بوگور انڈونیشیا میں ملٹی پرپس بلڈنگ کا سنگ بنیاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سین ڈانگ بارانگ، انڈونیشیا کو جو بوگور شہر میں واقع ہے ایک اَور عمارت تعمیر کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ یہ عمارت پاگان توں گان علاقہ میں واقع ہے۔ مورخہ 26؍جولائی بروز ہفتہ مولانا عبدالباسط صاحب امیر جماعت احمدیہ انڈونیشیا نے اس عمارت کا سنگ بنیاد رکھا اور دعا کروائی۔
مقامی صدر جماعت بُڈی چاہیاڈی صاحب کے مطابق اس زمین پر دو منزلہ عمارت ہوگی جس کا بالائی حصہ برائے نماز سنٹر ہوگا اور نیچے والی منزل پر مجلس خدام الاحمدیہ و انصار اللہ کے دفاتر کے علاوہ لائبریری اور تبلیغ سینٹر بنایا جائے گا، ان شاء اللہ۔ اس عمارت کا مسقف حصہ دو سوپچاس مربع میٹر پر مشتمل ہوگا۔ جماعتی تعلیم و تربیت کے علاوہ یہ عمارت اس علاقے کی سماجی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال ہوگی۔
اس تقریب میں ریجنل مربی مکرم غلام محی الدین ، ضلعی مبلغین، مقامی مجلس عاملہ کے اراکین نیز تعمیر کمیٹی کے اراکین شامل ہوئے مکرم امیر صاحب نے بتایا کہ کافی عرصے سے ہم اس زمین کے حصول کی کوشش کر رہے تھے۔ اللہ کرے کہ یہ عمارت اس علاقہ کی تعلیم و تربیت کے لیے بہت مفید ثابت ہو اور یہ ہمیشہ نمازیوں سے آباد رہے۔ آمین
(رپورٹ: فضل عمر فاروق۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)