خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(17؍دسمبر 10:00 GMT)
کل مریض: 74,632,775
صحت یاب ہونے والے: 52,456,891
وفات یافتگان: 1,657,385
٭…10 ڈاؤننگ اسٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم برطانیہ بورس جانسن بھارت کے یوم جمہوریہ میں شرکت کریں گے۔برطانوی وزیر اعظم کے دورۂ بھارت کا مقصد بھارت سے تجارتی روابط مضبوط کرنا ہے۔برطانیہ اور بھارت نے ماحولیاتی تبدیلی کے لیے بھی مل کر کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
٭…بھارت میں نئے زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسان دلی ہریانہ کراسنگ بارڈرز اور دلی جانے والے راستوں پر بھوک ہڑتال پر بیٹھ گئے۔ دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی کسانوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیاہے۔ بھارتی کسانوں نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں ملک گیر مظاہروں کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔
٭…امریکی الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخابات میں جوبائیڈن کی فتح کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ تمام ریاستوں اور ڈسٹرکٹ آف کولمبیا نے تین نومبر کےانتخابات کے نتائج کی تصدیق کی ہے۔نتائج کےمطابق ڈیموکریٹس نے 8کروڑ 13 لاکھ جبکہ ریپبلکنز نے 7کروڑ 42 لاکھ ووٹ حاصل کیے ہیں۔جوبائیڈن 548 الیکٹورل ووٹس میں سے 306 جبکہ ٹرمپ 232 حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
امریکی الیکٹورل کالج کے باضابطہ اعلان کے بعد اپنے خطاب میں جو بائیڈن نے کہا کہ ریپبلکنز کا نتائج تسلیم کرنے سے انکار آئین اور عوام کی رائے ماننے سے انحراف ہے۔
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل ولیم بار کو انتخابی دھاندلی کے دعووں سے اختلاف پر عہدے سے ہٹانے کا اعلان کردیا۔ ولیم بار کرسمس سے پہلے عہدہ چھوڑ دیں گے۔ ولیم بار نے کہا تھا کہ انتخابات میں ایسی دھاندلی نہیں دیکھی گئی جس کا مجموعی انتخابی نتائج پر کوئی اثر پڑ سکے۔
٭…روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کو الیکشن میں جیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ روس جوبائیڈن سے رابطے کے لیے تیار ہے۔ صدر پوٹن نے کہا کہ امریکہ، روس اختلافات کے باوجود کئی عالمی مسائل، چیلنجز کو حل کر سکتے ہیں۔ اس سے قبل روسی صدر نے سرکاری نتائج آنے تک جوبائیڈن کو امریکہ کا صدر تسلیم کرنے سے انکار کیا تھا۔
٭…ایرانی صدر حسن روحانی نے کابینہ کے اجلاس کی براہِ راست نشر ہونیوالی کارروائی میں کہا کہ وہ جو بائیڈن کے امریکی صدر کا منصب سنبھالنے پر بہت زیادہ پرجوش نہیں لیکن ٹرمپ کے منصبِ صدارت سے فارغ ہونے پر خوش ضرور ہیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک ‘جابر صدر’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی تاریخ کے ‘مطلق العنان اور قانون شکن اور قواعد سے انحراف’ کرنے والے صدر تھے۔روحانی کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ بھرپور کوشش میں ہے کہ ایران کسی طرح عالمی ادارۂ صحت سے کورونا ویکسین نہ خرید سکے۔
روحانی نے کہا کہ ہم نو منتخب صدر جو بائڈن سے جوہری معاہدے کو بحال کرتے ہوئے ملک پر عائد پابندیوں کو ہٹائے جانے کی توقع رکھتے ہیں۔ اگر ایسا ہوا تو پھر ایران بھی معاہدے کی شقوں پر کاربند ہوجائے گا۔
٭…شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے سربراہ ابو بکر شکاؤ نے آج ایک صوتی پیغام میں نائیجیریا کے ایک سکول کے سینکڑوں طلبہ کو اغواکرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ واضح رہے کہ نائیجیریا کی شمالی مغربی ریاست کاتسینا کے سرکاری سیکنڈری بوائز سکول پر جمعہ کے روز ایک سو سے زائد مسلح موٹر سائیکل سواروں کے حملے کے بعد سے سینکڑوں بچے لاپتہ ہیں۔ نائیجیریا کی فوج کی جانب سے لاپتہ بچوں کی تلاش جاری ہے۔
٭…ترک دفترِ خارجہ کی جانب سے بوکو حرام کی نائیجر میں کی گئی دہشتگردانہ کارروائیوں پر جاری کردہ تحریری اعلامیہ میں کہا گیا کہ یہ اطلاع ہمارے لیے دلی صدمے کا موجب بنی ہے۔
یاد رہے کہ دیفا علاقے کے تومور گاؤں پر 13 دسمبر کی شب دہشت گرد تنظیم بوکو حرام نے مسلح حملے کرتے ہوئے 28 افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا تھا، حملے میں تقریباً 800 مکانات اور دکانیں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔
٭…افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بم حملے میں نائب گورنر محبوب اللہ محبی اور ان کے معاون قتل کو کردیا گیا۔ دھماکے کے وقت نائب گورنر محبوب اللہ محبی اپنے سکیورٹی گارڈز کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔
٭…نیو یارک پولیس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ گزشتہ روز منہٹن گرجا گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے ملزم کو کارروائی میں ہلاک کردیا گیا ہے۔ مسلح شخص نے نیویارک کے تاریخی گرجا گھر کے باہر کرسمس کنسرٹ پروگرام کے آغاز پر فائرنگ کی۔ جائے وقوعہ سے دوپستول، چاقو، رسی، گیس کین اور دیگر اشیاء سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔
٭…اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی جاری کردہ ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ کے 30ویں ایڈیشن ‘The Next Frontier: Human Development and the Anthropocene’ کے مطابق ناروے دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ اس کے بعد آئرلینڈ، سوئٹزرلینڈ، ہانگ کانگ اور آئس لینڈ کا نمبر آتا ہے۔ امریکہ سترہویں، برطانیہ تیرہویں، جبکہ جاپان اور اسرائیل دونوں انیسویں نمبر پر ہیں۔ سپین اور فرانس بالترتیب پچیسویں اور چھبیسویں نمبر پر ہیں۔ ان ممالک میں افریقہ کا ملک گھانا 138 ویں جبکہ پاکستان 154ویں نمبر پر ہے۔
٭…16؍دسمبر 2014ء کو پاکستان کے شہر پشاور کے آرمی پبلک سکول میں قریب ڈیڑھ سو بچوں کے قتل عام کے واقعے پر چھ برس مکمل ہو گئے۔ اس موقعے پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چھ برس قبل اس دل سوز سانحے کی وجہ سے پورا ملک لرز گیاتھا ، مگر ساتھ ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد بھی ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھ برس قبل پیش آنے والے واقعے کے بعد یہ تاثر پیدا ہوا کہ دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ اور منظم جنگ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و امان کی موجودہ بہتر صورتحال کے درپردہ یہی اشتراک عمل اور عزم کارفرما ہے۔
٭…ایرانی پارلیمنٹ نے ایران میں دہری شہریت یا غیر ملکی شہریت والوں پر صدارتی انتخاب میں حصہ لینے پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام کا اطلاق ایرانی اعلیٰ کونسل سے منظوری کے بعد ہوگا۔ واضح رہے کہ ایران میں صدارتی انتخاب جون 2021ء میں ہوں گے جبکہ موجودہ صدر حسن روحانی دو بار صدر رہنے کے بعد اب صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے۔
٭…امریکی سپریم کورٹ نے حال ہی میں ایک متفقہ فیصلہ میں ایک پاکستانی نژاد امریکی سمیت تین مسلمانوں کو یہ حق دیا گیا ہے کہ وہ ایف بی آئی کے ان ایجنٹوں کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کر سکتے ہیں جنہوں نے مخبر نہ بننے پر ان کا نام نو فلائی لسٹ میں شامل کروایاتھا۔
٭…جاپان میں ٹوئٹر کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کر کے انہیں ہلاک کرنے والے ‘ٹوئٹر کِلر’ کے نام سے مشہور 30برس کے ٹاکاہیرو شیرائیشی کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ اس شخص نے ٹوئٹر پر رابطے میں آئی 8 خواتین سمیت 9 افراد کو قتل کیا تھا۔ مجرم نے اکتوبر میں ٹوکیو کی ایک عدالت کے سامنے اعتراف جرم کیا تھا کہ ان پر لگائے گئے تمام الزامات درست ہیں۔
٭…بھارتی دارالحکومت دہلی کی ایک عدالت نے تبلیغی جماعت سے تعلق رکھنے والے تمام بیرونی ممالک کے 36شہریوں کو ان تمام الزامات سے بری کردیا جن پر پولیس نے کورونا جیسی عالمی وبا کے دور میں حکومت کی ہدایات کی مبینہ خلاف ورزیوں کے لیے مقدمات درج کیے تھے۔ عدالت نے متعلقہ تھانے کے ذمہ دار پولیس افسر اور تفتیشی پولیس اہلکاروں کی ملزمان کی شناخت میں غلطیاں کرنے پر سرزنش بھی کی ہے۔
٭…چین کے یانگتسی دریا میں ہونے والے دوبحری جہازوں کے تصادم کے نتیجے میں تین افراد ہلاک جبکہ پانچ لاپتہ ہوگئے۔ چینی حکام کے مطابق فنی خرابی کے باعث ایک بحری جہاز پانی پر رکا ہوا تھا کہ دوسرا جہاز اس سے ٹکرا گیا۔ خراب جہاز میں سوار 16 افراد بحری جہاز کے ساتھ ہی ڈوب گئے۔ ریسکیو حکام آٹھ افراد کو بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ ڈوبنے والوں میں سے تین افراد ہلاک ہو گئے جبکہ پانچ لا پتہ ہیں۔
٭…سعودی شہر جدہ کی بندرگاہ پر سنگاپور کے بحری آئل ٹینکر پر دھماکے کے بعد آگ لگ گئی۔ شپنگ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ ٹینکر پر بیرونی حملہ کیا گیا۔ جہاز پر موجود عملے کے 22 افراد محفوظ رہے۔
٭…جرمنی کی مشہور زمانہ تحقیقی سوسائٹی ماکس پلانک سے منسلک پاکستانی نژاد آصفہ اختر کو 2021ء کے لائبنٹس انعام سے نوازا گیا ہے۔ یہ جرمنی میں سائنسی تحقیق کا اعلیٰ ترین ایوارڈ مانا جاتا ہے۔
٭…اسرائیل کے ویزمان انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کی ایک ٹیم کےسائنس دانوں کے اعداد و شمار کے مطابق رواں برس کے اختتام تک روئے زمین پر موجود انسانوں کی بنائی ہوئی چیزوں یعنی پلاسٹک، اینٹوں، کنکریٹ اور دیگر اشیا کا مجموعی وزن سیارے پر موجود تمام جانوروں اور پودوں کے وزن سے ممکنہ طور پر زیادہ ہو جائے گا۔ تحقیق کے مطابق انسانی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہونے جا رہا ہے۔ انسانوں کی بنائی ہوئی اشیاء کا موجودہ وزن تقریباً ایک ٹیرا ٹن ہے۔
٭…عالمی ادارۂ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر تیدروس ادہانوم گیبرے سوس کا کہنا ہے کہ تنظیم کے ریکارڈز کے مطابق عالمی سطح پر اب تک 14 فیصد حفظان صحت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے کارکنان میں وائرس کی نشاندہی ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا نے ہم سب کو اس امر کی یاددہانی کروائی ہے کہ شعبہ صحت سے منسلک افراد کس قدر اہم فرائض سرانجام دیتے ہیں۔
٭…سعودی عرب میں کورونا ویکسین کے لیے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔ویکسین کے حصول کے لیے اس وقت رجسٹریشن ‘صحتی ایپ’ کے ذریعے کی جارہی ہے۔ سعودی قیادت کی ہدایت پر کورونا ویکسین ان کے لیے بالکل مفت ہوگی۔ یہ ویکسین تین مراحل میں لگائی جائے گی۔
٭…امریکہ اور کینیڈا میں کورونا ویکسین کا استعمال شروع کر دیاگیاہے۔ امریکہ میں فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے تیار کردہ ویکسین لگائی جارہی ہے۔ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن، (ایف ڈی اے) نے کورونا وائرس ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پیغام میں کہا گیا کہ ان کا ابھی عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگانے کا کوئی ارادہ نہیں۔ وائٹ ہاؤس کے تمام اراکین جب تک ضرورت محسوس نہ سمجھیں ویکسین نہ لگوائیں۔انہوں نے لکھا کہ وائٹ ہاؤس میں کام کرنے والوں کو کسی نہ کسی صورت ویکسین میسر آجائے گی۔ میں نے ضرورت کے مطابق ویکسین فراہم کرنے کا بول دیا ہے۔
٭…متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کے محکمہ سیاحت نے کہا ہے کہ ‘ابوظہبی کی سیر کریں’ کے عنوان سے جاری سیاحتی پروگرام کے تحت 13ممالک سے آنے والوں کے لیے آئسولیشن کی پابندی ختم کردی گئی ہے۔ان ممالک میں سعودی عرب، آسٹریلیا، چین، برونائی، فن لینڈ، آئس لینڈ، آئرلینڈ، جاپان، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، سنگاپور، جنوبی کوریا اور ناروے شامل ہیں۔
٭… پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بیٹسمین بابر اعظم اتوار 13؍ دسمبر کی صبح پریکٹس سیشن کے دوران انگوٹھے میں فریکچر کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل اوپننگ بلے باز امام الحق کا بھی پریکٹس کے دوران انگوٹھا زخمی ہو گیا تھا۔ دونوں کو 12-12 روز کا آرام تجویز کیا گیا ہے۔ان کی غیر موجودگی میں لیگ سپنر اور آل راؤنڈر شاداب خان کپتانی کے فرائض سر انجام دیں گے لیکن وہ بھی اپنی ٹانگ میں کھینچاؤ کے سبب پریکٹس سیشن میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔ ان خبروں پر پاکستانی شائقین کو شدید دھچکہ لگا جس کا اظہار انھوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔
٭…٭…٭