احمد علیہ السلام۔ سیرت و سوانح
باغ میں ملّت کے ہے کوئی گلِ رعنا کھلا
حضرت اقدس علیہ السلام کا پاکیزہ بچپن
قادیان کی درس گاہ
آپؑ کی تدریس تواس وقت کے مروجہ دستورکے مطابق شروع ہوئی لیکن اس میں ایک اَور امتیازیہ بھی تھا کہ حضر ت اقدسؑ کے والد ماجدنے کچھ اس طرح کاانتظام فرمایاہواتھاکہ ہرچندکہ ان اساتذہ کوالاؤنس یاوظیفہ تو خود دیاکرتے لیکن قادیان کے جتنے بچے بھی پڑھناچاہتے تھے ان کواجازت تھی کہ مفت تعلیم حاصل کرنے کے لئے یہاں آیاکریں۔درس وتدریس کے لیے وہ کون سی جگہ تھی اس کے متعلق ہمیں یہ معلوم ہوتاہے کہ یہ درسگاہ اس جگہ واقع تھی جس جگہ [2011ءمیں] وقف جدید کا دفتر اور حضرت نواب محمد علی خان صاحبؓ کا مکان ،یعنی گول کمرے کے سامنے والی جگہ جو اُس وقت کچا دیوان خانہ تھی۔
حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی صاحب ؓ اس زمانہ طالب علمی میں آپؑ کے معمولات اور اس درس گاہ کاذکر کرتے ہوئے فرماتے ہیں :
’’مجھے وہ دستور العمل بیان کر دینا چاہیے جو ایام طالب علمی میں آپ کا تھا۔وہ کچا دیوان خانہ جہاں آج کل نواب محمد علی خان صاحب کے مکانات بنے ہوئے ہیں یہ تعلیم گاہ تھا۔عام طور پر مدرس لوگ طلباء سے کچھ ماہوار لے لیا کرتے تھے مگر حضرت مرزا غلام مرتضیٰ صاحب اپنے بچوں کی تعلیم کے لئے جس استاد کو مقرر کرتے آپ اس کو پوری تنخواہ دیتے اور دوسرے بچوں کو مفت تعلیم دینے کی اجازت دیتے۔اس وجہ سے جہاں حضرت اقدس مرزا غلام احمد صاحب تعلیم پاتے تھے اس مکتب میں آپ کے طفیل سے اَور بچے بھی پڑھتے ۔ بچے بچے ہی ہوتے ہیں ان میں ہر قسم کی باتیں کھیل کود، ہنسی، مذاق کی ہوتی ہیں۔ان کی عام عادت یہ تھی کہ یہ اپنا سبق آپ پڑھا کرتے تھے۔بعض لڑکوں کا دستور ہوتا ہے کہ وہ صرف سماعت کرتے ہیں قراءت نہیں کرتے مگر حضرت مرزا صاحب ہمیشہ اپنا سبق آپ پڑھتے اور دو یا تین دفعہ کہہ لینے کے بعد جماعت سے اٹھ جاتے اور اوپر بالاخانہ میں چلے جاتے۔وہ بالاخانہ اب تک موجود ہے اور وہاں جا کر اکیلے اس کو یاد کرتے۔اور اگر کچھ بھول جاتا تو پھرنیچے آتے اور استاد سے براہ راست پوچھتے اور پوچھ کر پھر اوپر چلے جاتے۔ان لڑکوں کی کھیل کود اور تفریحوں میں کبھی شریک نہ ہوتے تھے۔ہاں یہ آپ کے عادات میں داخل تھا کہ ان بچوں اور لڑکوں میں سے اگر کسی کو سبق بھول جائے یا نہ آئے تو اس کو بتلا دینے اور یاد کرا دینے میں کبھی بخل سے کام نہ لیتے۔‘‘(حیات احمدؐ،جلد اول صفحہ 214،213)
بٹالہ میں تدریس اور محمدحسین بٹالوی کو ہم مکتب ہونے کااعزاز
آپؑ کی عمر مبارک 17 یا 18 سال کی ہوگی اور سن 1852ء یا 1853ء ہوگا کہ جب کچھ دیگر علوم کے لئے تیسرے استاد مقرر ہوئے۔ یہ استاد مولوی گل علی شاہ صاحب بٹالہ کے رہنے والے اور مذہبا ً شیعہ تھے۔ یہ استاد اسی تعلیم کے سلسلہ میں کچھ عرصہ کے لئے بٹالہ سے قادیان چلے آئے۔ مگر مولوی گل علی شاہ صاحب قادیان میں مختصر قیام کے بعد بٹالہ چلے گئے۔ اس لئے حضور انور کو بھی کچھ عرصہ کے لئے بغرض تعلیم بٹالہ میں فروکش ہونا پڑا۔ بٹالہ میں حضورؑ کے خاندان کی دکانیں اور ایک بہت بڑی حویلی تھی( جو بعد میں مقدمات کے نتیجہ میں فروخت ہوگئی) حضور نے اسی بڑی حویلی میں قیام فرمایا۔[یہ حویلی اغلباً میاں محلہ میں اچلی گیٹ میں واقع تھی۔]
In Batala Ahmad stayed in a building which belonged to his father; it was probably situated near Achli Gate in Mian Mohalla.
( LIFE OF AHMAD by A.R.Dard pg 29,30)
ان دنوں آپ کے ہم مکتبوں میں مشہور اہل حدیث مولوی محمد حسین صاحب بٹالوی اور لالہ بھیم سین بھی شامل ہوگئے جنہیں آپ کی خدا نما شخصیت کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا اور وہ ہزار جان سے آپ کے فریفتہ ہوگئے۔لالہ بھیم سین صاحب کےنانا مٹھن لال صاحب بٹالہ میں اکسٹرااسسٹنٹ تھے اور اس زمانہ میں لالہ بھیم سین صاحب بٹالہ میں ہی اپنے نانا کے ہاں رہتے تھے ۔یہیں مولوی محمدحسین بٹالوی اور لالہ بھیم سین صاحب بھی مولوی گل علی شاہ صاحب سے پڑھنے لگے اوریوں انہیں حضرت اقدسؑ کے ہم مکتب ہونے کا شرف حاصل ہوا۔
اساتذہ کاادب واحترام
آپؑ کے تدریس کے معمولات کا یہ ذکر بالکل نامکمل رہے گا اگر یہ ذکر نہ کیاجائے کہ آپؑ کا اپنے اساتذہ کے ساتھ کیا مؤدبانہ تعلق تھا۔آپؑ ایک رئیس زادے ہونے کے باوجود اپنے اساتذہ کاپوری طرح احترام فرماتے اور کوئی مذاق یابے ادبی کی حرکت نہ ہوتی اور نہ کسی شرارت میں حصہ لیتے۔ بعض اوقات اس مکتب کے بعض طالب علم اپنے استاد سید گل علی شاہ صاحب سے کوئی مذاق بھی کر بیٹھتے۔ان کو حقہ پینے کی بہت عادت تھی اور اسی سلسلہ میں بعض شوخ طالب علم مذاق کر لیتے۔لیکن حضرت اقدس علیہ السلام ہمیشہ ان کا ادب و احترام کرتے اور ایسی شرارتوں سے بیزار اور الگ رہتے۔
( بحوالہ حیات احمد جلد اول صفحہ 82)
چند اقساط قبل حضرت اقدسؑ کی تحریرمبارک سے ایک اقتباس نوٹ کیاگیا ہے کہ کم وبیش چالیس سال بعد بھی جب اپنے ایک استادکا ذکر فرمایا ہے تو کس قدر محبت اور احترام سےذکر فرمایا اور ان کے صاحبزادے کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا ’’یہ مولوی صاحب اس عاجز کے استاد زادہ ہیں۔‘‘
(ازالہ اوہام، روحانی خزائن جلد 3صفحہ542)
چالیس پینتالیس سال قبل حضرت اقدسؑ چھ سات سال کے طفل تھے۔اور 1891ء میں جب یہ ذکر ہوا توآپ خداکے فرستادےاور اس کے مامورومرسل کے اعلیٰ وارفع مقام پر فائز ہوچکے تھے۔لیکن آپ نے اس وقت بھی اپنے استاد کویادرکھااور محبت واحترام سے ذکر فرمایاہے۔اس سے بخوبی اندازہ کیاجاسکتاہے کہ آپؑ اپنے اساتذہ کاکس قدرادب واحترام کیاکرتے ہوں گے۔
صحتمندانہ تفریح ،شکار اور ورزش
یہ ذکر ہوچکاہے کہ ہرچند کہ آپؑ کی طبیعت ابتداسے ہی خلوت پسند واقع ہوئی تھی لیکن صحتمندانہ تفریح اور ورزش اور معمولات آپؑ کی زندگی کا حصہ رہے۔آپؑ تیراکی بھی کرتے۔آپؑ جسمانی ورزش کے طورپر مگدراورموگریاں بھی پھیرلیاکرتے تھےاور پیدل چلنا اور سیر کرنا تو آپؑ کی زندگی کا ایسامعمول تھا جو آخری عمربلکہ آخری دن تک جاری رہا۔صبح اور کبھی شام مستقل طورپر کئی کئی میل کی سیر آپؑ کے معمولات کا حصہ رہی۔اور اس کے علاوہ بھی گھنٹوں مسجد کے صحن میں چلنا ،حتیٰ کہ آپ کو پڑھتے اور لکھتے وقت بھی ٹہلنے کی عادت تھی۔ حضرت معراج الدین عمر صاحبؓ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کے سوانح لکھتے ہوئے بیان فرماتے ہیں کہ
’’آپ کی عادت شروع سے ایسی ہی تھی کہ اکثر مطالعہ ٹہل کر کرتے تھے۔اورایسے محو ہوکر کثرت سے ٹہلتے تھے کہ جس زمین پر ٹہلتے تھے۔دب دب کر باقی زمین سے متمیز اور بہت نیچی ہوجاتی تھی۔‘‘(’’براہین احمدیہ”( حضرت مسیح موعودؑ کے مختصرحالات) شائع کردہ میاں معراج الدین عمرؓ صاحب صفحہ 63)
آپؑ کے ٹہلنے کی عادت مبارکہ کے بارہ میں اس وقت کے ایک ابتدائی اورقریبی تعلق رکھنے والے ہندودوست محترم لالہ ملاوامل صاحب کا بیان ہے کہ
’’حضرت مرزا صاحب کا معمول تھا کہ وہ ظہر کی نماز بڑی مسجد میں پڑھ کر ٹہلنے لگتے۔ اور میں اپنی دکان پر سے جب دیکھتا کہ آپ ٹہل رہے ہیں تو سمجھ لیتا کہ نماز سے فارغ ہو گئے ہیں چنانچہ میں بھی چلا جاتا اور برابر عصر تک وہ ٹہلتے رہتے اور گفتگو کا سلسلہ بھی جاری رہتا‘‘۔(حیات احمدؑ جلداول صفحہ 228)
ٹہلتے ہوئے لکھنے کے متعلق سیرت المہدی کی ایک روایت ہے۔
’’آپ کی عادت تھی کہ کاغذ لے کر اس کی دو جانب شکن ڈال لیتے تھے تا کہ دونوں طرف سفید حاشیہ رہے اور آپ کالی روشنائی سے بھی لکھ لیتے تھے اور بلیو، بلیک سے بھی ۔اور مٹی کا اُپلہ سا بنوا کر اپنی دوات اس میں نصب کروا لیتے تھے تا کہ گرنے کا خطرہ نہ رہے۔آپ بالعموم لکھتے ہوئے ٹہلتے بھی جاتے تھے یعنی ٹہلتے بھی جاتے تھے اور لکھتے بھی ۔اور دوات ایک جگہ رکھ دیتے تھے جب اس کے پاس سے گزرتے نب کو تر کر لیتے۔‘‘
(سیرت المہدی جلد اول روایت نمبر23)
پیدل چلنے کے متعلق تو ہم حضرت اقدسؑ کی سیرت وسوانح میں متعدد جگہ بالخصوص آپؑ کے معمولات ِسفر میں دیکھیں گے کہ آپؑ علاوہ روزمرہ سیر کے بٹالہ،ڈلہوزی اور دیگر قصبات ودیہات میں پیدل بھی چلے جایاکرتے تھے۔موگریاں اورمگدر سے ورزش کرنے کی بابت آپؑ کے صاحبزادے حضرت مرزابشیرالدین محموداحمدصاحب خلیفۃ المسیح الثانیؓ فرماتے ہیں :
’’حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام مونگریاں اورمگدر پھیراکرتے تھے بلکہ وفات سے سال دو سال قبل مجھے فرمایا کہ کہیں سے مونگریاں تلاش کرو جسم میں کمزوری محسوس ہوتی ہے۔چنانچہ میں نے کسی سے لا کردیں اور آپ کچھ دن انہیں پھراتے رہے۔بلکہ مجھے بھی بتاتے تھے کہ اس اس رنگ میں اگر پھیری جائیں تو زیادہ مفید ہیں۔‘‘
(خطبہ جمعہ فرمودہ 10 فروری 1939ء بحوالہ مشعل ِ راہ جلد اول ایڈیشن دوم ص 110)
آپؑ کے شکار کرنے کے متعلق ذکرہوچکا کہ بچپن میں باہر جنگل میں لاسا [ ایک چپکتا ہوا لعاب دار مادہ جو خاص کر بڑ کے دودھ سے بنایا جاتا ہے۔(عموماًچھوٹے پرندوں کو پکڑنے کے لئے جال وغیرہ میں مستعمل)۔(اردو لغت تاریخی اصول پر زیر لفظ’’لاسا‘‘)]اور غلیل وغیرہ کے ذریعہ چڑیوں اور پرندوں کا شکارکرنے کے بارہ میں بعض روایات ملتی ہیں۔ بلکہ ایک روایت تو بندوق چلانے کے متعلق بھی ملتی ہے۔حضرت شیخ یعقوب علی عرفانی ؓ بیان فرماتے ہیں :
’’عام طور پر غلیل کے ذریعہ سے شکار کیا جاتا تھا۔میری اپنی تحقیقات سے تو یہ پتہ لگتا ہے کہ حضرت مسیح موعودعلیہ السلام بھی کبھی کبھی غلیل چلاتے تھے مگر آپ کے اس شوق کی تعداد شاید تین چار بار سے زیادہ نہ ہو۔یہ شوق اگر اس کو شوق کہا جاوے صرف اس وجہ سے ہوا ہے کہ آپ کے دیوان خانہ کے پاس اس حصہ میں جہاں مرزا سلطان احمد صاحب کا مکان ہے۔ایک شخص بسّا نامی رہا کرتا تھا جو باہر رکھوالا ہوتا تھا۔ وہ حفاظت کے لئے غلیل رکھا کرتا تھااس سے لے کر کبھی آپ بھی چلا لیتے اور اسی شوق میں ایک مرتبہ اڑتے ہوئے طوطے کو شکار کر لیا۔مگر حضرت صاحبزادہ میرزا بشیرالدین محمود احمد صاحب ایّدہ الله الاحد جن کے عہد خلافت میں میں یہ سیرت لکھ رہا ہوں فرماتے ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے بندوق کے ساتھ شکار کیا تھا اور یہ روایت حضرت مسیح موعودعلیہ السلام نے خود بیان فرمائی۔حضرت صاحبزادہ صاحب کو بحالی صحت کے لئے شکار بندوق کا مشورہ دیا گیا اور بعض اور اسباب بھی تھے جن کے لئے آپ نے ہوائی بندوق اولاً منگوائی تو حضرت مسیح موعودؑ نے فرمایا کہ پنجابی میں ایک ضرب المثل ہے۔باپ نہ ماری پدڑی بیٹا میر شکار۔مگر آپ کو کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کیونکہ ہم نے ایک مرتبہ شکار کے لئے بندوق چلائی تو ایک پدّی شکار ہو گئی۔‘‘
(حیات احمدؑ،جلداول ص215،214)
حیات احمدؑ جلداول کے صفحہ 437 کے مطابق آپؑ نے ایک مرتبہ بندوق سے گل دم ( ایک پرندہ جس کی دم کے نیچے سرخ پر اور سر پر کلغی ہوتی ہے، ہندوستانی بلبل۔) کاشکاربھی کیا۔
(باقی آئندہ)