یورپ (رپورٹس)

جرمنی کی قومی اسمبلی میں احمدیہ پارلمانی گروپ کا قیام

(ڈاکٹر محمد داؤد مجوکہ۔ نیشنل سیکریٹری امور خارجیہ جرمنی)

اللہ کے فضل سے جماعت احمدیہ جرمنی کو حال ہی میں توفیق ملی ہے کہ جرمنی کی قومی اسمبلی میں موجود جمہوری پارٹیوں یعنی CDU, SPD, Green, Left, FDP کی نمائندگی کے ساتھ ممبران اسمبلی کا ایک کثیرالجماعتی گروپ قائم کرے۔ اس گروپ کا مقصد دنیا بھر، خصوصاً پاکستان، میں احمدیوں پر ہونے والے مظالم کی روک تھام ہے۔

پس منظر

حضور ایدہ اللہ تعالیٰ نے 12؍ نومبر2017ء کو شعبہ امور خارجیہ کے ساتھ ایک ملاقات میں فرمایا تھا کہ جرمنی میں قومی اسمبلی کے ممبران پر مشتمل ایک پارلمانی گروپ تشکیل دیا جائے۔ چنانچہ اس کے مطابق تمام پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ روابط اور تعاون میں اضافہ کیا گیا۔ انہیں ملاقاتوں میں دنیا کے مختلف ممالک انڈونیشیاء، الجزائر، بنگلادیش، ملیشیاء، اور بالخصوص پاکستان میں ہونے والے مظالم سے تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔

برلن میں حضور اقدس کے ساتھ ہونے والے پروگرام (  اکتوبر 2019ء ) کے موقع پر بہت سے ممبران پارلمنٹ نے حصہ لیا  (مثلاً نائب وزیر خارجہ صاحب، وفاقی حکومت کے نمائندہ برائے مذہبی آزادی   اور قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کی سب کمیٹی کے ممبران ) اور جماعت پر مظالم کی پر زور اور واضح مذمت کی۔

ہماری خواہش تھی کہ جلسہ سالانہ جرمنی  2020ء کے موقع پر اس گروپ کا باقاعدہ آغاز ہو۔ تاہم کورونا کی وباء کے پھیلنے پر جلسہ سالانہ جرمنی ملتوی ہو گیا۔ نیز ممبران پارلمنٹ کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی محدود ہو گیا۔ تاہم اس صورتحال میں بھی جہاں تک ممکن تھا کام جاری رکھا گیا۔ مختلف انتظامی امور طے کرنے کے بعد تمام پارٹیوں میں سے ایک ایک نمائندہ کو گروپ میں شرکت کی تحریری دعوت دی گئی۔ ان کی گروپ میں تحریری شمولیت کے ساتھ جنوری 2021ء سے گروپ کا باقاعدہ آغاز  ہو گیا ہے۔ الحمد للہ۔

مقاصد

اس پارلمانی گروپ کا مقصد احمدیوں پر ہونے والے مظالم کی روک تھام ہے۔ اس کے لئے یہ گروپ ایسے ممالک ، جہاں احمدیوں پر مظالم ہو رہے ہیں ، کی حکومتوں کو آزادی مذہب کے انسانی حق کی ضمانت دینے اور احمدیوں کے جان و مال کی حفاظت کرنے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی طرف توجہ دلائے گا۔ نیز ایسے پروگرام کرے گا جن کے ذریعہ مختلف ممالک میں جماعت احمدیہ پر ہونے والے مظالم کو اُجاگر کیا جائے ۔اسی طرح یہ گروپ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا میں موجود احمدیہ پارلمانی گروپس کے ساتھ بھی رابطہ رکھے گا ۔

انتظامی امور

پارلمانی گروپ کے کوآرڈینیٹر حکومتی پارٹی CDU کے ممبر قومی اسمبلی محترمی ہائنرش صاحب ہیں جو کہ انسانی حقوق کی سب کمیٹی میں اپنی پارٹی کے نمائندہ بھی ہیں۔  تمام تنظیمی کام اور ممبران پارلمنٹ کے ساتھ خط و کتابت ان کا دفتر اور شعبہ امور خارجیہ مشترکہ طور پر کر رہے ہیں۔  اس وقت تک اس گروپ میں نو ممبران قومی اسمبلی شامل ہو چکے ہیں۔   آئندہ دنوں میں مزید ممبران کی شمولیت متوقع ہے۔

ممبران قومی اسمبلی کے ساتھ مشورہ  اور محترمی امیر صاحب جرمنی کی منظوری سے اس گروپ کا نام

Parteiübergreifender parlamentarischer Gesprächskreis Ahmadiyya – Verfolgung

رکھا گیا ہے۔  

شکریہ

خاکسار اس جگہ محترمی نیشنل سیکریٹریان امور خارجیہ  برطانیہ، کینیڈا ، امریکہ  کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے جنہوں نے ہر مرحلہ پر مشورہ اور مدد کے ساتھ ہمیں تقویت پہنچائی۔

اسی طرح خاکسار نیشنل شعبہ امور خارجیہ جرمنی کی ٹیم کا بھی نہایت شکر گزار ہے جنہوں نے  کئی سال تک مسلسل اس ہدف کو حاصل کرنے کے لئے کوشش کی ۔ برلن اور دیگر مقامات پر ایک سو سے زائد ملاقاتوں کے بعد یہ سنگ میل حاصل کیا گیا ہے۔

دعا

احباب کی خدمت میں دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ جرمنی میں اس گروپ کے قیام کو ہر لحاظ سے مفید بنائے۔ اور مختلف ممالک میں احمدی بھائیوں کی مشکلات آسان کرنے کا باعث بنائے۔  آمین۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button