جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کا یومِ وقار عمل
اسلامی تعلیمات میں ’صفائی اور پاکیزگی‘ جہاں ایک اہم فریضہ ہیں وہیں آج کل پوری دنیا میں تیزی سے پھیلنے والی کورونا وبا کے اثرات کو کم کرنے کا ایک حل اپنے معاشرہ کو صاف رکھ کر اسے نقصان دہ جراثیم کی آماجگاہ بننے سے روکنا بھی ہے۔ چنانچہ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ملکی سطح پر مورخہ 5؍اگست 2020ء بروز بدھ ’یومِ وقار عمل‘ منانے کی توفیق ملی۔ یہ دن اس لحاظ سے بھی اہمیت کا حامل ہے کہ حکومت آئیوری کوسٹ کی جانب سے بھی رواں ہفتہ کو ہفتہ صفائی بعنوان ’صحت و بہبود انسانیت کے لیے عزم صفائی‘ کے طور پر منا یا جا رہا ہے۔
امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب کی ہدایت کے مطابق وقار عمل سے قبل افراد جماعت کو اس کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا نیز گورنمنٹ افسران سے مل کر انہیں بھی صفائی کی اس جدوجہد میں جماعتی مدد کی یقین دہانی کروائی گئی جسے گورنمنٹ افسران نے نہ صرف سراہا بلکہ اس کام کے دوران ہر قسم کی مدد کی بھی یقین دہانی کروائی۔ وقارعمل کے دن مختلف مقامات پبلک جگہوں،سڑکوں اور گلیوں کی صفائی کا کام کیا گیا جس میں نہ صرف انصار، خدام، اطفال و لجنہ بلکہ بعض مقامات پر جماعتی کام کوسراہتے ہوئے غیر از جماعت احباب نے بھی خدمت انسانیت کے اس کام میں شرکت کرکے ان جگہوں کی صفائی کی۔ اس وقارعمل کے دوران ملک بھر کے 14 ریجنز سے 208 انصار، 379 خدام، 197 اطفال، 104 لجنہ و بچگان اور 73 غیر از جماعت احباب کل ملا کر 955؍ افراد نے حصہ لیا۔
متعدد مقامات کے وقار عمل کی کوریج بذریعہ میڈیا بھی ہوئی جس میں نیشنل چینل RTIکے ساتھ مقامی ریڈیو چینلز مثلاً Agni fmو اخبارات مثلاً Aessemblement، AIP وغیرہ بھی شامل ہے جبکہ بذریعہ سوشل میڈیا بھی جماعتی کاوش کی کوریج کی گئی۔ سرکاری عہدے داران نے نہ صرف اس کاوش کو سراہا بلکہ متعدد مقامات پر خود وقار عمل کی جگہ پر آکر کام کا جائزہ بھی لیا اور صفائی کے کام کے لیے جماعت کا نہ صرف شکریہ ادا کیا بلکہ بواکے شہر میں سرکاری دفتر تعلیم نے شاملین وقار عمل کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی انتظام کیا۔ جماعتی طور پر کیے جانے والے اس وقار عمل کو عوام الناس نے بھی خوب سراہا اور اس بات کا تذکرہ کیا کہ جماعت فلاح ِانسانیت کے کاموں میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آئندہ بھی جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو خدمت انسانیت کے کام بہتر سے بہتر رنگ میں کرنے کی سعادت نصیب کرتا جائے۔آمین
(رپورٹ:عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)
٭…٭…٭