حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ

(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال

(12؍اکتوبر۔ 08:00 GMT)

کل مریض: 37,773,829

صحت یاب ہونے والے: 28,366,773

وفات یافتگان: 1,081,667

٭…آرمینیا نے دعویٰ کیا ہے کہ آذربائیجان نے سیز فائر سے چند منٹ قبل کاراباخ کے دارالحکومت اسٹپن کیرٹ (Stepanakert) پر میزائل داغے ہیں، میزائل حملے میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ دوسری جانب آذربائیجان کی وزارتِ دفاع نے کہا ہے کہ آرمینیا نے سیز فائر سے قبل گنجان آباد مختلف اضلاع میں شدید شیلنگ کی ہے جس پر آذربائیجان جوابی کارروائی کر رہا ہے۔ اس سے قبل آرمینیا اور آذربائیجان نے ماسکو میں ہونے والے مذاکرات میں جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے حریف جو بائیڈن کے مابین 15؍ اکتوبر کو ہونے والا اگلا صدارتی مباحثہ ورچوئل طریقہ سے منعقد کئے جانے کے بارے میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اختلافِ رائے کی وجہ سے اسے منسوخ کردیا گیا ہے۔

٭…امریکی جریدے فارن پالیسی کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شدت پسند گروپ داعش جنوبی اور وسط ایشیائی ممالک میں ایک نیا خطرہ بن کے سامنے آرہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اب اس گروپ میں وسط ایشیائی ممالک اور بھارت سے تعلق رکھنے والے شدت پسند بھی شامل ہورہے ہیں۔جریدے میں مزید کہا گیا کہ اس گروہ کی کارروائیوں میں سری لنکا میں ایسٹر پر بم دھماکے بھی شامل ہیں۔

٭…امریکہ نے ایران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت تہران کے معاشی نظام کو نشانہ بناتے ہوئے 18 بینکوں پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ’ان پابندیوں کے تحت ایران میں زرعی مصنوعات، خوراک، ادویات، طبی آلات کی فروخت پر پابندی نہیں ہو گی‘ لیکن ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے مطابق امریکی پابندیاں ایران کے کووڈ 19 سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا: ’امریکی حکومت ادویات خریدنے کی ادائیگیاں کرنے کے ہمارے بقایا راستوں کو بند کرنا چاہتی ہے۔ ہمارے عوام کو بھوکا رکھنا انسانیت کے خلاف ایک جرم ہے۔‘

٭…پاکستان کے صوبہ سندھ میں مقامی پولیس نے ہندو کمیونٹی کے ایک مندر میں توڑ پھوڑ کے الزام میں مقدمہ درج کرکے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔

٭…شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام میں بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی سربراہی میں قائم حکومت کے وزیر ہیمانتا بسواس شرما نے جمعرات کو اعلان کیا کہ ریاستی حکومت سرکاری فنڈز سے چلنے والے تمام سرکاری مذہبی مدرسوں کو بند کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فنڈ (رقم) سے مذہبی تعلیم کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اس حوالے سے نوٹیفیکشن آئندہ ماہ جاری کردیا جائےگا۔

٭…جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ جرمنی میں رواں برس اپریل اور جون کے درمیان مسلم مخالف اور نسلی تعصب کے واقعات میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ کم از کم پندرہ مساجد پر حملہ کیا گیا اور سڑکوں پر یا کسی عوامی جگہ پر درجنوں مسلمانوں کو جسمانی تشدد یا زبانی طور پر ہراساں کیا گیا۔ ان حملوں میں نو مسلمان زخمی ہوئے تھے۔ جرمن وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق 188 میں سے 40 مسلم مخالف واقعات جرمنی کے دارالحکومت برلن میں ہوئے۔

٭…سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ کے آن لائن اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ خطے میں امن و سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ ایران کو تباہ کن اسلحہ سمیت جوہری توانائی کے حصول سے روکا جائے۔ اجلاس میں مقامی اور بین الاقوامی امور پر غور کیا گیا۔

٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ افغانستان سے تمام امریکی فوجیوں کا انخلا کرسمس تک ممکن ہو جائے تاکہ امریکہ کی اس 20سالہ طویل ترین جنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔ صدرٹرمپ نے ٹویٹر پر لکھا۔ ’کرسمس تک افغانستان میں خدمت کرنے والے ہمارے بہادر مرد و خواتین کی تعداد بہت تھوڑی رہ جانی چاہیے!‘ یاد رہے کہ 29؍ فروری کو طالبان کے ساتھ قطر میں امریکہ نے 2021ء کے وسط تک اپنی تمام افواج کے افغانستان سے انخلاکا معاہدہ کیا تھا۔

٭…سویڈن کی نارویجن اکیڈمی آف نوبیل پرائز نے 2020ء کا نوبیل پرائز برائے امن اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خوراک کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ بیان کے مطابق عالمی ادارۂ خوراک نے دنیا بھر میں غذا کی منصفانہ فراہمی اور بھوک کے خاتمے میں اہم کردار ادا کیا ہے جبکہ اس سال کے نوبیل انعام برائے ادب کی حق دار امریکی شاعرہ لوئیس گلوک قرار پائیں۔ اب تک موصوفہ کے بارہ شعری مجموعے منظر عام پر آ چکے ہیں۔

٭…وائٹ ہاؤس کورونا وائرس ٹاسک فورس کے رکن اور امریکی سائنسدان انتھونی فاؤچی نے وائٹ ہاؤس میں کورونا کے کیسز سامنے آنے پر امریکی صدر کی ایک تقریب کو اس کی وجہ قرار دے دیا۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی یہ تقریب سپر اسپریڈر ایونٹ تھا۔ 26؍ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں امریکی صدر نے ایمی کونی کا بطور سپریم کورٹ خاتون جج تقرر کیا تھا جس کے بعد صدر ٹرمپ سمیت وائٹ ہاؤس کے دیگر حکام میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔اس تقریب میں بیشتر افراد نے ماسک نہیں پہنے تھے۔

٭…دنیا کےمعلوم ڈیٹا کے مطابق سال 2020ء کا ستمبر کسی بھی پچھلے ستمبر کے مقابلے میں گرم ترین مہینہ ثابت ہوا ہے۔

٭…ارجنٹائن جینیاتی طور پر تبدیل شدہ گندم کی پیداوار اور کھپت کی اجازت دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔ وزارتِ زراعت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے گندم کی ایک ایسی قسم کی کاشت کی اجازت دی ہے جو خشک سالی کے دوران بھی اُگ سکتی ہے۔ ارجنٹائن گندم کی پیداوار کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے۔

٭…وفاقی وزیرماحولیات پاکستان زرتاج گل نے انکشاف کیاہے کہ مقامی اور انٹرنیشنل برانڈز کی رنگ گورا کرنے والی کریموں میں ’’مرکری‘‘ پایا گیا ہے۔ ان کے مطابق لیب ٹیسٹ کی جانے والی 59میںسے 57 میں مرکری پایا گیا۔ اسی طرح لیب ٹیسٹ سے معلوم ہوا کہ 14 صابنوں میں سے 4 صابن جلد کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان پراڈکٹس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

٭…نیویارک میں مین ہیٹن کے وسط میں واقع پاکستان کے ملکیتی روزویلٹ ہوٹل نے اعلان کیا ہے کہ وہ موجودہ خراب معاشی حالات کی وجہ سے 31؍اکتوبر سے مہمانوں کے لئے اپنے دروازے مستقل طور پر بند کردے گا۔

٭…امریکی ایوان نمائندگان کی انصاف سے متعلقہ امور کی کمیٹی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ چند بڑے کاروباری اداروں جیسے فیس بک، گوگل، ایپل اور ایمیزون نے امریکی بزنس مارکیٹوں میں اپنی اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔ اس کمیٹی کی یہ رپورٹ پندرہ ماہ کی چھان بین کے بعد مرتب کی گئی اور اسے منگل 6؍اکتوبر کو منظر عام پر لایا گیا۔

٭…پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے عوامی اور بالخصوص والدین کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے غیر اخلاقی مواد شیئر کرنے پر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔ ٹک ٹاک انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد پی ٹی اے کے ساتھ مل کر کسی ایسے نتیجے پر پہنچ جائے گی جس سے ٹک ٹاک ایپ پاکستان میں پھر سے کام کرنا شروع کر دے۔

٭…سوئٹزرلینڈ کی فیڈرل ٹیکس ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ اس نے معلومات کے عالمی خودکار نظام کے تحت بھارت سمیت 86؍ملکوں کو 31؍ لاکھ اکاؤنٹس کے بارے میں تفصیلات فراہم کردی ہیں۔

٭…عالمی بنک نے جنوبی ایشیا میں بدترین کساد بازاری کی پیش گوئی کرتے ہوئے کورونا وائرس کے منفی اثرات کی وجہ سے سست اور غیر یقینی معاشی بحالی کے ساتھ ساتھ آئندہ دو سالوں میں پاکستان میں غربت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دوسری جانب ملک میں مہنگائی میں مسلسل چھٹے ہفتے بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ایک ہفتے میں مہنگائی 1.24 فیصد بڑھ گئی۔

٭…فرانس کے جنوبی علاقے میں دوچھوٹے طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔ ان جہازوں کے آپس میں ٹکرا کر گرنے سے ان میں سوار پانچوں افراد ہلاک ہو گئے۔

٭…شام کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں پھیلے جنگل میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل گئی۔ امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ وزیر زراعت محمد حسان قطنا کے مطابق 70 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث جنگلات میں لگی آگ مغربی صوبے اور علاقے طرطوس، حمص، حماہ اور لاذقیہ کے دیہاتی علاقوں میں تیزی سے پھیلی۔ جبکہ درجنوں دیہات کو خالی کروادیا گیا اور شہریوں کو محفوظ مقامات میں منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ قطنا نے جنگلاتی آگ کا الزام مزارعین پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ 72 فیصد آگ کے ذمہ دار مزارع ہیں جو سوکھی جھاڑیوں کو تلف کرنے کے لیے انہیں نذرآتش کرتے ہیں۔

٭…تھائی لینڈ میں چاچوئنگ ساؤ صوبے میں واقع بدھ مندر جانیوالی مسافر بس ایک ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 17مسافر ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

٭…روس میں ہفتہ کے روز پیش کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق روس میں ایک دن میں ریکارڈ سب سے زیادہ کیسز 12,846؍ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ دوسر جانب یورپ میں بڑھتے ہوئے کیسز اور جرمنی میں ہونے والے اضافے کی وجہ سے جرمن انتظامیہ نے برلن اور فرینکفرٹ میں مزید پابندیاں عائد کردی ہیں۔

٭…خلیجی ریاست سلطنت عمان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ کی وجہ سے دو ہفتے کے لیے ایک بار پھر رات کا کرفیو لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 11 سے 24؍اکتوبر تک دکانیں اور عوامی مقامات رات آٹھ سے صبح پانچ بجے تک بند رہیں گے۔ یاد رہے کہ عمان میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

٭…ایران میں کورونا کیسز پانچ لاکھ کے قریب پہنچ گئے، کیسز بڑھنے پر دارالحکومت تہران میں ماسک لگانے کی پابندی لازمی کر دی گئی، خلاف ورزی پر 5 لاکھ ایرانی ریال جرمانہ ہوگا۔

٭…پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں کووڈ 19 کے کیسز میں اضافے کے باعث منی اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیاہے۔ اس حوالے سے وزارت قومی صحت سروس (این ایچ ایس) کے جاری کیے جانے والے حکم میں بتایا گیا تھا کہ دارالحکومت کی متعدد متاثرہ گلیوں کو بند کیا جائےگا۔

فٹ بال: فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے کوالیفائنگ میچ میں ارجنٹائن نے ایکواڈور کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرا دیا۔ میچ کا واحد گول کپتان میسی نے پینلٹی پر سکور کیا۔

کرکٹ:بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے خوشدل شاہ جمعہ کی شب پاکستانی قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں صرف 35؍گیندوں پر سنچری بنا کر پاکستان کی تاریخ میں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔

ٹینس:سپین سے تعلق رکھنے والے مشہور ٹینس کھلاڑی Rafael Nadalنے فرنچ اوپن فائنل میں ورلڈ نمبر ایک Novac Djokovic کو لگار تار تین سیٹ میں ہرا کر امسال کا ٹائٹل بھی اپنے نام کرلیا۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button