خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(05؍اکتوبر۔ 08:00 GMT)
کل مریض: 35,420,628
صحت یاب ہونے والے: 26,635,298
وفات یافتگان: 1,042,076
٭…مکہ مکرمہ میں ایس او پیز کے تحت سات ماہ بعد عمرہ کی ادائیگی کا پہلا مرحلہ شروع ہوگیا۔ پہلے مرحلے میں طواف دو قطاروں میں کیا گیا۔ نئے انتظامات کے تحت ہر پندرہ منٹ میں سو افراد طواف کرسکیں گے۔ مسجد الحرام کی انتظامیہ کے مطابق اب تک عمرہ کی ادائیگی کے لئے ایک لاکھ آٹھ ہزار اکتالیس مقامی اور سعودیہ عرب میں مقیم غیر ملکی افراد نےرجسٹریشن کروائی ہے۔
٭…اسلام مخالف سرگرمیوں کی وجہ سے ڈنمارک کی دائیں بازو کی مشہور پارٹی سٹریم کرس (ہارڈ لائن) نے فریڈرشیا شہر کے ایک علاقے میں قرآن مجید کو سر عام نذرِ آتش کیا۔ یاد رہے کہ اس علاقے میں زیادہ تر ترکی اور مسلمان تارکین وطن آباد ہیں۔ اس دلخراش واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مسلمانوں میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اسلام مخالف مظاہرے اور قرآن کریم کی بےحرمتی کرنے پر مشتعل افراد گھروں سے باہر نکل آئے اور اسلام مخالف پارٹی کی سرگرمیوں کی بھرپور مذمت کی۔ پیلوڈن نے اس سے قبل سویڈن میں بھی قرآن کریم کو جلانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سویڈش حکومت نے اس پر ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی، تاہم اس کی عدم موجودگی میں اس کے سپورٹرز نے قرآن کریم کا نسخہ جلا دیا تھا جس کے بعد مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ یا تھا۔
٭…آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان نگارنو کارا باخ ریجن میں جھڑپیں جاری ہیں۔ جھڑپوں میں اب تک 200 کے قریب ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔ امریکہ، روس اور فرانس کے صدور کی ایک مشترکہ اپیل پہ آرمینیا نے خطے میں جنگ بندی کے لیے عالمی ثالث کاروں کے ساتھ مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا۔ ٹوئٹر پر صدر ٹرمپ نے ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی۔ وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف مارک میڈوز کے مطابق صدر پچھلے 24گھنٹوں کے دوران انتہائی تشویشناک صورتحال سے گزرے تاہم یہ واضح نہیں کہ صدر کی طبیعت مکمل بحال ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کو جمعہ کو ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے آکسیجن لگانا پڑی تھی۔
مزید برآں ٹرمپ کی صدارتی مہم کے منیجر بل اسٹیفن (Bill Stepien) اور وائٹ ہاؤس جانے والے تین صحافیوں کا بھی کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔
٭…فرانسیسی صدر عمانوئیل میکراں کا کہنا ہے کہ فرانس کے 60 لاکھ مسلمان اپنا الگ معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں، انہیں روکنے کے لیے سخت قوانین وضع کیے جانے چاہئیں۔ اس موقع پر میکراں نے اپنا چار نکاتی ایجنڈا بھی پیش کیا جس کے تحت غیر ملکی اماموں اور مساجد کی فنڈنگ کے ساتھ ساتھ گھر پر تعلیم و تربیت پر بھی پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔ فرانسیسی مسلمانوں نے اس پلان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن قرار دیا ہے۔ نیا قانون پاس ہونے کی صورت میں مسلمان خواتین گھر سے باہر حجاب نہیں لے سکیں گی جبکہ دیگر کئی مذہبی عقائد پر بھی قدغن لگ جائے گی۔
٭…چیئرمین افغانستان اعلیٰ قومی مصالحتی کونسل عبداللہ کا کہنا ہے کہ وہ ہر اس گروہ کے خلاف ہیں جو کسی بھی ملک کے لیے خطرہ ہوں، چاہے ہمسایہ ملک ہو یا نہ ہو۔ انہوں نے برطانوی میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ دہشت گرد گروہ کسی بھی ملک اور ریاست کے جائز مفادات کے لیے کام نہیں کرتے۔ ہم اعتماد کی بحالی میں اپنا حصہ ڈالنے اور ہمسایہ ملک کے ساتھ پرامن، دوستانہ ماحول میں رہنے کے لیے مل کر کام کرتےرہیں گے۔
٭…روس میں خاتون صحافی ارنا سلاوینا نے وزارت داخلہ کی عمارت کے سامنے خود کو آگ لگالی۔ خودسوزی سے ایک دن پہلے پولیس نے صحافی کے اپارٹمنٹ سے تلاشی لے کر ان کا لیپ ٹاپ، دستاویزات اور فون قبضے میں لے لیا تھا۔ انہوں نےخود سوزی سے پہلے سوشل میڈیا پر پیغام میں روسی حکومت کو اپنی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ خبر ایجنسی کے مطابق وہ حکومتی سنسرشپ پالیسیز پر تنقید کرنےوالے خبر رساں ادارے کے لیے کام کر رہی تھیں۔
٭…مصر میں ماہرین آثار قدیمہ نے حال ہی میں 2500سال پہلے دفن کیے گئے 59تابوت کھولنے کا سلسلہ شروع کیا تو تابوت میں سے ایک ممی برآمد ہوئی جو کپڑوں میں لپٹی ہوئی تھی۔ سپریم کونسل آثار قدیمہ کے سیکرٹری جنرل مصطفےٰ وزیری کا کہنا ہے کہ ہم اس دریافت پر بے حد خوش ہیں۔آثار قدیمہ کے وزیر خالد انانے کا کہنا ہے کہ جلد ہی تمام تابوتوں کو کھول لیا جائے گا۔
٭…بیلجیم کی ایک آرٹسٹ ڈیلفین بوئل نے بالآخر سات برس کی عدالتی جنگ کے بعد عدالت کو قائل کرلیا کہ انہیں سرکاری طور پر شہزادی کا عہدہ یا خطاب استعمال کرنے کا حق دیا جائے۔ عدالت نے انہیں یہ حق ان کی جانب سے یہ دعویٰ ثابت کرنے پر دیا جس میں خاتون نے کہا تھا کہ وہ سابق بادشاہ البرٹ ثانی کی بیٹی ہیں۔ ڈی این اے ٹیسٹ میں یہ ثابت ہوا ہے کہ شاہ البرٹ ثانی اس خاتون کے والد تھے۔
٭…صوبہ پنجاب، پاکستان کے ضلع وہاڑی کی مقامی عدالت نے زیادتی اور قتل کے مجرم اظہر کو 3بار پھانسی کی سزا سنادی۔ مجرم نے 11 ماہ قبل 5 اور 7 سالہ بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کردیا تھا۔ دوسری جانب کے پی کے چائلڈ پروٹیکشن کورٹ میں 5سالہ بچی سے زیادتی کے مجرم جان محمد کو 14سال قید اور 10لاکھ روپے کی سزا سنائی گئی۔
٭…افغانستان میں کار بم دھماکے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 30سے زائد زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق کار بم دھماکا صوبہ ننگرہار کے ضلع غنی خیل میں سرکاری عمارت کے کمپاونڈ کے قریب ہوا۔سیکیورٹی فورسز نے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ دھماکے میں افغانستان کے انٹرنیشنل کرکٹ امپائر بسم اللہ جان شنواری کی بھی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا جبکہ انہوں نے خود منظرِ عام پر آتے ہوئے اس دعوے کی تردید کی۔
٭…لندن میں پولیس کے ایک اہلکار نے ماسک نہ پہننے پر ایک خاتون کا گلا اتنی زور سے دبایا کہ اسے سانس لینے میں دشواری ہونے لگی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اگر وہ تھوڑی دیر اور خاتون کا گلا دبائے رہتا تو اس کی موت بھی ہو سکتی تھی، سوشل میڈیا پر پولیس اہلکار کی اس حرکت پر سخت تنقید کی جارہی ہے۔
٭…ايتھوپيا ميں شديد بارش اورسيلاب سے30 لاکھ افراد متاثر ہو گئے جن میں سے 10 لاکھ افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہيں۔ بارشوں کے باعث کورونا وائرس اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کے خدشات میں اضافہ ہوگيا ہے۔ حکام کا کہنا ہےکہ بارش سے متاثرہ لوگوں کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے 40 ملین ڈالرز کی ضرورت ہے۔
٭…اتوار کو بھارت کے مقامی وقت صبح 7بجے بھارتی بحریہ کا بغیر انجن والا گلائیڈر طیارہ معمول کی پرواز کے دوران کیرالہ میں کوچی کے مقام پر گر کرتباہ ہوگیا۔ حادثے میں طیارے میں سوار دو نیوی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر پائلٹوں کو ہسپتال منتقل کر دیا لیکن دونوں میں سے کوئی بھی جانبر نہ ہو سکا.
٭…پاکستان میں کوہ پیمائی کی تنظیم ’الپائن کلب‘ کے مطابق پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما ایلزوک مائیکل شمالی پاکستان میں دھی دستھ سر نامی پہاڑی چوٹی سر کرنے کی کوشش میں گر کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ چھ ہزارمیٹر بلند یہ چوٹی پہاڑی سلسلے قراقرم میں واقع ہے۔
٭…ایران کے دارالحکومت تہران میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا جس کے بعد دوبارہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تہران میں تعلیمی ادارے، مساجد اور عوامی مقامات ایک ہفتے کے لیے بند کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دارالحکومت تہران میں 9؍اکتوبر تک تھیٹرز، جِم، سیلون، میوزیم اور کیفے بھی بند رہیں گے جبکہ ہر قسم کی سماجی تقاریب پر بھی پابندی ہوگی۔
٭…کورونا وائرس سے بیلجیم میں ہوٹل اور سیاحت کے شعبے کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ حکومت نے اپنے شہریوں کو اندرون ملک سیاحت کے لیے راغب کرنے کے لیے ریل کے ادارے کے ساتھ مل کر ’ہیلو بیلجیم‘ نامی سکیم کا اعلان کیا ہے۔ اس حکومتی سکیم کے مطابق 30؍ستمبر تک درخواست دینے والے تمام افراد کو 12 یکطرفہ ریل پاس جاری کیے جائیں گے۔ اس سکیم کے لیے مجموعی طور پر 36لاکھ شہریوں نے درخواستیں جمع کروائیں۔ اس ریل پاس کے ذریعے شہری 5؍اکتوبر سے لے کر 31؍مارچ 2021ء تک ملک کے اندر 500 مقامات کے لیے ہر ماہ 2دفعہ سفر کر سکیں گے۔
٭…امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی کی کارنیل الائنس فار سائنس کی ٹیم نے ایک تحقیق میں انکشاف کیا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کووڈ ۔19 کی غلط معلومات کے باعث پیدا ہونے والی غلط فہمیوں یا ’انفوڈیمک‘ کے سب سے بڑے ذمہ دار ثابت ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے رواں سال یکم جنوری سے 26؍مئی کے درمیان انگریزی زبان اور مقامی میڈیا میں شائع کردہ 38 لاکھ مضامین کا جائزہ لیا گیا ہے۔ محققین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان غلط فہمیوں میں معجزاتی علاج، نیو ورلڈ آرڈر، ڈیمو کریٹک پارٹی کے سیاسی فائدے اور چین کی جانب سے وائرس پھیلانے سمیت متعدد نظریات شامل ہیں۔
٭…ٹوئٹر پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ کچھ دوسری ریاستوں کے مقابلے میں اللہ پاک نے ہم پر مہربانی کی ہے اور ہمیں کورونا وائرس کے بدترین اثرات سے بچایا ہے تاہم خدشہ ہے کہ موسم سرما کا آغاز کورونا وائرس کی دوسری لہر کے آغاز کا سبب بن سکتا ہے۔
٭…سوئٹزرلینڈ کی سرکاری یونیورسٹیوں کی نمائندہ تنظیم کی ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ ہیکرز نے سوئٹزرلینڈ کے معتبر اور قدیم ترین تعلیمی ادارے ’بیزل یونیورسٹی ‘ سمیت تین یونیورسٹیوں کے کمپیوٹر سسٹم میں داخل ہوکر لاکھوں سوئس فرانکس ہتھیا لیے۔
فٹبال:انگلش پریمیئر لیگ میں چیلسی نے کرسٹل پیلس کو چار صفر سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کرلی، جارگینہو نے 2گول کیے جبکہ پریمیئر لیگ کے ڈیبیو میچ میں 23سالہ بین شیلویل نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک گول سکور کیا۔ ڈیبیوٹنٹ بین شیلویل کو عمدہ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
٭…ای ایف ایل کپ کے پری کوارٹر فائنل میں آرسنل نے لیورپول کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ میچ کا فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹس پر ہوا۔ کوارٹر فائنل میں آرسنل کا مقابلہ مانچسٹر سٹی سے ہوگا۔