ریفریشر کورس معلمین سینیگال
2020ء کی پہلی سہ ماہی کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے دیگر ممالک کی طرح جماعت احمدیہ سینیگال کی تمام سرگرمیاں ایک حد تک تعطل کا شکار رہیں اور جماعتی روایات کے مطابق ادا نہ ہو سکیں۔ مگر ماہ ستمبر میں جب کورونا وائرس کا زور کم ہوا تو ملکی قانون کے تحت محدود پیمانے پر دوبارہ جماعتی پروگرام شروع ہوئے۔
امسال حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے لوکل معلمین کے علمی معیار کو بڑھانے کے متعلق خاص ہدایات موصول ہوئیں۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشاد کی تعمیل میں ریجن وائز ریفریشر کورس برائےمعلمین کے انعقاد کا پروگرام بنایا گیا۔
ریفریشر کورس معلمین کولڈا ریجن
اس سلسلہ میں سب سے پہلے کولڈا Koldaریجن میںمعلمین کا سہ روزہ ریفریشر کورس منعقد کیا گیا۔ مکرم شیخ نبیل احمد صاحب ریجنل مبلغ کولڈا نے امیر صاحب اور لوکل حکومتی انتظامیہ کو مطلع کرنے کے بعد پروگرام کی کامیابی کےلیےدعا، صدقہ اور دعائیہ فیکس حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں بھجوائی۔
مورخہ 30؍اگست تا یکم ستمبر 2020ء تک منعقدہ کورس میں 10 معلمین کے علاوہ دیگر احباب بھی وقتاً فوقتاً ازدیاد علم کی خاطر شامل ہوتے رہے۔
دوران کلاس معلمین کو بنیادی اسلامی مسائل،وضو، نماز کا طریق ،یسرنا القرآن، قرآن کریم ناظرہ،فقہ احمدیہ، جماعتی نظام،خطبات امام اور اختلافی مسائل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
مکرم شیخ نبیل احمد صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم احمد گئی صاحب لوکل مشنری نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں انتھک کوشش کی۔ اللہ تعالیٰ ان کی مساعی میں برکت ڈالے۔ آمین
ریفریشر کورس معلمین تانبا کنڈا ریجن
اسی طرح تانبا کنڈا (Tambacounda) ریجن میں بھی پندرہ روزہ ریفریشر کورس معلمین کا انعقاد کیا گیا۔ خاکسار نے امیر صاحب اور لوکل حکومتی انتظامیہ سے اجازت حاصل کرنے کے بعد کورس کا آغاز کیا۔
مورخہ 4 تا 11 ستمبر و 18 تا 25 ستمبر 2020ء تک منعقد ہونے والی اس کلاس میں 10معلمین شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ دیگر احباب بھی بشمول سو پرےفے مسٹر کمارا حصول علم کے لیے شامل ہوتے رہے۔
دوران کلاس معلمین کو بنیادی اسلامی مسائل، وضو، نماز کا طریق،یسرنا القرآن، قرآن کریم ناظرہ،فقہ احمدیہ، جماعت کا انتظامی ڈھانچہ،خطبات امام اور اختلافی مسائل سے متعلق آگاہ کیا گیا۔
خاکسار کے علاوہ جامعۃ المبشرین گھانا سے فارغ التحصیل 3 لوکل معلمین مکرم بدرا سار، مکرم حمیدو ڈکو اور مکرم احمدو جیالو صاحب نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامی و تعلیمی کاموں میں حصہ لیا۔
پروگرام کی تفصیلی رپورٹ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خدمت میں بغرض دعا ارسال کی گئی۔ دیگر ریجنز میں بھی متعلقہ انتظامیہ کی اجازت کے بعد کورسز منعقد کیے جائیں گے۔ ان شاء اللہ العزیز
اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوششوں کو ثمر آور بنائے۔ آمین
(رپورٹ:حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)