ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی آٹھویں مسجد (بیت الناصر) کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے جماعت احمدیہ کو ساؤتومے ملک کےایک قصبہ پورتو الیگری (Porto Alegre)میں آٹھویں مسجد تعمیر کرنےکی توفیق ملی۔یہ مسجد 7میٹر چوڑی اور سات میٹر ہی لمبی ہے جس میں تقریباً ساٹھ افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔
پورتوالیگری ساؤتومے دارالحکومت سے 72کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔ ساؤتومے کے جنوب میں یہ ملک کا آخری قصبہ ہے۔ پورتوالیگری سیرو سیاحت کے لیے بہت مشہور ہے۔ یہاں ایک طرف بہت خوبصورت ساحل سمندر ہے اور دوسری طرف خوبصورت پہاڑ ہیں۔ خط استوا بھی اس قصبہ کے قریب ایک جزیرہ ایلیاؤ داش رولاش (Ilhau Das Rolas)سے گزرتا ہے۔ اس لیے ہر روز سیاح اس قصبے کا رخ کرتے ہیں۔ اس قصبے میں جماعت احمدیہ کا قیام 12؍فروری 2019ء کو خاکسار (مبلغ انچارج و نیشنل صدر جماعت احمدیہ ساؤتومے)کے ذریعہ ہوا۔ ملک کے جنوب میں جماعت کا یہ پہلا پودا تھا۔ اس کے بعد مزید جگہوں پر بھی جماعت کا پودا لگ چکا ہے۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔
مارچ 2020ء میں مسجد کی تعمیر ہوئی اور 3؍اکتوبر 2020ء کو ڈاکٹر محمد اطہر زبیر صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نے اس کا افتتاح کیا۔ کورونا وائرس کے باعث اجتماعات پر پابندی تھی اس لیے افتتاح کچھ مہینے تاخیر سے ہوا۔ تمام احباب جماعت اور بہت سے غیر مسلم دوست بھی افتتاح میں شامل ہوئے۔
پروگرام کا آغاز دوپہر بارہ بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ پھر خدام کے ایک گروپ نےنظم پیش کی۔ اس کے بعد صدر صاحب جماعت پورتوالیگری مکرم الاریو صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا خاص احسان ہے کہ اس نے ہمیں جماعت احمدیہ یعنی حقیقی اسلام قبول کرنے کی توفیق دی۔ ایک دن میری بیوی بیمار تھی۔ شام کا وقت تھا اور ٹرانسپورٹ کا کوئی انتظام نہیں تھاکوئی ٹیکسی بھی نہیں مل رہی تھی۔ اچانک جماعت کے مبلغ یہاں سے گزر رہے تھے۔ انہوں نے مجھے انتظار میں کھڑے دیکھ کر اپنی گاڑی میں بٹھا لیا۔ میں نے ان کا حسن سلوک دیکھ کر پوچھا کہ آپ کون ہیں تو انہوں نے جماعت کا تعارف کروایا۔ میں نے واپس گاؤں آ کر اپنے دوستوں کو بھی جماعت کا تعارف کروایا۔ ہم لوگ عیسائی تھے اور جماعت کا پیغام سن کر جماعت احمدیہ میں داخل ہو گئے۔ جماعت احمدیہ ہی سچا مذہب ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اس جگہ مسجد تعمیر کرنے کی توفیق دی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس گھر کو آباد کرنے کی توفیق دے۔ آمین
مکرم سید حماد رضا صاحب ریجنل مبلغ سلسلہ ترینداد (Trindade)، مکرم قمر رشید صاحب مبلغ سلسلہ گوادالوپ (Guadalupe)اور خاکسار نے احباب جماعت کو مسجد آباد کرنے اور خداتعالیٰ کا شکر ادا کرنے کی نصیحت کی۔
آخر پر مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد اطہر زبیر صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی نےخلفائے احمدیت کے مساجد کی بابت احباب جماعت کی ذمہ داریوں کے حوالے سےواقعات سنائے اور اپنی قیمتی نصائح کے بعد دعا کروائی۔
دعا کے بعد نمازظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام شاملین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں160 احباب شامل ہوئے۔ خداتعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)