کووڈ19 کے دوران جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کے 38ویں جلسہ سالانہ (2020ء) کا انعقاد
حضرت امیر المومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ کا خصوصی پیغام، آٹھ ہزار سے زائد افراد کی آن لائن شمولیت
جماعت احمدیہ سوئٹزرلینڈ کا 38 واں ایک روزہ جلسہ سالانہ مورخہ 22؍نومبر 2020ء بروز اتوار مسجد نور ویگولٹینگن (Wigoltingen)، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوا۔
جلسہ سالانہ کا آغاز صبح10بج کر 10منٹ پر مکرم ولید طارق تارنُتسر صاحب نیشنل امیر سوئٹزرلینڈ اور مکرم منیر احمد منور صاحب مبلغ انچارج سوئٹزرلینڈ کی پرچم کشائی اور دُعا سے ہوا۔
افتتاحی اجلاس
پرچم کشائی کے بعد جلسہ سالانہ کے پہلے اور افتتاحی اجلاس کی کارروائی کا آغاز محترم نیشنل امیر صاحب کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔
تلاوتِ قرآن کریم اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے منظوم کلام کے بعدمحترم مبلغ انچارج صاحب نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا جلسہ سالانہ کے موقع پر سوئس جماعت کے نام پیغام جو کہ اُردو زبان میں تھا پڑھ کر سُنایا۔ پیغام کا جرمن ترجمہ محترم نیشنل امیر صاحب نے پیش کیا اور دُعا کروائی۔
اس کے بعد پروگرام کے مطابق دیگر مقررین کا سلسلہ شروع ہوا۔ پہلے مقرر مکرم عطا الحقMikulicic صاحب نے ’’مسلمان حضرت محمدﷺ سے کیوں محبت اور تعظیم کرتے ہیں‘‘ کے موضوع پر جرمن زبان میں تقریر کی۔
دوسری تقریر محترم مبلغ انچارج صاحب نے ’’توبہ و استغفار رحمتِ الٰہی کی دلیل ہے‘‘ کے موضوع پراُردو زبان میں کی۔
ان کے بعد آنحضرتﷺ کی شانِ اقدس میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عربی قصیدہ کے چند اشعار اور ایک اُردو نظم خوش الحانی سے پڑھی گئی۔
بعد ازاں لندن سے مکرم نصیر احمد قمر صاحب ایڈیشنل وکیل الاشاعت نے ’’خلافتِ خامسہ کی برکات‘‘ کے موضوع پر آن لائن اُردو میں تقریر کی۔
پونے ایک بجے ضروری اعلانات کے بعد وقفہ برائے طعام و نماز ِظہر و عصر ہوا۔
دوسرا اور اختتامی اجلاس
جلسہ سالانہ کے دوسر ے اور اختتامی اجلاس کی کارروائی کا آغاز بوقت سوا دو بجے سہ پہر محترم مبلغ انچارج صاحب کی صدارت میں تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔
تلاوتِ قرآنِ کریم و ترجمہ اور منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کے بعد مکرم فائز احمد خان صاحب نائب مبلغ انچارج نے ’’نظامِ وصیّت قرآن کریم کا پیش کردہ اقتصادی نظام‘‘ کے موضوع پر اُردو میں تقریر کی۔
ان کے بعد کینیڈا سے مہمان مقرر مکرم مبارک احمد نذیر صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’تربیت اولاد میں مشکلات اور ان کا حل‘‘ کے موضوع پر آن لائن اُردو میں تقریر کی۔
اس تقریر کے بعد منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلا م خوش الحانی سے پڑھا گیا۔ جس کے بعد جلسہ کی آخری تقریر محترم نیشنل امیر صاحب نے ’’سوشل میڈیا ایک نعمت یا برائی کا ذریعہ‘‘ کے موضوع پر جرمن زبان میں کی۔ اُن کی تقریر کا اُردو ترجمہ مبلغِ سلسلہ مکرم وفا محمد صاحب نے سٹیج پر کھڑے ہو کر ساتھ ساتھ ہی کیا۔
آج کل وبا کی صورتحال کے پیشِ نظر سب دوست تو اس جلسہ سالانہ میں براہِ راست شرکت نہیں کر پائے لیکن سوشل میڈیا کے ذریعہ سے لوگوں نے گھروں میں بیٹھ کر اس جلسہ میں شرکت کی اور جلسہ سے فائدہ اُٹھایا۔
حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے جلسہ سالانہ کی منظوری دیتے وقت زیادہ سے زیادہ 50افراد کی شرکت کی اجازت دی تھی۔ اختتامی اجلاس میں 50 کے قریب افراد ہی موجود تھے۔ لیکن آن لائن سوئس سمیت دنیا کے مختلف ممالک کے 8413کنیکشنز پر براہِ راست یہ جلسہ دیکھا گیا۔ الحمد للہ
چار بج کر 45منٹ پر اختتامی دعا کے ساتھ ہی کورونا وائرس کے دَور کا تاریخی جلسہ سالانہ سوئٹزرلینڈ 2020ء جوکہ سوشل میڈیا کی بدولت عالمی جلسہ کی شکل اختیار کر گیاتھا ایک روزہ ہونے کے باوجود اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی دُعاؤں سے اپنی روایتی شان کے ساتھ ہزاروں سعید روحوں کو سیراب کرتا نہایت کامیابی کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ
(رپورٹ: صبا ح الدین بٹ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سوئٹزرلینڈ)