افریقہ (رپورٹس)

پکنک جامعہ احمدیہ تنزانیہ 2020ء

محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور کرم سے جامعہ احمدیہ تنزانیہ کو پکنک کی صورت میں تفریحی سرگرمی کے انعقاد کی توفیق ملی۔

طلبہ جامعہ احمدیہ کی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ذہنی تروتازگی کے لیے ہر سال تفریحی پروگرام کا اہتمام بھی نصاب کا حصہ ہے۔

چنانچہ اس کے لئے احاطہ جامعہ سے بارہ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع خوبصورت صحت افزا پہاڑی مقام کا انتخاب کیا گیا، جو ہائی لینڈز کے نام سے موسوم ہے۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مکرم امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ طاہر محمود چوہدری صاحب اور ملک بھر سے دیگر تمام مرکزی مبلغین جو میٹنگ کے لئے تشریف لائے تھے بھی اس تفریحی پروگرام میں شریک ہوئے۔

طلبہ جامعہ صبح ساڑھے نو بجےمقام پکنک پہنچے اور سرسبز میدان میں فٹبال کے کھیل سے لطف اندوز ہوئے۔ بعد ازاں ریفریشمنٹ پیش کی گئی۔ جس کے بعد جملہ طلبہ نے سوئمنگ پول میں تیراکی اور دیگر کھیلوں میں وقت گزارا۔

موروگورو شہر سے ذرا باہر بلند قامت پہاڑی سلسلہ کی درمیانی سطح پہ واقع یہ خوبصورت علاقہ اردگرد تا حد نظر دلکش مناظر پیش کرتا ہے۔ مزید بر آں موسم بھی بہت خوشگوار تھا۔ بادل، بارش کی ہلکی ہلکی پھوار اور مسلسل چلنے والی ٹھنڈی ہوا ہر دم روح کو تازہ کرتی رہی۔

مرکزی مبلغین کرام اور اساتذہ جامعہ بھی کرکٹ، سوئمنگ اور دیگر کھیلوں سے لطف اندوز ہوئے۔

نماز ظہر اور عصر کھلے سرسبز میدان میں باجماعت ادا کی گئیں اور بعد ازاں جملہ احباب کہ خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ الحمدلله

صبح ساڑھے نو بجے سے شام چار بجے تک سب نے بھرپور دن گزارا۔ آخر میں طلبہ جامعہ اور مہمان مرکزی مبلغین کے مابین رسہ کشی کا مقابلہ کروایا گیا۔ جس سے سب بہت لطف اندوز ہوئے۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہم سب کو اپنا شکر گزار بندہ بناتے ہوئے خلافت کے جان نثار خادم بنائے۔ آمین

(رپورٹ: عبدالناصر باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button