حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(13؍ اگست۔ 08:00 GMT)

کل مریض:20,820,463

صحت یاب ہونے والے:13,719,780

وفات یافتگان:747,477

٭…روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ روس نے کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرلی ہے اور اسے استعمال کے لیے منظور کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ایک بیٹی کو بھی یہ ویکسین لگائی گئی ہے۔ کورونا وائرس کے عام استعمال کے لیے منظور کی جانے والی یہ پہلی ویکسین ہے اور اسے Sputnik-V کا نام دیا گیا ہے۔ صدر کا کہنا ہے کہ بیس ممالک نے اس ویکسین کی ایک بلین سے زائد خوراکیں حاصل کرنے کی درخواست کی ہے۔

٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کی وجہ سے G7 ممالک کی میٹنگ نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد تک ملتوی کردی ہے۔

٭…چین نے اعلان کیا ہے کہ ہانگ کانگ کے معاملے پر امریکہ کی پابندیوں کے جواب میں وہ سینیٹرز سمیت 11 اعلیٰ امریکی عہدیداروں پر پابندی عائد کر رہا ہے۔چین کے دفتر خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جان نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ’’امریکہ کے محکمہ خارجہ کی جانب سے چینی حکومت کے 11 عہدیداروں پر پابندی ہانگ کانگ اور چین کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہے۔ امریکہ کے اس طرح کے اقدامات بین الاقومی قانون اور بنیادی عالمی اقدار کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور چین اس کو یکسر مسترد اور اور اس کی مذمت کرتا ہے۔ ‘‘

٭…امریکہ میں اس سال نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے ڈیمو کریٹک پارٹی کے اُمیدوار جوبائیڈن نے سینیٹر کمیلا ہیرس کو نائب صدر کا اُمیدوار نامزد کر دیا ہے۔ امریکی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہو گا جب ایک سیاہ فام خاتون امریکہ کی نائب صدارت کی اُمیدوار ہوں گی۔ کمیلا ہیرس صدارتی مہم میں جو بائیڈن کے ساتھ ایسے وقت میں شامل ہو رہی ہیں جب امریکہ کو کورونا وبا کی وجہ سے غیر معمولی قومی بحران کا سامنا ہے۔

امریکی تاریخ میں کوئی خاتون صدر یا نائب صدر منتخب نہیں ہو سکی۔ ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی اُمیدوار ہیلری کلنٹن کو 2016ء کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ نے شکست دی تھی جبکہ 2008ء میں ری پبلکن اُمیدوار سارہ پالن اور 1984ء میں جیرالڈئن فیرارو ڈیمو کریٹک پارٹی کی جانب سے نائب صدارت کے لیے نامزد ہوئیں لیکن کامیاب نہیں ہو سکیں ۔

٭… کینیا کے Tsavo National Park میں ہفتے کے روز لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

٭…ایران کی عدالت نے 2 افراد کو برطانیہ، جرمنی اور اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزامات کے تحت 10، 10 سال قید کی سزا سنادی۔ فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق عدلیہ کے ترجمان نے کہا کہ انہوں نے انہیں ایران کی میزائل، نیوکلیئر، نینو ٹیکنالوجی اور طبی شعبے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ وزارت خارجہ، دفاع اور صنعت کے علاوہ وزارت توانائی، صنعت اور ایران کی اٹامک ایجنسی کے لیے کام کرنے والی کمپنیوں میں جاسوسی کے الزام میں 5 مزید افراد کو حال ہی میں حراست میں لیا گیا ہے۔

٭…برطانوی ادارہ برائے اعداد و شمار (the Office of National Statistics) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق برطانوی معیشت گزشتہ گیارہ سال میں پہلی مرتبہ کساد بازاری (recession)کا شکار ہو رہی ہے۔ یہ حالات کورونا اور اس کے نتیجے میں لاگو کیے جانے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔

٭…منسک: بیلاروس میں متنازع صدارتی انتخابات پر دوسرے روز بھی ہنگامے جاری ہیں، مظاہرین سے جھڑپوں کے دوران ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ نوجوانوں نے رکاوٹیں کھڑی کر کے شہر میں معمولاتِ زندگی کو مفلوج کر دیا، پولیس نے مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں بھی چلائیں۔ اپوزیشن نے صدر الیگزینڈر لوکا شینکو کی کامیابی مسترد کر دی ہے جبکہ لوکا شینکو نے مظاہرین کو بیرونی طاقتوں کا آلہ کار قرار دیا ہے۔

٭… مالی میں ایک بار پھر حکومت مخالف مظاہرے شروع ہوگئے ہیں اور صدر ابراہیم بوبکرکیٹا کو صدارت سے مستعفی کرنے کے لیے ہزاروں لوگ احتجاجا ًسڑکوں پر نکل آئے۔

٭… صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو کی ایک جیل میں محافظوں اور جیل میں قید نام نہاد اسلامی جنگجوؤں کے درمیان فرار ہونے کی کوشش کے دوران ہونے والی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20؍ ہوگئی ہے۔

٭…کیتھولک چرچ کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تاریخی اقدام اٹھاتے ہوئے پہلی مرتبہ 6 خواتین کو ویٹیکن کے مالی معاملات کی نگرانی کے لیے مقرر کردیا۔ پوپ فرانسس نے کئی کارڈینلز کے ساتھ ویٹی کن کی معاشی کونسل میں 7؍ افراد کا تقرر کیا جن میں سے 6؍ خواتین ہیں جو اَب اعلیٰ ترین عہدے پر خدمات سرانجام دیں گی۔ پوپ فرانسس کو اپنے کئی پیش روؤں کے مقابلے میں زیادہ جدّت پسند سمجھا جاتا ہے۔ ویٹی کن سٹی میں خواتین ملازمین کی تعداد 2010ءکے مقابلے میں 17 فیصد سے بڑھ کر گزشتہ برس میں 22 فیصد ہوگئی تھی۔ علاوہ ازیں پوپ فرانسس کے دور میں اعلیٰ ترین عہدے انڈر سیکریٹری پر تعینات خواتین کی تعداد دُگنی ہو کر 2 سے 4 ہوگئی ہے۔

٭…ہندی اور اردو زبان کے معروف بھارتی شاعر 70 سالہ راحت اندوری 11 اگست کو کورونا وائرس کے سبب کارڈیو ریسپائریٹری اریسٹ (دل اور پھیپھڑوں کے افعال رکنے) سے چل بسے۔

راحت اندوری بھارت کی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں ایک مل مزدور رفعت اللہ قریشی کے ہاں پیدا ہوئے تھے۔ ان کا اصلی نام راحت قریشی تھا۔ انہوں نے کم عمری میں ہی شاعری کرنا شروع کی۔ ان کی نظموں، غزلوں اور مختلف اشعار کی متعدد کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور انہوں نے فلموں کے لیے درجنوں مقبول گیت لکھے۔ انہیں بھارت میں عصر حاضر کا شاعر بھی کہا جاتا ہے۔ موصوف نے بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم کو بھی اپنی شاعری کا موضوع بنایا۔

٭… پاکستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ساٹھ ہو گئی ہے جبکہ سینکڑوں املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ بلوچستان اور سندھ بارشوں سے سب سے زیادہ متأثر ہوئے ہیں جہاں مختلف اضلاع کے درجنوں دیہات اور شاہراہیں زیرآب آگئی ہیں۔

٭…چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کی جنگ لڑتے متاثرین اور طبی عملے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ڈرون لائٹ شو کا انعقاد کیا گیا۔ان جگمگ کرتے ڈرونز نےشہر کی تاریخی عمارتوں کی فارمیشنز پیش کیں اور ساتھ ہی شکریہ اور احتیاطی تدابیر و صحت عامہ کے پیغامات بھی دیے۔

٭… نیوزی لینڈ میں 102؍ دن گزرنے کے بعد 11؍ اگست کے روز پہلی بار مقامی طور پر Covid-19 کے 4؍ نئے مریض سامنے آئے۔ ان نئے کیسز کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے سب سے گنجان آباد شہر آکلینڈ میں تین دن کے لیےکورونا وائرس سے متعلق تیسرے درجے کی حفاظتی پابندیاں عائد کر دی گئیں۔اگلے روز 12؍اگست کو 14؍ مزید کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 13؍ کا تعلق گزشتہ روز کورونا میں مبتلا ہونے والے خاندان سے تھا جبکہ ایک مریض بیرونِ ملک سے آیا ہے۔

٭… بل گیٹس فاؤنڈیشن کی شراکت سے تیار کی جانے والی کورونا وائرس کی ویکسین دنیا کے 92؍ ترقی پذیر ممالک کو فی خوراک زیادہ سے زیادہ تین امریکی ڈالر کے حساب سے فروخت کی جائے گی۔

٭… امریکی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے نائیجیریا کی حکومت کو بھجوائے گئے 200؍ وینٹی لیٹرز وصول کرلیے گئے ہیں۔

کاروبار:10؍اگست کوعالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ US West Texas Intermediate کی قیمت 41.80؍ ڈالرز فی بیرل اور Brent Crude کی قیمت 44.86؍ڈالرز فی بیرل رہی۔ سعودی تیل کمپنی Armacoکے مطابق اسے سال کے دوسرے ربع میں منافع میں 73؍ فیصد کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

٭…امریکہ کی جانب سے وی چیٹ (Wechat)پر پابندی عائد کی گئی تو اس کا نتیجہ دنیا بھر میں آئی فونز کی فروخت میں 30 فیصد کمی کی شکل میں نکل سکتا ہے جبکہ ایپل کی دیگر مصنوعات کی فروخت میں بھی 25 فیصد کمی آسکتی ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے جاری کیے گئے ٹک ٹاک (Tiktok)سے متعلق صدارتی حکم نامے میں کہا گیا تھاکہ اگر چینی ایپلی کیشنز کو آئندہ 45 دن میں کسی امریکی کمپنی کو فروخت نہیں کیا گیا تو ان پر امریکہ میں پابندی لگادی جائے گی۔ تاہم ماہرین کے مطابق اگر دنیا بھر میں ایپ اسٹورز سے ان دونوں ایپس کا اخراج ہوا تو اس کا نتیجہ آئی فونز کی فروخت میں نمایاں کمی کی شکل میں نکلے گا۔

کھیل: سوموار کے روز Europa League کے کوارٹر فائنل میں مانچسٹر یونائیٹڈ نے کوپن ہیگن کے خلاف صفر کے مقابلے میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔ میچ کا واحد گول Fernandes نے انجری ٹائم میں 95 ویں منٹ میں پینلٹی پر سکور کیا۔

Inter Milan اور Leverkusen کے مابین کھیلے جانے والے کوارٹر فائنل میں انٹر میلان نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔ Lukakuنے ایک گول سکور کیا اور اس طرح اب تک وہ یوروپا لیگ میں مسلسل نو میچوں میں سکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

سنوکر:پانچ بار کے عالمی چیمپئن Ronnie O’Sullvian، نے Din Junhui کو 13-10 سےہرا کر ورلڈ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ موجودہ عالمی چیمپئن Judd Trump کو کوارٹر فائنل کے مقابلے میں Kyren Wilsonسے 13-9 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

٭٭٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button