نائیجر کے بڑے شہروں میں تبلیغی بُک سٹالز کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ نائیجر کو مستقل بنیادوں پر اشاعت و تبلیغ کی غرض سے نائیجر کے بڑے شہروں میں تبلیغی بُک سٹالز کے قیام کی توفیق مِل رہی ہے۔ اس سلسلہ میں مکرم امیر صاحب نائیجر نے مبلغین اور عاملہ کے ساتھ میٹنگ میں ایک مکمل پروگرام تشکیل دیا جس میں یہ طے کیا گیا کہ ملک کے بڑے شہروں میں تبلیغ کی غرض سے جہاں دیگر طریق اپنائے جائیں وہاں شہر کی بڑی مارکیٹس میں تبلیغی بُک سٹالز بھی لوگوں تک پیغامِ حق پہنچانے میں ایک بڑا مفید ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں۔ چنانچہ اس منصوبہ پر ہر ماہ بیسیوں بُک سٹالز لگاکر عملدرآمد کیا جاتا ہے۔
اسی ضمن میں اولاً بڑے بڑے بینرز تیار کیے گئے جن پر حضرت مسیحِ موعودؑ کی تصویر کے ساتھ فرنچ اور لوکل زبانوں میں ’’مسیح موعودؑ ظاہر ہو گئے ہیں‘‘ کے الفاظ چسپاں کیے گئے۔ ماہِ اکتوبر میں جماعت احمدیہ کی جانب سے ملک کے آٹھ بڑے شہروں کی مارکیٹس میں کُل 17تبلیغی بُک سٹالز لگائے گئے۔ اِن بُک سٹالز کو سینکڑوں افراد نے وزٹ کیا اور اس کے نتیجہ میں بیسیوں افراد سے رابطہ قائم ہوا۔ بُک سٹالز کا وزٹ کرنے والے افراد کو جماعت کا تعارف پیش کیا جاتا اور کچھ لیف لیٹس دیے جاتے اور اس تعارف کو سننے کے بعد جو لوگ اس میں دلچسپی کا اظہار کرتے ان سے رابطہ نمبرز کا تبادلہ کیا جاتا اور مشن ہاؤس آنے کی دعوت بھی دی جاتی۔
اب تک اللہ کے فضل سے دورانِ ماہ لگنے والے بُک سٹالز کے نتیجہ میں 21 افراد نے مشن ہاؤس کا وزٹ کیا اور اُن سے مستقل رابطہ قائم ہوا اور شہر کے پڑھے لکھے افراد تک امامِ وقت کا پیغام پہنچانے کی توفیق حاصل ہوئی۔فالحمد للہ
(رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)