خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(07؍جنوری۔09:00 GMT)
کل مریض: 87,721,751
صحت یاب ہونے والے: 63,203,862
وفات یافتگان: 1,893,108
٭… 6 جنوری: امریکی کانگریس میں الیکٹورل ووٹوں کی گنتی کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامی مظاہرین رکاوٹیں ہٹا کر کیپٹل ہل میں داخل ہوئے ،کھڑکیوں کے شیشے توڑ ڈالےاور ارکان کانگریس کے دفاتر اور اسپیکر کی کرسی پر قبضہ جما لیا۔ پر تشدد مظاہروں کے بعد وائٹ ہاؤس کی سوشل سیکریٹری اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئیں۔ سنگین صورتحال کے پیش نظر فوج کو طلب کرکے واشنگٹن کے میئر نے ایک دن کے لیے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ کيپٹل ہل کی عمارت کو لاک ڈاؤن کر ديا گيا جبکہ کرفيو کا نفاذ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے ہوگا۔ مظاہروں اور کرفیو کی خلاف ورزی پر اب تک 52 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مسلح افراد کے ساتھ جھڑپوں میں 14 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ مظاہرین میں شامل ایک خاتون پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئی جبکہ مزید 3 افراد طبی وجوہات کی بنا پر ہلاک ہوئے۔کانگریس کے مشترکہ اجلاس کو روک کر امریکی نائب صدر مائیک پینس اور دیگر ارکان کو محفوظ مقام پر منتقل ہونا پڑا جبکہ صدر ٹرمپ کی اپیل کے بعد مظاہرین کیپیٹل ہل سے منتشر ہوگئے۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر ٹویٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا حالیہ ٹويٹ ڈيلیٹ کرکے ان کا اکاؤنٹ 12 گھنٹے کے لیے بند کر دیا۔ ٹویٹر انتظامیہ کے مطابق ٹرمپ کے 3 ٹویٹ ڈیلیٹ کیے گئے ہیں۔
٭… وائٹ ہاؤس میں بدھ کو بریفنگ کے دوران امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نسلی امتیاز کے خلاف ملک میں جاری پرتشدد احتجاج روکنے اور ’امن و امان‘ کی صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے ’آپریشن لیجنڈ‘ کو کئی شہروں تک پھیلانے کا اعلان کیا ہے۔ صدر کی بریفنگ کے موقع پر اٹارنی جنرل ولیم بر بھی موجود تھے اور انہوں نے صحافیوں کو اس آپریشن پر عمل درآمد سے متعلق آگاہ کیا۔
امریکہ میں ان دنوں نسلی امتیاز کے خلاف اُن ریاستوں میں احتجاج ہو رہا ہے جن میں سے بیشتر کے گورنرز کا تعلق حزبِ اختلاف کی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی سے ہے۔ صدر ٹرمپ احتجاج کے اس سلسلے کو رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔
٭… ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کی ڈرون حملوں میں ہلاکت کی پہلی برسی کے اگلے ہی دن 5؍جنوری کو گھریلو ساختہ ڈرون کا وسیع پیمانے پر تجربہ کیا ہے۔ایران اوراس کی حمایت کرنے والی علاقائی قوتوں کا حالیہ برسوں کے دوران یمن، شام، عراق اور خلیج کے دہانے پر واقع آبنائے ہرمز میں ڈرون پر انحصار بڑھا ہے۔وسطی سیمنن صوبے میں جاری دو روزہ مشقوں کے دوران ایرانی مسلح افواج جنگی ڈرون سے بمباری، دشمن کا راستہ روکنے اور امدادی مشنوں میں استعمال کی جانچ کر رہی ہیں۔
ایک امریکی اہلکار نے گزشتہ سال خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا تھا کہ ایرانی ڈرون نگرانی کے علاوہ فوجی اسلحہ پہنچا سکتے ہیں اور انہیں دھماکہ خیز مواد سے بھر دیا جائے تو وہ اسے اسپیشل اٹیک یونٹ کی طرح بھی لے جا کر اسے اپنے ہدف پر گرا سکتے ہیں۔
٭…امریکہ نے ایران کے یورینیم افزودگی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش ہمیشہ ناکام رہے گی نیز یہ کہ وہ پُراعتماد ہیں کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کسی بھی نئی ایٹمی سرگرمیوں کی نگرانی اور رپورٹ کرے گی۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم کہتے ہیں کہ ایران کا یورینیم افزودگی کا مقصد جوہری ہتھیاروں کی تیاری ہے۔ واضح رہے کہ ایران نے فاردو پلانٹ پر بیس فیصد یورینیم افزود کرنا شروع کردی ہے۔
٭…پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال بالخصوص افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات چیت کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے امن و استحکام کے فروغ کے لیے رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، زلمے خلیل زاد نے امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
٭…بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے پاکستانی سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے یورپین اداروں، یورپین پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی گروپوں کے سربراہان اور یورپین یونین کے خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق کو لکھے گئے اپنے ایک خط میں زور دیا ہے کہ وہ بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی کارکن اور سیاسی رہنما آسیہ اندرابی کی فوری رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ کیونکہ 18؍جنوری 2021ء کو ایک عدالت سے اندرابی کو سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔ یورپین یونین اس خطرے کو روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرے۔
٭…منگل 5؍ جنوری کے روزخلیجی ممالک کے اجلاس میں سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال ہو گئے۔ یہ معاہدہ گگلف کوآپریشن کونسل (GCC)کے اکتالیسویں اجلاس کے موقع پر طے پایا۔
٭قطر اور سعودی عرب میں زمینی، فضائی اور سمندری سرحدیں کھولنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے ترکی کی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سرحدیں دوبارہ کھولنا خلیج میں تنازع کےحل کی جانب اہم قدم ہے نیز اس ضمن میں کویت اور دوسرے بین الاقوامی عناصر کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ اُمید ہےخود مختاری کے باہمی احترام کی بنیاد پر تنازع کے دیرپا حل تک پہنچا جائے گا، اُمید ہے قطری عوام کے خلاف دوسری پابندیاں بھی جلد اُٹھالی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکی خلیج میں استحکام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
٭…کوئٹہ، مچھ کے علاقے گیشتری میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید کان کنوں کے لواحقین اور مجلس وحدت المسلمین کا مغربی بائی پاس پر دھرنا جاری رہا۔شدید سردی کے باوجود ہزارہ برادری کی خواتین، بچوں اور بزرگوں کی ایک بڑی تعداد دھرنے میں موجود تھی، مختلف سیاسی و قبائلی عمائدین نے دھرنے میں شرکت کر کے لواحقین اور ہزارہ برداری سے اظہار یکجہتی کیا، وفاقی وزیر داخلہ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور نگزیب بادینی اور ایف سی حکام مظاہرین سے مذاکرات کے لئے پہنچے تاہم مظاہرین نے احتجاج ختم کرنے سے انکار کردیا۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہزارہ برادری سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے ٹوئٹر پر بہت جلد کوئٹہ کا دورہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
٭…جنوبی کوریا کی تاریخ میں پہلی بار گزشتہ برس 2020ء کے دوران شرح اموات شرح پیدائش سے بڑھ گئی ہے جس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
٭…امریکی ریاست مشی گن میں ایک چھوٹا طیارہ گھر پر گرنے سے پائلٹ سمیت 2 مسافر ہلاک ہو گئے، واقعہ مشی گن کی اوک لینڈ کاؤنٹی میں پیش آیا۔ واقعے میں گھر میں موجود 5 افراد محفوظ رہے، تاہم ان کی بلی طیارے کی زد میں آکر ہلاک ہو گئی۔
٭…ملائیشیا کے سابق وزیرِ اعظم نجیب رزاق پر ملائیشیا کی سرکاری سرپرستی میں چلنے والے ترقیاتی ادارے ’ون ملائیشیا ڈویلپمنٹ برہد‘ (ون ایم ڈی بی) میں اربوں ڈالرز کی خردبرد، اختیارات کا ناجائز استعمال اور کرپشن سمیت سات الزامات لگائے گئے ہیں۔ کوالالمپور ہائی کورٹ نے منگل کو نجیب رزاق کے خلاف پہلے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب رہی ہے اور وکیل صفائی اپنا کیس ثابت نہیں کر سکے۔
٭…57 سالہ بنگلادیشی رکن پارلیمنٹ شاہد اسلام اور ان کے ساتھیوں کے 617 بینک اکاؤنٹس غیر قانونی سرگرمیوں استعمال کیے جانے کے باعث منجمد کیے گئے ہیں۔ جن میں کویت سمیت دیگر خلیجی ملکوں میں انسانی اسمگلنگ سے جمع کی گئی 17 ملین امریکی ڈالرز کی رقم موجود ہے۔
٭…بھارت کی کئی ریاستوں میں برڈ فلو پھیل جانے کے باعث متاثرہ ریاستوں میں ہزاروں کی تعداد میں مرغیوں کو تلف کردیا گیا۔ بھارتی ریاستوں راجستھان، مدھیا پردیش، کیرالہ اور ہماچل پردیش میں ہزاروں کی تعداد میں مرغیوں، بطخوں اور دیگر پرندوں کی ہلاکت کے بعد دو اقسام H5N1 اور H5N8 کے برڈ فلو کی روک تھام کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔ بھارت کی شمالی ریاست ہماچل پردیش کے حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے ہمالیہ جھیل کے قریب نقل مکانی کرنے والے پرندوں کے ڈھانچے پائے گئے تھے۔
٭…برطانیہ نے کورونا وائرس کے خلاف آکسفورڈ آسٹرازینیکا ویکسین کا آغاز کردیا۔ ملک میں اس ویکسین کی نصف ملین سے زیادہ خوراکیں استعمال کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب برطانیہ میں 6؍ جنوری کو ایک روز میں کورونا وائرس کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد یعنی 1041اموات ریکارڈ کی گئیں۔ یہ تعداد اب تک ایک روز میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں سب سے زیادہ ہے۔
٭…کورونا وبا کے بے قابو ہونے پر انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ میں ایک بار پھر سے لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر ملک میں پرائمری اور سیکنڈری سکولز فروری کے وسط تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے اور طلباء کے لیے آن لائن تعلیم کی سہولت کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس سے متعلق نئی پابندیوں کو قانون کی شکل دینے کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس طلب کیا گیا۔ برطانوی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ آنے والے ہفتے ملک کے لیے سخت ترین ثابت ہوں گے۔
٭…آئرلینڈ کے وزیر اعظم مائیکل مارٹن نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ چند ہفتے گھروں سے غیر ضروری نکلنا بند کردیں۔ انہوں نے بتایا کہ فروری کے اختتام تک ایک لاکھ 35 ہزار افراد کو کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں دی جائیں گی۔
٭…متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مطابق مملکت میں روزانہ 47 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے، اب تک 826,301 افراد کو ویکسین لگائی چکی ہے۔ اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ شہریوں کو مفت ویکسین مہیا کرنے کے لیے تقریباً 100 ویکسی نیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ فیلڈ ہسپتال، حکومتی اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں ویکسین لگائی جارہی ہے۔
٭…جاپان کے وزیر اعظم یوشیہید سوگا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی شدید اور تیسری لہر سے بچاؤ کے لیے ٹوکیو میں ہنگامی حالت نافذ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ انہوں نے دارالحکومت ٹوکیو میں ایمرجنسی کے نفاذ کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جاپان میں اولمپکس گیمز کے انعقاد سے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اولمپکس گیمز 2021ء کا انعقاد جاپان میں رواں برس 23؍جولائی سے ہوگا تاہم یہ کھیلیں ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سے مشروط ہوں گی۔
٭…نیوزی لینڈ نے پاکستان کو کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ میں کھیل کے چوتھے روز ایک اننگز اور 176 رنز سے ہرا کردو میچز کی سیریز اپنے نام کر لی۔ میچ میں پاکستانی بلے باز اور باؤلر عمدہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
٭…٭…٭