خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ صورتحال
Worldometers.infoکے مطابق اب تک دنیا بھر میں 20,034,119؍لوگ کورونا وائرس سے بیمار ہوئے ہیں۔ 12,904,559؍افراد اس مرض سے صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 734,131؍افراد وفات پا چکے ہیں۔ (10؍ اگست۔ 08:00 GMT)
٭…سری لنکا کے سابق صدر Mahinda Rajapaksa نے اتوار کے روز ملک کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ ان کی پارٹی کو پارلیمنٹ کے انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
٭…بیروت دھماکوں کے بعد لبنان میں جاری مظاہروں کی وجہ سے ملکی وزیر اطلاعات مستعفی ہو گئیں۔ موصوفہ استعفیٰ دینے والی پہلی حکومتی عہدیدار ہیں۔ بیروت میں دھماکوں کے بعد لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ہفتہ 8؍ اگست کی شام وزیر اعظم حسن دیاب کے خطاب میں پارلیمانی انتخابات وقت سے پہلے کرانے کا اعلان بھی کیا گیا۔
٭…ٹوکیو: جاپان کے شہر ناگا ساکی پر ایٹمی حملے کو 75 سال گزر گئے۔ اس سلسلے میں منعقد کی جانے والی تقریب میں وزیراعظم شنزو ابے (Shinzō Abe)سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
ایٹمی حملے کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ وزیراعظم جاپان نے یادگار پر پھول چڑھائے، اسکول کے بچوں نے قومی نغمے بھی پیش کیے۔ اس موقعے پر تقریب کے شرکا نے عالمی برداری سے ایٹمی ہتھیاروں پر پابندی کا مطالبہ کیا۔
٭…چین نے امریکہ سے تائیوان کو اسلحے کی فروخت روکنے اور فوجی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ چین امریکہ تعلقات اور آبنائے پار امن واستحکام کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔
چینی ترجمان نے کہاکہ ہم امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ چین اور امریکہ کے مابین طے پانے والے مشترکہ اعلامیوں پر دیانت داری سے عمل کرے اور تائیوان کے ساتھ اسلحے کی فروخت اور فوجی تعلقات کو روک دے ایسا نہ ہو کہ اس سے چین اور امریکہ کے تعلقات اور آبنائے پار امن اور استحکام کو مزید نقصان پہنچے۔٭…سپین کے سابق بادشاہ Juan Carlos نے کچھ دن قبل یہ اعلان کیا تھا کہ وہ ملک چھوڑ رہے ہیں۔ ان کو کرپشن کے الزامات کا سامناتھا۔ اس وقت وہ ابو ظہبی میں Emirates Palace Hotel میں قیام پذیر ہیں۔
٭…بھارت کی ریاست کیرالہ میں دبئی سے آنے والی Air Indiaکی فلائٹ 812؍لینڈنگ کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے میں 18؍ افراد ہلاک ہوئے۔ Boeing 737 طیارہ کالی کٹ ایئرپورٹ پر بارش کی وجہ سے رن وے سے پھسل کر دو لخت ہو گیاتھا۔
٭…پاکستان میں تین دن سے ہونے والی مون سون کی بارشوں سے پیدا ہونے والے سیلاب سے قریباً پچاس افراد جاں بحق اور متعدد مکانات تباہ ہوئے ہیں۔ پاک فوج کی طرف سے متأثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
٭…جنوبی کوریا میں 46؍ دن سے بارشیں جاری ہیں۔ بارشوں ، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے کے نتیجہ میں قریباً 30؍ افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور ایک درجن لاپتہ ہیں۔قریباً 6,000؍ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
٭…بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے ایک مرکز میں جو کہ ہوٹل Swarna Palace میں بنایا گیا تھا آتش زدگی سے کورونا وائرس کے 11؍ مریض جاں بحق ہو گئے۔
٭…5؍ اگست کو بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے اور وادی کے لاک ڈاؤن پر ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ‘یوم استحصال’ منایا گیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ وادی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
٭…اٹلی کے Giuseppe Paternoنے 96؍ سال کی عمر میں تاریخ اور فلسفے میں ڈگری مکمل کی ہے۔ وہ ملک کے سب سے بڑی عمر میں گریجوایٹ کرنے والے شخص ہیں۔
٭…مغربی آسٹریلیا میں ایک ہمپ بیک وہیل مچھلی نے ایک خاتون کو زخمی کر دیا ہے جس سے ان کی پسلیاں ٹوٹ گئیں۔ گذشتہ ایک ہفتے میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
٭…چین کے علاقے منگولیا کے ایک گاؤں میں اتوار کے روز طاعون سے ہونے والی ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے اس علاقے کو آمدورفت کے لیے بند کردیا ہے۔علاقے کے باقی تمام رہائشیوں کا کیا گیا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
٭…عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے گزشتہ پانچ ماہ کے دوران کورونا وائرس سے متأثرہ نوجوانوں کی تعداد میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔
٭…فرانس میں جمعہ کے روز کورونا وائرس کے 2,288؍ نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ لاک ڈاؤن ختم کیے جانے کے بعد فرانس میں ایک روز میں ہونے والے سب سے زیادہ کیس ہیں۔
٭…پاکستان کے شمالی پہاڑی علاقے چترال کے ایک گاؤں میں رہنے والے 103 سالہ بزرگ عزیز عبدالعالم نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ اس طرح ان کا شمار دنیا کے ان معمر ترین افراد میں ہونے لگا ہے جنہوں نے کورونا کو شکست دی۔ جولائی کے آغاز میں ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد انہیں ہسپتال داخل کر لیا گیا تھا لیکن اب صحت یاب ہونے کے بعد انہیں ایمرجنسی ریسپانس سینٹر سے واپس گھر بھیج دیا گیا ہے۔
٭…حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی کے رجحان کے بعد حفاظتی طبی اقدامات میں نرمی کرتے ہوئے متعارف کروائی گئی پابندیوں اور سمارٹ لاک ڈاؤن کو ختم کردیا ہے۔ 9؍ اگست سے ملک کے تمام ایئر پورٹس سے مشروط طور پر عالمی پروازوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔
٭…امریکی ریاست کیلیفورنیا میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
٭…جرمنی میں جمعے کے روز کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد نئے کیس رپورٹ ہوئے۔مسلسل تین دن سے ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد ایک ہزار سے زائد رپورٹ ہو رہی ہے۔
٭…بھارت میں ہفتہ 8؍ اگست کے روز کورونا وائرس کے 64,399؍ نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں مصدقہ کیسز کی تعداد دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے اور 41,500 ؍ سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
افریقہ
John Hopkins University کے مطابق افریقہ میں جمعہ کے روز کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد ایک ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔ان کیسز کی آدھی سے زیادہ تعداد جنوبی افریقہ میں ہے۔ براعظم بھر میں 22,000؍ سے زائد مریض اس وائرس سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس براعظم میں ابھی وبا نے اپنے عروج پر پہنچنا ہے۔
کاروبار
سونے کی قدر میں اس سال 30؍ فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور جمعرات کے روز فی اونس سونے کی قیمت ریکارڈ سطح پر 2,059.09؍ ڈالرز رہی۔
جمعرات کے روز Facebookکمپنی کے حصص کی قدر میں 6.5؍ فیصد کا اضافہ ہوا۔ اس اضافے کےساتھ کمپنی کے مالک Mark Zuckerberg دنیا کے وہ تیسرے انسان بن گئے جن کے اثاثوں کی مالیت 100؍ بلین ڈالرز سے زائد ہے۔
کھیل
کرکٹ
انگلینڈ نے پاکستان کو پہلا ٹیسٹ میچ ہرا دیا۔ یہ ٹیسٹ میچ بدھ 5؍ اگست کو Southampton میں شروع ہوا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اور پہلی اننگز میں 326؍ رنز بنائے۔ شان مسعود 156؍ رنز کے ساتھ سرِفہرست رہے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 217؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ یا سر شاہ نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 169؍رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیتنے کے لئے 277؍ رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ Chris Woakes نے 84؍ رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک۔ صفر سے برتری حاصل ہے۔
٭…انگلینڈ اور بھارت کے مابین ستمبر، اکتوبر میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز ان دنوں میں ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ کی وجہ سے 2021ء تک ملتوی کردی گئی ہے۔
٭…انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اعلان کیا ہے کہ مردوں کا ٹی ٹونٹی کا ورلڈ کپ 2021ء میں بھارت میں ہوگا۔ جبکہ آسٹریلیا 2022ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔
فٹ بال
٭…مانچسٹر سٹی کی ٹیم ریال میڈرڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا کر یورپین چیمپیئن لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی ہے۔
٭…Champions Leagueکے ایک دوسرے میچ میں Juventus نے Lyonکو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ دونوں گول رونالڈو نے سکور کیے۔ میچ ہارنے کے باوجود Lyon کی ٹیم away goalکرنے کی وجہ سے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرگئی۔ ان کا مقابلہ مانچسٹر سٹی سے ہوگا۔
٭…ہفتہ 8؍ اگست کو یورپین چیمپئنز لیگ کے پری کوارٹر فائنل میں Bayern Munichنے Chelsea کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا۔ Lewandowski نے دو گول سکور کیے۔ ان کا کوارٹر فائنل مقابلہ بارسلو نا سے ہوگا جس نے Napoli کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
فارمولا وَن
برٹش گراں پری (Grand Prix)کی ہفتہ کے روز ہونے والی کوالیفائنگ میں مرسڈیز کے Valtteri Bottasنے پول پوزیشن حاصل کی۔