خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(14؍جنوری۔09:00 GMT)
کل مریض: 92,848,561
صحت یاب ہونے والے: 66,405,548
وفات یافتگان: 1,988,483
٭…امریکی وزیر خارجہ نے منگل 12؍جنوری کے روز بنا کسی ثبوت کے دعویٰ کیا کہ شدت پسند گروپ القاعدہ اپنی کارروائیوں کے لیے اپنا نیا اڈہ ایران میں قائم کر چکا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عسکریت پسند گروپ نے ایران کے اندر اپنے پاؤں اس قدر مضبوط کر لیے ہیں کہ امریکہ کے لیے اس کے ارکان کو نشانہ بنانا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ مائیک پومپیو نے یہ دعویٰ اخبار ’نیو یارک ٹائمز‘ کی اس خبر کے تناظر میں کیا ہے، جس میں کہاگیا تھا کہ القاعدہ کے ایک بڑے لیڈر ابومحمد المصری کو ایران میں گزشتہ برس ایک اسرائیلی آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ حالانکہ ایران نے اس خبر کی سختی سے تردید کی تھی۔
٭…ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے بُدھ 13؍جنوری کو ایک رپورٹ میں اس امر کا انکشاف کیا کہ ایرانی بحریہ خلیج عمان میں شارٹ رینج میزائل ڈرل کے لیے تیار ہے۔ ایک ایسے وقت میں جب تہران کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں امریکہ نے ایران کے خلاف مہم تیز تر کر دی ہے ایرانی بحریہ کی جانب سے اس مشق کا اعلان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ خلیج کے جنوب مشرقی پانیوں میں متوقع ایران کے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کی اس دو روزہ مشق میں دو نئے ایرانی ساختہ بحری جنگی جہازوں کی شمولیت متوقع ہے۔ جنوبی ایران کے ساحلی علاقے میں میزائل لانچ کے لیے ایک لاجسٹک بحری جہاز ایک ہیلی کاپٹر پیڈ کے ساتھ تعینات کیا گیا ہے۔حالیہ ہفتوں کے دوران ایران نے اپنی عسکری سرگرمیوں اور فوجی مشقوں میں اضافہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے روز انقلابی گارڈز کے نیم فوجی دستوں نے خلیج فارس میں ایک بحری پریڈ کا انعقاد کیا تھا۔ جبکہ دو ہفتے قبل ایران نے ملک کے قریب نصف حصے میں ایک بہت بڑی ڈرون مشق کی تھی۔
٭… امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخدے کی منظوری دے دی ہے اور اس کے بعد ایوان بالا سینیٹ میں ان کا ٹرائل کیا جائے گا۔ صدر ٹرمپ پر گذشتہ ہفتے کیپٹل ہل پر مظاہرے کے دوران مظاہرین کو ’بغاوت پر اکسانے‘ کا الزام لگایا گیا تھا۔ اس طرح امریکی صدر تاریخ میں وہ پہلے صدر بن گئے ہیں جنھیں دو مرتبہ مواخذے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
٭…یورپی یورپین کے خارجہ امور کے ترجمان پیٹراسٹانو نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے ویسٹ بینک کے علاقے میں 800 نئی رہائش گاہیں بنانے کی منظوری دینے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین ان تعمیرات کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی اور امن کے عمل کے حصول میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھتا ہے۔ جبکہ یہ دو ریاستی حل کے لئے بھی ایک رکاوٹ ہے۔ اس لئے یورپین یونین اسرائیل سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس غیرقانونی عمل سے باز رہے۔
٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس میں تقریر کرتے ہوئے ممکنہ مواخذے کو انتقامی کارروائی قرار دیا اور خبردار کیا کہ میرے مواخذے کی کوشش عوام میں سخت ناراضگی کا باعث بن رہی ہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ 25ویں ترمیم سے انہیں کوئی خطرہ نہیں۔ یہ وقت پُرامن رہنے اور اپنے جذبات پر قابو رکھنے کا ہے۔
٭…امریکی حکومت نے جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری پُرامن طریقے سے سرانجام دینے کے لیے 24؍جنوری تک واشنگٹن میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ امریکہ کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی نے جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری سے قبل مزید پُرتشدد اور مسلح احتجاجی مظاہروں کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور ملک بھر میں پولیس سمیت پیراملٹری اداروں کو الرٹ جاری کیا ہے۔
٭…انڈیا کی بری فوج کے سربراہ جنرل منوج مکند نرونے نے فوج کی سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ایک ساتھ دو محاذوں پر ایک سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان فوجی اور غیر عسکری تعاون اور اشتراک میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ دو محاذوں پر ٹکراؤ کا سوال ایک ایسا خطرہ ہے جس کے بارے میں ہمیں تیار رہنا چاہیے۔ اس خطرے سے نمٹنے میں ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کس محاذ پر زیادہ بڑا خطرہ ہے۔ پہلے بڑے خطرے سے نمٹنا ہو گا۔جنرل نرونے نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب انڈیا اور چین کے درمیان لداخ میں کشیدگی بدستور جاری ہے۔
٭…بھارت کی سپریم کورٹ نے حکومت کی جانب سے گزشتہ برس متعارف کرائے گئے زرعی قوانین پر عمل درآمد روکنے کا حکم دیتے ہوئے کسانوں اور حکومت کے درمیان اتفاق رائے کے لیے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تین رُکنی بنچ کی سربراہی کرنے والے بھارت کے چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے ریمارکس دیے کہ عدالت اور سیاست میں فرق ہوتا ہے لہٰذا فریقوں کو اس معاملے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا۔
عدالت نے کسانوں کی جانب سے 26؍جنوری یعنی بھارت کے یوم جمہوریہ پر دار الحکومت دہلی میں ٹریکٹر مارچ نکالنے کے اعلان پر کسان تنظیموں کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔
٭…اردو زبان کے نامور شاعر، ماہر لسانیات، لغت نویس اور دانشور نصیر ترابی اتوار 10؍جنوری کو 76سال کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات پا گئے۔ نصیر ترابی معروف خطیب علامہ رشید ترابی کے بیٹے تھے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم کراچی سے حاصل کی اور 1968ء میں جامعہ کراچی سے تعلقات عامہ میں ایم اے کیا۔ ان کا اولین مجموعہ کلام عکس فریادی 2000ء میں شائع ہوا۔ ان کی شعر و شاعری پر مباحث اور املا پر مشتمل ایک کتاب شعریات، نعتوں، منقبت، سلام پر مشتمل کلام کا مجموعہ لاریب بھی قارئین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ نصیر ترابی کو اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے علامہ اقبال ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔
٭…ترکی کی عدالت نے 64سالہ متنازع مبلغ عدنان اوقتار ’ہارون یحییٰ ‘کو جرائم پیشہ گروہ بنانے، سیاستدانوں اور فوج کی جاسوسی، دہشت گرد تنظیم (ایف ای ٹی او) کا ممبر نہ ہونے کے باوجود اُس کی معاونت، نابالغوں سے جنسی زیادتی اور جنسی استحصال، شخصی آزادی کی خلاف ورزی، تشدد اور دھمکی سمیت 10 جرم کی انجام دہی میں 1ہزار 75برس اور 3ماہ کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے عدنان اوقتار کی تنظیم کے ایک اور ایگزیکٹو ممبر کو نابالغ کے ساتھ جنسی زیادتی، جائیداد کے غلط استعمال اور سرکاری دستاویز میںہیر پھیرکے الزام میں 211سال قید کی سزا سنائی ہے۔
٭…انڈونیشین وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ انڈونیشیا کے قریب سمندر میں گرکر تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ بوئنگ 737 طیارہ 9؍ جنوری کو پرواز کے فوری بعد سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں عملے سمیت 62 افراد سوار تھے۔
٭…امریکہ میں کیلیفورنیا جیل سے 6 انتہائی خطرناک قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ان قیدیوں میں سے ایک پر قتل کے سنگین الزامات بھی ہیں۔ ملزمان کے جیل سے فرار کا واقعہ ہفتے کی شب پیش آیا جب ان ملزمان نے بستر کے لیے فراہم کردہ چادروں سے بُنی ہوئی رسی کی مدد سے جیل کی چھت تک رسائی حاصل کی اور پھر وہاں سے فرار ہوگئے۔ ڈیوٹی پر موجود محافظوں کو اگلے دن کی صبح تک قیدیوں کے غائب ہونے کا اندازہ ہی نہیں ہوا۔
٭…ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹا گرام کے بعد اب یوٹیوب نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چینل معطل کردیا۔ یوٹیوب کے عہدیداروں نے کہا کہ ٹرمپ چینل پر موجود نیا مواد ہٹا دیا گیا ہے کیونکہ ٹرمپ چینل پر موجود مواد پالیسی کے خلاف تھا اور اس سے تشدد پھیلنے کا خدشہ تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ چینل پر کم از کم 7دن تک نیا مواد اَپ لوڈ نہیں ہوسکے گا۔
٭…افریقی ملک یوگنڈا نے صدارتی انتخابات میں شفافیت کی خاطر تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ملک بھر میں بند کردیا۔ یوگنڈا کی حکومت نے متعلقہ محکمے کو حکم جاری کیا ہے کہ سوشل میڈیا ایپس یعنی فیس بک، واٹس ایپ، وائبر، ٹوئٹر اور دیگر کو فوری طور پر بند کردیا جائے۔ یوگنڈا حکومت کا یہ اقدام ملک میں دو دن بعد ہونے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے ہے تاکہ اس موقع پر سوشل میڈیا کو کسی قسم کی مہم کے لیے استعمال نہ کیا جاسکے۔ یوگنڈا میں 23.6 ملین سے زائد افراد کے پاس موبائل فونز ہیں جن میں سے 17 ملین افراد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔
٭…میسجنگ اپلیکشن واٹس ایپ کی جانب سے نئی پرائیویسی پالیسی متعارف کرائے جانے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردگان کے میڈیا آفس نے واٹس ایپ کا استعمال ترک کرنے کا اعلان کردیا۔ ترکی کا کہنا ہے کہ ڈیٹا پرائیویسی کے معاملے میں یورپی یونین کے ممالک اور دیگر ممالک میں تفریق ناقابل قبول ہے۔ ترک ریاستی میڈیا نے بتایا کہ صرف 24گھنٹے میں بی آئی پی کے صارفین میں 11لاکھ 20ہزار صارفین کا اضافہ ہوا جبکہ دنیا بھر میں اس کے 5کروڑ 30لاکھ صارفین ہیں۔اس وقت دنیا بھر سے صارفین جوق در جوق واٹس ایپ میسنجر سے ٹیلی گرام میسنجر پر منتقل ہو رہے ہیں۔
٭…امریکی حکام کے مطابق پرواز کے ذریعے آنے والے تمام مسافروں کو روانگی سے تین دن پہلے کی کورونا وائرس ٹیسٹ کی منفی رپورٹ دینا ہوگی، نئی پالیسی پر 26؍جنوری سے عمل درآمد شروع ہوگا۔ سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے کہا ہے کہ ٹیسٹ سے تمام خطرات ختم نہیں ہوتے تاہم ٹیسٹ اور احتیاطی تدابیر سے سفر محفوظ ہو جاتا ہے۔
٭…ترکی کی ایجین یونیورسٹی نے نئی قسم کے کورونا وائرس کے لیے ترک تحقیقاتی ادارے کے تعاون سے تیار ویکسین کے جانوروں پر تجربات کیے۔ کورونا ویکسین کے جانوروں پر کامیاب تجربات کے بعد اب کلینکل تجربات کیے جائیں گے۔
٭…لندن سے جاری اپنے بیان میں انگلینڈ کے چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر کرس وٹی نے انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا سے متعلق آئندہ چند ہفتے انتہائی خطرناک ہوں گے۔ لوگ غیر ضروری رابطے کم سے کم کردیں۔ کرس وٹی نے مزید کہا کہ انگلینڈ میں رواں ہفتے 7نئے مراکز میں لاکھوں افراد کو ویکسین لگائی جائے گی۔ برطانوی حکومت نے فروری کے وسط تک 15 لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انگلینڈ کے ہسپتالوں میں کوویڈ کے 30ہزار سے زائد مریض داخل ہیں۔کورونا سے شدید متاثر کاؤنٹی سرے میں مردہ خانوں میں جگہ ختم ہوگئی ہے۔ اور عارضی جگہ پر 200 میتیں رکھی گئی ہیں۔
٭…٭…امریکی وزارت خارجہ کی سرکاری ویب سائٹ کو ممکنہ ہیکنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ ویب سائٹ کے صفحے پر لکھ دیا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مدت صدارت 11 جنوری کو ختم ہوگئی۔ بعد میں یہ عبارت ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی۔ آئینی طور پر صدر ٹرمپ کی مدت صدارت 20 جنوری کو ختم ہوگی۔
٭…انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 12؍جنوری کو ٹویٹر پر ایک پول میں پاکستان کے عمران خان، بھارت کے ویرات کوہلی، جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اور آسٹریلیا کی میگ لیننگ میں سے بہترین کا انتخاب کرنے کا کہا ۔آئی سی سی نے کہا کہ آپ فیصلہ کریں کہ ان ذہین ’پیس سیٹرز‘ میں سے کون بہترین تھے۔
بیٹنگ کے 25.43 ٹیسٹ ایوریج اور بالنگ کے 25.53 اوسط کے ساتھ موجودہ وزیر اعظم پاکستان اور سابق کپتان عمران خان نے 47.3 فیصد ووٹس کے ساتھ یہ پول جیت لیا۔ بھارت کے کھلاڑی ویرات کوہلی 46.2 فیصد ووٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
٭…٭…٭