سویڈن میں پانچ روزہ نیشنل تربیتی کلاس
احمدی نوجوان بچوں اور بچیوں کےلیے سالانہ تربیتی کلاسز کا انعقاد جماعت احمدیہ کی ایک بہت ہی خوبصورت روایت ہے۔ ان کلاسز کا انعقاد مختلف ممالک میں سال کے مختلف مہینوں میں اپنی اپنی سہولت کے مطابق ہوتا ہے۔ سویڈن میں نیشنل تربیتی کلاس کا انعقاد 5دن کے لیے ہوتا ہے اور عموماً اس کلاس کا انعقاددسمبر کی چھٹیوں میں ہوتاہے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی اجازت سے شعبہ تربیت جماعت احمدیہ سویڈن کو مورخہ 25تا29؍دسمبر 2020ء کے دوران 15تا25سال کی عمر کے لڑکے اور لڑکیوں کی نیشنل تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔ تربیتی کلاس کے دوران پانچ مہمان مقررین، مکرم اظہر حنیف صاحب مبلغ انچارج امریکہ، مکرم انیس احمد ندیم صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج جاپان، مکرم ابراہیم نونن صاحب مبلغ انچارج آئرلینڈ، مکرم محمد بن صالح صاحب امیرو مشنری انچارج گھانا اور مکرم طاہر ندیم صاحب عربک ڈیسک شامل تھے۔
کورونا کی صورت حال کی وجہ سے یہ کلاس آن لائن منعقد ہوئی۔ مہمان مقررین کی شمولیت کے بارے میں جب جماعتوں میں اطلاع کی گئی تو جماعتوں کی طرف سے یہ درخواست آئی کہ باقی احباب جماعت بھی کلاس کے لیکچرز سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ احباب جماعت کے شوق کو دیکھتے ہوئےکلاس کو یوٹیوب پر بھی لائیو نشر کیا گیا۔
کلاس کا باقاعدہ آغاز مورخہ 25؍دسمبر کو بوقت 4بجے سہ پہر ہوا۔ مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت سویڈن نے اپنی افتتاحی تقریر میں شاملین کو دینی علم کے حصول کی اہمیت کے بارے میں توجہ دلائی اور کلاس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی تلقین فرمائی۔ اسی طرح کلاس کے اختتامی اجلاس میں مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے خلافت کی برکت اور اہمیت کو یاد رکھنے کی طرف توجہ دلائی اور خلیفۃ المسیح کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کی تلقین فرمائی۔
کلاس میں درج ذیل عناوین پر لیکچرز ہوئے: دینی تعلیم کے حصول کی اہمیت، نوجوانوں کا اللہ سے تعلق، صحت اور اسلامی تعلیم، سوشل میڈیا پر تبلیغ، در جوانی توبہ کردن شیوہ پیغمبری، ارتقا اسلامی نظریہ، قرآنی احکامات، Covid-19 Vaccine، یورپ میں تبلیغ کی اہمیت اور عملی مثالیں، سویڈن میں کاروبار شروع کرنے کا طریق، تعلق باللہ ، مذہبی آزادی اور اسلامی تعلیم، احمدیت کی تعلیمات کے زندہ معجزات، میاں بیوی کا آئیڈیل تعلق، وبا کے دوران اسلامی تعلیمات، حلال اور حرام کے بارے میںاسلامی تعلیمات، خلافت کی اہمیت اور خلافت سے تعلق اور محبت کے واقعات۔
مقررین نے شاملین کواللہ تعالیٰ سے زندہ تعلق پیدا کرنے کی تلقین کی۔ نیز اپنی زندگیوں کو اسلام کے مطابق ڈھالنے کی طرف توجہ دلائی اور انہیں بتایا کہ معاشرے میں اسلام کی اچھی تصویر پیش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب اپنے کردار کو اسلام کی تعلیم کے مطابق ڈھالیں۔ ہمیں چاہیے کہ خلیفۃ المسیح کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔
اس کلاس کے آخر پرتمام شاملینِ کلاس نے ایک pollمیں شمولیت کی اور کلاس کے بارے میں بغیر نام کے اپنی رائے کا اظہار کیاجو بہت ہی مثبت اور حوصلہ افزا تھا۔ اسی طرح احباب جماعت نے بھی کلاس کو بہت پسند کیا اور بڑی تعداد میں کلاس سے استفادہ کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے کلاس بہت کامیاب رہی۔ الحمد للہ
مکرم امیر صاحب، مکرم مبلغ انچارج صاحب اور تمام مبلغین کرام نے کلاس کے انعقاد میں خاکسار کی بھر پور رہنمائی اور معاونت فرمائی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔
تمام جماعتوں کے سیکرٹریان تربیت اور محترمہ نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اور ان کی ٹیم کی بھرپور کوششوں سے کلاس کی حاضری بہت اچھی رہی۔ الحمد للہ
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اور سننے والوں کو کلاس کی برکتوں سے ہمیشہ مستفید فرمائے اور جو باتیں کلاس میں سیکھی ہیں ان پر عمل کرنےکی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ تمام انتظامیہ کو بھی اپنے فضلوں سے نوازے اور ہمیشہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکی ہدایات کی روشنی میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ تمام مقررین کے علم کو بڑھائے اور ان کی زبان میں اثر پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)