حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(27؍ اگست۔ 08:00 GMT)

کل مریض:24,355,684

صحت یاب ہونے والے:16,889,202

وفات یافتگان:830,131

٭…نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں سوموار 24؍ اگست سے گذشتہ برس دو مساجد پر حملوں کے ملزم برینٹن ٹیرنٹ کی سزا کے تعین کے لیے چار روزہ عدالتی سماعت کا آغاز ہوگیا۔ ملزم کا ارادہ تھا کہ وہ ایک تیسری مسجد پر بھی حملہ کرے۔ ملزم ٹیرنٹ کی طرف سے کی جانے والی کارروائی میں 51؍ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ جج کیمرون مینڈر کی جانب سے ملزم ٹیرنٹ کو معافی کے بغیر عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ ملزم نیوزی لینڈ کی تاریخ میں پہلا شخص ہے جسے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

٭… سوموار 23؍ اگست کو امریکہ کی ریپبلکن پارٹی نے موجودہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس سال ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے باقاعدہ طور پر دوبارہ سے امیدوار نامزد کیا ہے۔

٭…جمعرات 20؍ اگست کو وہائٹ ہاؤس میں عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کی امریکی صدر سے ملاقات ہوئی۔ یہ دونوں سربراہان کے درمیان پہلی ملاقات تھی۔ عراقی وزیراعظم نے مئی میں وزارتِ عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا۔

امریکی صدر نے کہا ہے کہ امریکی فوجی عراق سے کبھی نہ کبھی تو چلی جائے گی تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی وقت نہیں بتایا۔

صدر ٹرمپ نے کہا: ’ظاہر ہے کہ کسی موقعے پر ہم عراق سے چلے جائیں گے۔ ہم کافی تیزی سے عراق میں امریکی فوجیوں کی تعداد کم کر رہے ہیں۔ ہماری نظر اس دن پر ہے جب ہمیں وہاں رہنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ امید ہے کہ عراق خود زندہ رہ سکتا ہے اور اپنا دفاع کر سکتا ہے۔‘ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس ملاقات میں فوجی معاملات ایجنڈے پر تھے۔

٭…ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے یونان کو سختی سے خبردار کیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرے جو اس کی ‘بربادی’ کا باعث بن سکتے ہوں۔ یہ سخت پیغام اس وقت سامنے آیا جب یونان نے بدھ 26؍ اگست کو چند گھنٹوں قبل فرانس، اٹلی اور قبرص کے ساتھ اس خطے میں فوجی مشقوں کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔ یونان کی جانب سے اپنے اتحادی ممالک کے ساتھ بحیرۂ روم میں جنگی مشقوں کے اعلان نے ترکی کو مزید مشتعل کر دیا ہے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے مابین کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

ترک صدر نے ان ممالک کو خبردار کیا ہے کہ مشرقی بحیرہ روم میں ترکی کسی کو ‘کوئی رعایت’ نہیں دے گا۔

٭… برلن کے Charite Hospital کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کے نتائج سے پتہ چلا ہے کہ روس کے حزب اختلاف کے لیڈر Alexey Navalnyکو زہر دیا گیا تھا۔ انہیں 22؍ اگست بروز ہفتہ سائبیریا سے یہاں منتقل کیا گیا تھا۔

٭… ایران کے نیوکلیئر ادارے کا کہنا ہے کہ عالمی اٹامک انرجی کے سربراہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات تعمیری رہے ہیں۔

٭… بھارت کی حزب ِاختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگرس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی نے مخالفین کی جانب سے موروثی قیادت کی تنقید کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ پارٹی کی صدارت سے مستعفی ہورہی ہیں اور ان کا جانشین چننے کا عمل شروع کیا جائے۔ اس دوران وہ پارٹی کی عبوری صدر کے طور پر فرائض سرانجام دیں گی۔

٭… فلپائن کے قصبہ جولو میں 24؍ اگست بروز سوموار کو ہونے والے دو دھماکوں میں چودہ افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ مبینہ طور پرا یک دھماکا ایک خودکش حملہ آور خاتون نے کیا۔

٭… عالمی ادارۂ صحت جلد ہی افریقہ کو پولیو فری قرار دے گا۔ افریقہ میں پولیو کا آخری کیس چار سال قبل جنوب مشرقی نائیجیریا میں سامنے آیا تھا۔

٭… امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے اپنے مشرقِ وسطیٰ کے پانچ روزہ دورے کا آغاز 24؍ اگست سے یروشلم سے کیا جس کا مقصد متحدہ عرب امارات کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات معمول پر لانے والے امن معاہدے کے بعد دیگر عرب ریاستوں کو بھی اس معاملے پر عمل کرنے پر زور دینا شامل ہے۔ امریکی سیکرٹری خارجہ کا ایک پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ امریکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ اسرائیل کا مشرقِ وسطیٰ میں عسکری فائدہ برقرار رہے۔

سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ ہمدوک نے امریکی سیکرٹری خارجہ پر ملاقات میں یہ واضح کیا ہے کہ ان کے پاس اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کا مینڈیٹ نہیں ہے۔

دوسری طرف بحرین کے بادشاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ نے امریکی وزیرخارجہ کے دورے کے دوران 26؍ اگست کو اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے حق میں ہیں اور اسرائیل کو 1967ء میں فلسطین کے قبضہ کئے ہوئے تمام علاقے واپس کرنا ہوں گے۔

٭… مالی میں گزشتہ ہفتے ہونے والی فوجی بغاوت اور صدر ابراہیم ابوبکر کیٹا کے مستعفی ہونے کے بعد مغربی افریقی ممالک کے وفد اور فوجی افسران کے درمیان ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے۔

٭امریکی ریاست Wisconsin میں ایک سیاہ فام نہتے شخص Jacob Blake کو پولیس کی جانب سے گولیاں مارے جانے کے واقعہ کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں میں اب تک دو لوگ ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔

٭… الجزیرہ نیٹ ورک نے ان 2,500 کے قریب افراد میں سے 100کی فہرست شائع کی ہے جنہوں نے 2017-2019ءکے دوران قبرص کا پاسپورٹ خریدا۔ سکیم کے قواعد کے مطابق پاسپورٹ حاصل کرنے کے لیے ملک میں دو ملین یورو کی انویسٹمنٹ کرنا ضروری تھی۔

٭… ترکی کے صوبہ Giresun میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے تیز سیلاب سے 6 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 10لاپتہ ہیں۔ لاپتہ افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

٭… پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سوموار اور منگل (25,24؍ اگست) کو مون سون کی بارشوں کی وجہ سے مزید تین بچے جاں بحق ہوئے ہیں اور شہر کے بہت سے علاقے زیرِ آب آگئے ہیں۔

٭…امریکی ریاست کیلیفورنیا میں لگنے والی آگوں سے اب تک 1.25 ؍ ملین ایکڑ رقبہ جل چکا ہے۔ اب تک ان آگوں سے سات افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 1,400 عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔

٭…انغانستان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں شدید سیلابوں سے اب تک کم و بیش 70افراد جاں بحق اور 90 زخمی ہوئے ہیں۔ متعدد افراد ابھی بھی گرے ہوئے مکانوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

٭… سوشل میڈیا ایپ TikTok نے امریکی حکومت کی جانب سےاپنی سروسز پر مجوزہ پابندی کے خلاف عدالت سے رجوع کرلیا ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ امریکی صدر کی جانب سے ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیے جانے سے اتفاق نہیں کرتی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے 10ہزار امریکی شہریوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع ختم ہوجائیں گے۔

٭… فن لینڈ کی قومی ایئر لائن Finnair نے کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کی وجہ سے اپنے عملہ میں 1,000 کارکنان کو نوکری سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

٭… آسٹریلیاکی قومی ایئر لائن Qantas نے ایک بہت بڑے سالانہ خسارے کے بعد اعلان کیا ہے کہ وہ مزید 2,500 نوکریاں ختم کررہی ہے۔

٭…American Airlinesکا کہنا ہے کہ وہ موجودہ معاشی حالات کی وجہ سے اکتوبر تک مزید 19,000 کارکنان کو نوکری سے فارغ کردیں گے۔

٭… اقوامِ متحدہ کے ترجمان نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے باعث ملکوں میں کیے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے داعش کی جانب سے حملوں کا خطرہ کم ہوا ہے۔ البتہ یہ تنظیم شام اور عراق میں دوبارہ منظم ہو رہی ہے اور مغربی افریقہ میں اس کے 3,500کے قریب جنگجو موجود ہیں۔

٭… ہانگ کانگ کے محققین نے کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے کے بعد دوسری بار بیمار ہونے کے پہلے مصدقہ کیس کی تصدیق کی ہے۔ ہانگ کانگ یونیورسٹی کے محققین نے 24؍ اگست کو اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بظاہر ایک نوجوان اور صحت مند مریض ساڑھے چار ماہ بعد دوسری بار Covid-19 کا شکار ہوا ہے۔ اور ایسا اس شخص کے یورپ کے سفر کے دوران ہوا۔

کرکٹ:انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تیسرا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 583 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈیکلیئر کردی۔ Zak Crawley نے267؍ رنز جبکہ Jos Buttler نے 152 اپنے نام کیے۔ جواب میں تیسرے دن کے اختتام پر پاکستان کی ٹیم 273 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اظہر علی نے 141 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ انگلینڈ نے پاکستان پر 310 رنز کی برتری کی بنیاد پر پاکستان کو فالو آن کروایا۔ دوسری اننگز میں پاکستان نے187 رنز بنائے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز صفر کے مقابلے میں ایک سے جیت لی۔۔ Zak Crawleyکو میں آف دی میچ اور انگلینڈ کے Jos Buttler اور پاکستان کے محمد رضوان کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ برطانیہ کے فاسٹ باؤلر James Anderson نے اس میچ میں اپنی 600 ؍ وکٹیں مکمل کیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلے فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے 600 ؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔

ایتھلیٹکس:جمیکا سے تعلق رکھنے والے دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

فٹ بال:اتوار 23؍ اگست کو چیمپئنز لیگ فٹ بال کے فائنل میں Bayern Munich نے PSG کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا کر اس ٹورنامنٹ میں چھٹی بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ میونخ کی ٹیم وہ واحد ٹیم ہے جس نے لیگ کے دوران اپنے تمام میچ جیتے۔ میچ کا واحد گول Comanنے 59ویں منٹ میں سکور کیا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button