امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
مورخہ 07؍ تا 13؍دسمبر 2020ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…مورخہ 7و8؍دسمبر کو فارغ التحصیل مربیان جامعہ احمدیہ یوکے 2020ء کی حضور انور کے ساتھ مسجد مبارک، اسلام آباد میں پچیسویں اور چھبیسویں نشست تھی۔ ان نشستوں میں حضور انور مختلف امور بشمول کتب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بارے میں مربیان کی رہنمائی فرماتے اور ان کا جائزہ لیتے ہیں۔آج کل مربیان کرام حضورِ انور سے ’’چشمۂ معرفت‘‘ سبقاً پڑھنے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
٭… 11؍دسمبر بروز جمعۃ المبارک:حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔
حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں آنحضرتﷺ کے عظیم المرتبت خلیفہ راشد حضرت علی بن ابو طالب رضی اللہ عنہ کے اوصافِ حمیدہ کا تذکرہ فرمایا۔ خطبہ جمعہ کے آخر میں حضور انور نے الجزائر اور پاکستان میں احمدیوں کے لیے نا مساعد حالات کے پیش نظر خصوصی دعا کی تحریک فرمائی۔ نیز مکرم رشید احمد صاحب ابن مکرم محمد عبداللہ صاحب آف ربوہ کی وفات پر ان کا ذکر ِخیر فرمایا اور ان کی نماز ِجنازہ غائب پڑھائی۔
٭… 12؍دسمبر بروز ہفتہ: آج دوپہر سوا بارہ بجے اراکین نیشنل عاملہ لجنہ اماء اللہ ماریشس کی حضور انور کے ساتھ آن لائن ملاقات تھی۔ اس ملاقات میں حضور انور نے ازراہِ شفقت مختلف امور کی بابت ان کی رہنمائی فرمائی۔
٭…13؍دسمبر بروز اتوار: آج دوپہر سوا بارہ بجے ماریشس کے واقفین نو بچوں کی حضور انور کے ساتھ آن لائن ملاقات تھی۔ اس ملاقات میں واقفین نو نے اپنے پیارے امام سے خوب فیض اٹھایا۔
٭…حضورِ انور نے آج نمازِ ظہر و عصرکے بعد درج ذيل چار نکاحوں کا اعلان فرمايا اوران کے بابرکت ہونے کے ليے دعا کروائي:
٭…عزیزہ ماہم ظفر بنت مکرم محمد ظفراللہ خان صاحب (مربی سلسلہ نظارت اصلاح و ارشاد مرکزیہ ربوہ) ہمراہ مکرم مسرور احمد صاحب (مربی سلسلہ نظارت اصلاح و ارشاد مرکزیہ ربوہ) ابن مکرم مسعود احمد صاحب
٭…عزیزہ دُرِّ شہوار (واقفۂ نو) بنت مکرم آغا یحییٰ خان صاحب (مبلغ انچارج سویڈن) ہمراہ مکرم حارث احمد ذیشان صاحب (واقفِ نو) ابن مکرم ندیم احمد منیر صاحب (سویڈن)
٭…عزیزہ نائلہ نجم بنت مکرم نصیر احمد نجم صاحب(جرمنی)ہمراہ مکرم اسامہ منان صدیقی صاحب (امریکہ) ابن مکرم ڈاکٹر عبدالمنان صدیقی صاحب شہید
٭…عزیزہ رمیزہ نصیر (واقفۂ نو) بنت مکرم نصیر احمد شاہد صاحب (مبلغ انچارج فرانس) ہمراہ مکرم رانا گلفام احمد صاحب ابن مکرم مظفر احمد صاحب (جرمنی)
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا