جامعہ احمدیہ تنزانیہ میں تربیتی تقریب کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کی ذات تمام خوبیوں کی جامع ہے، جس نے جن و انس کی تخلیق کی اور عبادت کا مقصد عطا کیا۔
حضور پر نور خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کی تعمیل میں گزشتہ دنوں جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو خصوصی تقریب کے انعقاد کی توفیق ملی۔ جس میں طلبہ کو جادو ٹونہ، تعویذ گنڈے اور توہمات کے حوالہ سے اسلامی تعلیمات سے آگاہ کیا گیا۔
یہ تقریب دو حصوں میں منقسم تھی۔ تدریسی ہفتہ کے دوران میں ایک روز اساتذہ کرام نے ان عناوین پر مفصل تقاریر اور لیکچرز دیے۔ تقریب کا دوسرا حصہ دوسرے ہفتہ میں منعقد ہوا۔ جس میں طلبہ نے اساتذہ سے مختلف سوالات کیے اور موقع پر ان کے جوابات پائے۔
تقریب کے پہلے حصہ میں محترم احمد داؤد ڈاڈی صاحب مبلغ سلسلہ نے قرآن کریم کی آیات اور جماعتی تفاسیر کی روشنی میں ‘جن’کے مفہوم کی وضاحت کی۔ مزید برآں ملک تنزانیہ اور عموماً مشرقی افریقہ کے دیہاتی علاقوں میں پائے جانے والے توہماتی عقائد کا اسلامی تعلیمات کی روشنی میں تنقیدی جائزہ پیش کیا۔
بعد ازاں معلم سلسلہ محترم شمعون جمعہ صاحب نے احادیث، کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور خلفائے کرام کے خطابات کی روشنی میں آنحضور صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلقہ واقعہ سحر کی حقیقت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ ان کے علاوہ محترم عثمان ٹکاٹو صاحب معلم سلسلہ نے بھی طلبہ سے اظہار خیال کیا۔
تقریب کے اختتام میں محترم عابد محمود صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ تنزانیہ نے طلبہ کو نصائح سے نوازا اور اختتامی دعا کروائی۔
اسی ضمن میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے بیان فرمودہ خطبہ جمعہ کا سواحیلی زبان میں ترجمہ دو ہفتہ روزانہ اسمبلی کے وقت تدریجاً پڑھ کر سنایا گیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کے خلیفۂ وقت کی رہ نمائی میں ہمارے علمی و روحانی استعدادوں میں اضافہ کرے اور ہمیں خلافت کا مطیع و فرمانبردار بنائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالناصر مومن باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )
٭…٭…٭