احمدیت کے غلبہ کی صورت میں دنیا کی سیاسی فضاکیسی ہو گی؟
سوال: مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کی طرف سے تیار کردہ تربیتی امور سے متعلق سوال و جواب پر مشتمل مسودہ میں ایک سوال کہ احمدیت کے غلبہ کی صورت میں دنیا کی سیاسی فضاکیسی ہو گی؟کے بارے میں رہ نمائی فرماتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز نے اپنے مکتوب مؤرخہ 26؍مئی 2018ء میں فرمایا:
جواب: سورۃ الحجرات میں اللہ تعالیٰ نے مومنین کی دو حکومتوں کے آپس میں لڑنے اور باقیوں کو ان کے درمیان صلح کروانے کا جو حکم دیا ہے اس میں دراصل یہ پیشگوئی بھی ہے کہ جب ساری دنیا پر اسلام کا غلبہ ہو جائے گا تو اس وقت بھی ساری دنیا میں ایک حکومت نہیں ہو گی بلکہ الگ الگ حکومتیں ہوں گی۔
پس اللہ تعالیٰ کے فضل سے جب احمدیت کا غلبہ ہو گا تو دنیا میں سیاسی لحاظ سے اگرچہ الگ الگ حکومتیں ہوں گی جن کے ملکی قوانین اسلامی قوانین سے نہیں ٹکرائیں گے۔ لیکن اس زمانہ میں سیاست اور روحانیت کے معاملات الگ الگ طے ہوں گے۔ خلافت حقہ اسلامیہ تو ساری دنیا میں ایک ہی ہو گی اور تمام حکومتیں علمی اور روحانی اعتبار سے خلیفۂ وقت سے رہ نمائی حاصل کریں گی۔ لیکن ان کے سیاسی معاملات میں خلیفۂ وقت کا کوئی دخل نہیں ہو گا۔ اورکوئی خلیفہ خود فوج لےکر کسی حکومت پر حملہ آور نہیں ہوگا۔