جامعۃ المبشرین سیرالیون میں مقابلہ تلاوت و جلسہ سیرت النبی ﷺ
مقابلہ تلاوت
جامعۃ المبشرین سیرالیون میں طلباء کی عملی استعدادوں اور فاستبقواالخیرات کے تحت مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے مجلسِ علمی باقاعدہ طور پر قائم ہے۔ مجلسِ علمی کے تحت طلباء کو تین گروپوں (نور، محمود، ناصر) میں تقسیم کرکے ان کے درمیان انفرادی اور اجتماعی مقابلے کروائے جاتے ہیں۔ اور سال کے آخر میں پوائنٹ سسٹم کی بنیاد پر بہترین گروپ اور بہترین طالب علم کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
اس سال کا پہلا مقابلہ تلاوت مورخہ 23؍ستمبر بروز بدھ بعد نماز عصر مکرم حافظ اسداللہ وحید صاحب، استاذ جامعہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ آپ کے ساتھ مکرم شیخ ظافرا حمد صاحب استاذ جامعہ اور مکرم حامد علی بنگورا صاحب استاذ جامعہ نے منصفی کے فرائض سرانجام دیے۔ مقابلہ کے لیے کوئی خاص نصاب مقرر نہیں کیا گیا تھا بلکہ شاملین اپنی پسند سے قرآن کریم کے کسی بھی حصے سے تلاوت کرسکتے تھے۔ ہر گروپ سے پانچ طلباء نے ا س مقابلہ میں حصہ لیا۔ الحمدللہ، تمام طلباء بھرپور تیاری کے ساتھ اس مقابلے میں شامل ہوئے۔
منصفین کے فیصلہ کے مطابق عزیزم محمد ییرو کمارا، اول، عزیزم سلیمان سُو، دوم اور عزیزم محمد بلال کوروما ، سوم قرار پائے۔ مکرم مہمانِ خصوصی نے طلباء کو تلاوت قرآن کریم سے متعلق بعض نصائح کیں اور دعا کے ساتھ اس بابرکت مقابلہ کا اختتام ہوا۔
جلسہ سیرۃ النبی ﷺ
جامعۃ المبشرین سیرالیون میں طلباء کے علم میں اضافے اور قوتِ بیان میں بہتری کے لیے باقاعدہ طور پر سیمینار اور جلسے منعقد کیے جاتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے باقاعدہ طور پر مجلسِ ارشاد قائم ہے اور باقاعدگی سے مختلف اہم موضوعات پر پروگرامز منعقد کیے جاتے ہیں۔
مورخہ 27؍ستمبر بروز اتوار جلسہ سیرۃ النبی ﷺ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز دن کےگیارہ بجے مکرم مبارک احمد گھمن صاحب ، پرنسپل جامعۃ المبشرین کی صدارت میں تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس سال مقابلۂ تلاوت میں دوم آنے والے طالب علم عزیزم سلیمان سو نے تلاوت قرآن اور اس کا ترجمہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ عزیزم ابراہیم ایس کروما نے حضرت خلیفۃ المسیح الرابع رحمہ اللہ کی نعت حضرتِ سیدِ ولدِ آدم پیش کی اور اس کا انگریزی ترجمہ عزیزم حسن نوحا نے پیش کیا۔
پروگرام کی پہلی تقریر عزیزم عبدالکریم طورے نے بعنوان آنحضورﷺ بطور داعی الی اللہ۔ دوسری تقریر استاذ جامعہ مکرم حافظ اسد اللہ وحید صاحب نے آنحضرت ﷺ کے طریقِ نصیحت پر پیش کی اورواقعاتی رنگ میں بتایا کہ آپ کا اندازِ نصیحت کس قدر بہترین اور ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔
پروگرام کی تیسری اور آخری تقریر مکرم پرنسپل صاحب کی تھی جس میں آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عشقِ رسول ﷺ کے متعلق بتایا۔ آپ نے بتایا کہ خدا تعالیٰ کی محبت حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ اطاعت رسول ﷺ ہے۔
تقاریر کے بعد طلباء کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا اور طلباء نے موقع کی مناسبت سے سوالات پوچھے اور اساتذہ کی جانب سے ان کے جوابات دیے گئے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں حقیقی معنوں میں آنحضور ﷺ سے محبت اور آپؐ کے اسوہ پر عمل کرنے والا بنائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)