افریقہ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ سیرالیون کے کینیما اور مکینی ریجنز میں تعمیر ہونے والی مساجد کا بابرکت افتتاح

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو 19؍ دسمبر 2020ء کو کینیما اور مکینی ریجنزمیںنئی مساجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ الحمد للہ

ان مساجد کا تعارف اور افتتاحی تقاریب کی رپورٹ قارئین کے لیے پیشِ خدمت ہے۔

کینیما کے گاؤں مونڈے ما (Mondema) میں مسجد کا افتتاح

اللہ تعالیٰ کے فضل سے گراما مینڈے چیفڈم کے گاؤں مونڈے ما میں تین سال قبل جماعت کا پودا لگا۔ یہ گاؤں دارالحکومت فری ٹاؤن سے مشرق کی جانب 400کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہاں12سعید خاندانوں نے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ نماز باجماعت کےلیے ایک نومبائع نے اپنے گھر کا صحن پیش کیا۔ بعد میں کچھ اَور لوگ جماعت میں شامل ہوئے اور یہ جگہ کم پڑنی شروع ہوگئی اور ایک باقاعدہ مسجد کی ضرورت محسوس ہونے لگی۔چنانچہ اس مقصد کے لیے احبابِ جماعت نے ہیڈ کوارٹر سے رابطہ کیا اور مسجد کے لیے جگہ دینے کا وعدہ کیا۔ جو جگہ مسجد کے لیے پیش کی گئی وہ بوجوہ اس کام کے لیے موزوں نہ تھی۔ ریجنل مبلغ منیر حسین صاحب نے گاؤں کا دورہ کیا اور ایک دو جگہیں پسند کیں لیکن جب ان کے مالکان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے نہ صرف جگہ دینے سے انکار کیا بلکہ مخالفت پر آمادہ ہوگئے۔ اس بات کا جب ایک مخلص احمدی کو پتہ چلا جو بوجہ پاؤں کی تکلیف کےمیٹنگ میں شامل نہیں ہوئے تھے کہ مربی صاحب کو مجوزہ جگہ مناسب نہیں لگی اور مخالفین نے جگہ دینے سے انکار کردیا ہے تو وہ اپنی تکلیف کے باوجود مربی صاحب کے پاس لنگڑاتے ہوئے آئے اور اپنے کمپاؤنڈ میں لے گئے جہاں تین چار چھوٹے چھوٹے گھر بنے ہوئے تھے اور کہا کہ آپ ان کو گرا کر یہاں مسجد بنائیں۔ محترم مربی صاحب نے ان کے اس پیار اوراخلاص پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کہیں اور جگہ تلاش کر لی جائے۔ آخر کار خدا تعالیٰ کے فضل سے ایک ایسی جگہ پر دو ٹاؤن لاٹ جگہ مل گئی جہاں کچھ احمدی گھرانے بھی آباد تھے۔

اس مسجد کا سنگ بنیاد مورخہ 22؍ مئی 2019ءکو مکرم منیر حسین صاحب، ریجنل مبلغ کینیما نے ایک تقریب میں رکھا تھا اور اس مسجد کی تعمیر کے کام کی مکمل نگرانی کی سعادت بھی آپ ہی کو حاصل ہوئی۔ مسجد کا کل مسقف ایریا 42*57فٹ ہے اور اس میں 300افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس مسجد کا افتتاح 19؍ دسمبر 2020ءکو عمل میں آیا۔

مسجد کی تعمیر میں علاقہ کے لوگوں نے بہت سے وقار عمل کیے اور اس طرح تعمیر کے خرچ میں کافی بچت ہوئی۔ فجزاہم اللّٰہ احسن الجزاء۔

تقریب افتتاح

مسجد کی تقریبِ افتتاح کا باقاعدہ آغاز دن 11 بجے مکرم محترم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیر و مشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں ہوا۔ اس موقع پر ریجنل مبلغ مکینی مکرم طاہر فرخ صاحب اور ریجنل مبلغ کینیما منیر حسین صاحب بھی موجود تھے۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیرصاحب نے اس موقعے پر اپنی تقریر میں قرآن پاک کی اہمیت و عظمت بیان کی اورا مام مہدی کی آمد اور نشانات کے بارے میں بتایا اور آپ کا مقام و مرتبہ لوگوں پر واضح کیا۔ جس کے بعد آپ نے باقاعدہ فیتا کاٹ کر مسجد کا افتتاح فرمایا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد اسی مسجد میں نماز ظہر باجماعت ادا کی گئی۔

اس بابرکت تقریب میں 9جماعتوں کے 217احمدی احباب و خواتین نے شمولیت اختیار کی جبکہ دو چیفڈم سپیکر، گیارہ امام، بارہ اساتذہ، دو پرنسپل اور تین پادریوں سمیت 112 غیر احمدی احباب بھی شامل ہوئے۔

مکینی ریجن کی مسمبی Masingbi جماعت میں مسجد کا افتتاح

مسمبی کے علاقے میں جماعت کا نفوذ 2018ء میں ہوا جہاں جماعت کی ضرورت کے پیشِ نظر جماعتی خرچ پر مسجد کی تعمیر کی گئی۔ اس مسجد کا سنگِ بنیاد مکرم طاہر احمد فرخ صاحب ریجنل مبلغ مکینی نے رکھا اور آپ کو اس کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت بھی حاصل ہوئی۔ فجزاہ اللّٰہ احسن الجزاء

مسجد کا کل مسقف احاطہ 54*41 فٹ ہے اور اس میں قریباً 300 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

تقریب افتتاح

اس مسجد کی تقریب افتتاح کا باقاعدہ آغاز مورخہ 19؍ دسمبر 2020ءکو بعد نماز ظہر مکرم مولانا سعیدالرحمٰن صاحب امیرومشنری انچارج سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔ مکرم امیرصاحب نے اپنی تقریرمیں سیرۃ النبی ﷺ کے بعض پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور بدعات سے بچنے کی تلقین فرمائی۔ جس کے بعد آپ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت پر خطاب فرمایا۔ اس کے بعد آپ نے فیتا کاٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح فرمایا اور دعا کروائی ۔ بعدازاںنمازِ عصر باجماعت ادا کی گئی۔ جس کے بعد حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں 209 احمدی مرد و خواتین شامل ہوئے۔ مزید برآں14غیر احمدی امام، 50غیر از جماعت دوست اوردو چیف بھی شامل تھے۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان مساجد کو حقیقی نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین۔

(رپورٹ: عبدالہادی قریشی، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button