہے۔
یہ پروگرام گذشتہ3پروگرامز کی چوتھی کڑی ہے جس کے تحت حتی المقدور ملک کے غریب،بے سہارا اور نادار طبقہ کو اشیائے خورو نوش کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
مورخہ 30؍جون 2020ء بروز سوموار نائب امیر بینن مکرم راجی ابراہیم صاحب،چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ بینن مکرم بکری مصلحو صاحب، ڈاکٹر مبارک احمد صاحب آف ہیومینٹی فرسٹ ہاسپٹل کلاوی اور خاکسار (ریجنل مبلغ کوتونو)پر مشتمل وفد دوپہر سوا بارہ بجے مذکورہ بالاہسپتال پہنچ گئے جہاں HOMELکے انچارج ایمرجنسی سروسز کے نمائندہ Mr Fiacreنے جماعت کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس مختصر رسمی ملاقات و تعارف کے بعد ہیومینٹی فرسٹ بینن کی طرف سے تیار کردہ اشیائے خور و نوش اور covid 19سے بچاؤ کے سامان پر مشتمل پیکٹس کی تقسیم ہوئی۔ کُل 92 افراد کو یہ اشیاء تقسیم کی گئیں جن میں ایمرجنسی وارڈز کے مریض بھی شامل تھے۔ مکرم ڈاکٹر مبارک صاحب کو خصوصی اجازت پرہر مریض سے ملنے اور بذاتِ خود یہ پیکٹس تقسیم کرنے کا موقع دیا گیا جو ہسپتال کے قوانین میں ایک استثنائی صورت ہے۔
ہر پیکٹ میں اتنا کھانے کا سامان تھا کہ ایک فرد اس سے ایک ہفتہ گزارہ کر سکے۔
اللہ تعالیٰ محض اپنے فضل سے دنیا بھر کو اس وبا سے نجات عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: منتظر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)