جامعۃ المبشرین سیرالیون کی سرگرمیاں
مقابلہ پیغام رسانی
مورخہ 30؍ستمبر کو بعد نمازِ ظہر مقابلۂ پیغام رسانی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ مقابلہ گروپس کی بنیاد پر تھا اور ہر ٹیم پانچ طلباء پر مشتمل تھی۔ اس بات کا خاص خیال رکھا گیا تھا کہ تمام کلاسز کے طلباء کی اس میں نمائندگی ہو۔ تین ٹیموں کے پندرہ طلباء نے اس مقابلہ میں حصہ لیا۔ مکرم حافظ اسداللہ وحید صاحب استاذ جامعہ نے اس مقابلہ میں منصفی کے فرائض سرانجام دیے۔ مقابلہ کے پیغام کے لیے ایک حدیثِ مبارکہ کا انگریزی ترجمہ منتخب کیا گیا تھا۔ محمود گروپ نے بہترین طور پر پیغام پہنچا کر مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مقابلہ کا اختتام دعا سے ہوا۔
سیمینار بعنوان وقفِ زندگی
مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب، امیر ومشنری انچارج سیرالیون کے دورۂ کینیما اور بو شہر سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مورخہ 30؍ستمبر بعد نمازِ مغرب و عشاء طلباء کے ساتھ وقفِ زندگی کی اہمیت اور برکات پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ عزیزم محمد ییرو کمارا نے تلاوت و انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ عزیزم بشیرالدین کمارا، عزیزم علی بی کانو اور عزیزم محمد جی کمارا نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی نظم نونہالانِ جماعت مجھے کچھ کہنا ہے ، پیش کی۔
سیمینا ر کا مقصدجامعہ احمدیہ میں داخل ہونے والے نئے طلباء کو وقفِ زندگی کی ضرورت، اہمیت اور واقفینِ زندگی کی ذمہ داریوں اور قربانی کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔
مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں طلباء کو بتایا کہ انبیاء علیہم السلام وقفِ زندگی کا عملی نمونہ ہیں اور ہمارے آقا و مولیٰ حضرت محمد ﷺ نے اپنی تمام زندگی، تمام تر مشکلات کے باوجود خدا کے دین کی اشاعت اور اس کی خاطر قربانیوں میں بسر کی۔ اور اس دور میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسلام کی اشاعت اور دفاع میں اپنی زندگی گزاری۔ پس ہمیں بھی ان اعلیٰ نمونوں پر چلتے ہوئے بغیر کسی لالچ اور طمع کے یا کسی انعام کی خواہش کے اسلام کے پیغام کو آگے پہنچانا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ پروگرام کا اختتام دعا سے ہوا۔
(رپورٹ: عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)