افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ زیمبیا کے پٹوکے ریجن میں شجر کاری

جماعت احمدیہ کا شیوہ ہے کہ ہر ملک میں بسنے والا احمدی اس ملک سے محبت اور خدمت کرنا اپنا ایمان سمجھتا ہے ۔ رسول پاک ؐ نے کیا ہی خوبصورت فرمایاہے:

حب الوطن من الایمان

چنانچہ اس خدمت کو مد نظر رکھتے ہوئے جماعت احمدیہ نےزیمبیا کے پٹوکے ریجن میں شجر کاری اور ماحولیاتی آلودگی ختم کرنے کے لیے گورنمنٹ کو پھلدار پودے بطور تحفہ پیش کیے۔ اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ حسب ذیل ہے۔

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے دوران سال بھی گذشتہ سال کی طرح موسم برسات میں مقامی خدام و اطفال کی مدد سے مشن ہاؤس میں 10؍اقسام پر مشتمل دس ہزار پودے تیار کیے گئے۔

اس کے بعد خاکسار نے پٹوکے شہر کی رکن اسمبلی جو کہ وزیر اطلاعات و نشریات زیمبیا بھی ہیں اور دو اضلاع کے ڈسٹرکٹ کمشنر صاحبان کے ساتھ رابطہ کیا کہ جماعت احمدیہ آپ کے تین اضلاع کے لوگوں میں مفت چھ ہزار پھلدار پودے تقسیم کرنا چاہتی ہے جس پر انہوں نے بڑی خوشی کا اظہار کیا۔ چنانچہ اس پروگرام کے لیے دو جگہوں کا انتخاب کیا گیا۔

پہلی تقریب وزیر اطلاعات و نشریات زیمبیا کے پٹوکے آفس میں منعقد کی گئی۔ جس میں خاکسار نے وزیر اطلاعات و نشریات کو 1,500مختلف اقسام کے پھلدار پودے پیش کیے جنہیں انہوں نے اپنے پٹوکے ڈسٹرکٹ کے دورے کے دوران 8؍سکولوں میں تقسیم کیا۔ اگلے روز وزیر اطلاعات و نشریات نے خاکسار کے ساتھ میڈیا کے سامنے جماعت احمدیہ کے اس عطیہ کاشکریہ ادا کیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس وقت کے لحاظ سے یہ بہت ہی قیمتی تحفہ ہے جو آپ کی جماعت نے ہمارے لوگوں کے لیے پیش کیا ہے۔ اس کے بعد میڈیا کے نمائندگان نے خاکسار کا بھی انٹرویو کیا اور مختلف سوالات پوچھے کہ کس طرح آپ یہ کام کرتے ہیں۔ جس پر ان کو بتایا گیا کہ ہم اپنی نوجوان تنظیم خدام الاحمدیہ کے ذریعہ یہ پودے تیار کرتے ہیں اور بلا کسی تفریق اور جماعت احمدیہ کے موٹو محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں کے تحت تمام لوگوں میں مفت تقسیم کرتے ہیں۔ مورخہ 13؍مارچ2020ء کو نیشنل ٹی وی اور ریڈیو نے وزیر اطلاعات و نشریات کے ساتھ انٹرویو کا کلپ تین دفعہ نشر کیا۔ یوں اللہ تعالیٰ کے فضل سے پہلی دفعہ جماعت احمدیہ کی خدمات کا تذکرہ نیشنل ٹی وی پر کیاگیا ۔

دوسری تقریب مورخہ 05؍جون2020ء کو پٹوکے ڈسٹرکٹ کونسل کے ساتھ مل کر عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر کالنڈاوالو ڈسٹرکٹ جنرل ہسپتال میں منعقد کی گئی۔ اس پروگرام میں ڈسٹرکٹ کمشنر، علاقے کے تین چیف، گورنمنٹ آفیشلز کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 70سے زائد افراد نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں خاکسار نے جماعت کا تعارف کروایا اور بتایا کہ کس طرح ہم انسانیت کی خدمت کر سکتے ہیں اور مل جل کر اپنے ملک کو سر سبز و شاداب رکھ سکتے ہیں۔ اس کے بعد خاکسار نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد تمام سرکاری نمائندگان نے باری باری تقاریر کیں اور جماعت کے اس کام کو بہت زیادہ سراہا گیا اور یقین دہانی کروائی گئی کہ ہم سب پوری کوشش کریں گے کہ ان میں سے کوئی پودا ضائع نہ ہو ۔

پروگرام کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ کمشنر صاحبہ نے اس کاوش کے لیے جماعت احمدیہ کا شکریہ ادا کیا اور تمام حاضرین کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے ان پھلدار پودوں کی حفاظت کی تو بڑے ہو کر نا صرف یہ ہماری غذائی ضرورت کو پورا کر سکیں گے بلکہ ہم ان پودوں کے پھلوں کو فروخت کر کے اپنی غربت بھی دور کر سکیں گے اس لیے ان کی حفاظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اس تقریب میں جماعت کی جانب سے تمام شاملین میں ایک ہزار سے زائد پھلدار پودے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر علاقہ کے چیفس کو بھی جماعت کا پیغام پہنچایا گیا اور جماعتی کتب بطور تحفہ پیش کی گئیں۔ اس پروگرام کو بھی نیشنل ٹی وی، دو لوکل ریڈیو اسٹیشنز اور نیشنل ریڈیو پر نشر کیا گیا۔ یوں اس پروگرام کی مدد سے دوسری مرتبہ ملک بھر میں جماعت احمدیہ کا پیغام پہنچا۔

ان پروگراموں کے بعد تین اضلاع کے 6سکولوں اور 15دیہات کے2,000افرادمیں3,500پھلدار پودے تقسیم کیے گئے اور جماعتی پیغام کے علاوہ لٹریچر کی 1,500سے زائد کاپیاں بھی تقسیم کی گئیں۔ اسی طرح یوم ماحولیات کے بعد علاقہ کے دو چیفس، ضلعی زرعی انتظامیہ کے علاوہ 50سے زائد حکومتی نمائندگان نے مشن ہاوَس کا دورہ کیا۔ ان کو جماعت کا پیغام بھی پہنچایا گیا اور پودے بھی پیش کیے گئے۔ اس کے علاوہ زرعی انتظامیہ کی ٹیم مسلسل تین دن تک سیکھنے کے لیے آتے رہے تاکہ وہ بھی اس پروجیکٹ کو شروع کر کے اپنے کسانوں کی مدد کر سکیں۔

یہ کام صرف اس لیے شروع کیا تھا کہ انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ جماعتی تبلیغ کو بھی زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جاسکے کیونکہ جہاں پر بھی پودے تقسیم کیے جاتے ہیں وہاں پر جماعت کا تعارف کروایا جاتا ہے اور جماعتی لٹریچر بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ یہ سارا کام بغیر کسی اضافی خرچ کے اپنی مدد آپ کے تحت کیا جاتا ہے۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت کا پیغام نہ صرف اپنے ضلع بلکہ پورے ملک میں پہنچانے کی توفیق ملی۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری ان کوششوں میں برکت ڈالے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطاء فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر احمد سیفی۔ مبلغ سلسلہ پٹوکے، زیمبیا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button