افریقہ (رپورٹس)

کینیا کے ویسٹرن ریجن میں جماعت احمدیہ کے روایتی انداز میں سالِ نو کا استقبال نیز تربیتی کلاسز کا انعقاد

(محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل کینیا)

اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں کے طفیل یکم جنوری 2021ء کو ویسٹرن ریجن کینیا Aکی سات جماعتوں میں با جماعت نماز تہجد،نمازفجر ،درسِ قرآن، وقار عمل ، لیف لیٹنگ اور تربیتی کلاسز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف جماعتوں کے 71؍احباب نے ان پروگراموں میں شرکت کی۔ فالحمد للہ علی ذالک

نئے سال کے آغاز پر نماز فجر کے بعد ان 7جماعتوں سے کل 204خواتین و حضرات اور بچگان نے وقار عمل میں حصہ لیا۔ 66خواتین اور بچوں نے شیانڈہ،شبینگا،ایلوامینی اور بوہور کی مساجد میں وقار عمل میں حصہ لینے کی توفیق پائی جبکہ 138 احباب نے شیانڈہ مارکیٹ اور اس کے گردونواح نیز Shitao Primary School میں وقار عمل میں حصہ لیا۔ اہالیان علاقہ نے جماعت کی اس خدمت کو بہت سراہا۔ الحمدللہ

علاوہ ازیں شبینگا جماعت کے 34 احباب کو شبینگا مارکیٹ میں لیف لیٹنگ کی توفیق بھی ملی۔ الحمدللہ

اسی طرح گذشتہ ماہ شیانڈہ جماعت کے چار نماز سینٹرز میں تربیتی کلاسز کا انعقاد کیا گیا جن میں 56اطفال ،ناصرات اور چھوٹے بچوں نے حصہ لیا۔ کلاسوں کے اختتام پر امتحان بھی لیا گیا اور یکم جنوری 2021ء کو قبل از نماز جمعہ صدرصاحبہ لجنہ اماءاللہ شیانڈہ نے نمایاں پوزیشن لینے والی ناصرات میں انعامات تقسیم کیے جبکہ بعد نماز جمعہ مکرم احمد عدنان ہاشمی صاحب مبلغ سلسلہ نے اطفال میں انعامات تقسیم کیے جس کے بعد مکرم معلم محمد مولیدی صاحب اور مکرم سلمان فرید صاحب مقامی قائد مجلس خدام الاحمدیہ نے تربیتی امور سے متعلق مختصر تقاریر کیں۔ دعا پر یہ پروگرام اپنے اختتام کو پہنچا۔

یکم جنوری کو کاکا میگا جماعت میں بھی ایک تربیتی اجلاس منعقد ہوا جس میں 37 اطفال،خدام، انصار،ناصرات اور لجنہ اماء اللہ کی ممبرات نے شرکت کی الحمدللہ۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ احباب جماعت کے علم واخلاص اور جذبہ خدمت دین میں برکت عطا فرمائے اور جماعت کو دن دوگنی رات چوگنی ترقی عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button