کونگو برازاویل۔ ماہ اکتوبر،نومبر میں ہونے والی بعض سرگرمیاں
بفضلہ تعالیٰ جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کو مورخہ 30، 31؍اکتوبر اور یکم و 6تا 8 نومبر 2020ء کو درج ذیل جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
Brazzaville , pk 45 , Pointe Noire , Nkayi, Jean Desil , Kiossi , Ngomabitodi, Myonzi.Soleil, Gamboma, Itali, Engankou , Intsiana .
کورونا وائرس کی وجہ سے محدود پیمانے پر جلسے منعقد کیے گئے تھے۔ 48عیسائی احباب کو بھی مدعو کیا گیا تھااور تقاریر میں آنحضرت ﷺ کی پاکیزہ سیرت بیان کی گئی۔
موجودہ حالات کے تناظر میں انبیاءؑ کی مخالفت کے حوالے سے قرآن کریم کی تعلیمات اور آنحضرت ﷺ کا عملی نمونہ پیش کیا گیا۔
اسی طرح نیشنل ٹی وی کونگو پر دو لائیو پروگرامز کیے گئے جس میں بتایا گیا کہ قرآن کریم کے مطابق کسی انسان کا قتل پوری نسل انسانی کے قتل کے مترادف ہے۔
آنحضرت ﷺ پوری دنیا کے لیےرحمۃ للعلمین ہیں۔ آپ ﷺ نے اپنی زندگی میں کسی کو اس لیے سزا نہیں دی کہ وہ توہین کا مرتکب ہوا ہے۔ بلکہ آپ ﷺ نے اپنے صحابہؓ کو بھی منع فرمایا۔
قرآن کریم میں تو خدا تعالیٰ نے یہاں تک فرمایا ہے کہ دوسروں کے بتوں کو بھی برا بھلا نہیں کہنا ورنہ جہالت کی وجہ سےوہ تمہارے خدا کی مخالفت کریں گے۔
آنحضرت ﷺ نے طائف کے لوگوں کو معاف فرمایا۔ کوڑا پھینکنے والی عورت کے بارے میں صحابہ کو یہ نہیں کہا کہ جاکر اس کو قتل کر دو بلکہ اس کے بیمار ہونے پر اس کی تیمار داری کے لیے تشریف لے جاتے ہیں۔ اسی حسن سلو ک کی وجہ سے اس عورت نے اسلام قبول کر لیا۔
ہمیشہ عورت اور غلام معاشرے میں ظلم کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ آنحضرت ﷺ ہی وہ واحد شخصیت ہیں جنہوں نے ان کے حقوق کی آواز اٹھائی اور ان کو حقوق دلوائے۔
جو لوگ اس پاک نبی کا نام لے کر انسانیت کا قتل کر رہے ہیں ان کا اسلام سے دور کا بھی تعلق نہیں ۔ ان کے بارے میں تو آنحضرت ﷺ نے فرمایا تھا کہ آخری زمانہ میں اس طرح کے لوگ پیدا ہوں گے جو آسمان کے نیچے بد ترین مخلوق ہوں گے۔ پھر ان کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کے بارے میں بتایا گیا۔
الحمد للہ تمام پروگرامز بڑے کامیاب رہے۔
(رپورٹ: سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭