ساؤتومے میں دارالرحمت (لاوارث بزرگان کے لیے گھر) کا افتتاح
جماعت احمدیہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ خدمت خلق کے اس عظیم مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کو مورخہ 8؍اکتوبر 2020ء ساؤتومے ملک میں لاوارث بزرگان (بوڑھے مرد و خواتین) کی دیکھ بھال کے لیے پہلا مرکز قائم کرنے کی توفیق ملی۔ ساؤتومے کے دارالحکومت میں ایک گھر کرائے پر لے کر یہ مرکز قائم کیا گیا ہے۔
اس ملک میں بہت سے لاوارث بوڑھے افراد ہیںجن کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مرکز قائم کیا گیاہے۔ اس کےلیے 2؍اکتوبر 2020ء کو سوشل ورک کےوفاقی وزیر سے ملاقات کی گئی اور ملکی قواعدو ضوابط کے مطابق منظوری لینے کے بعد ایک مکان کرائے پر لیاگیا۔ چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی مکرم ڈاکٹر اطہر زبیر صاحب جرمنی سے تشریف لائے تھے۔ ان کی نگرانی میں دارالرحمت کے لیے سامان خریدا گیا۔ اس گھر میں پندرہ بزرگان کی رہائش کا انتظام ہے۔ یہ پروگرام نیشنل ٹیلی ویژن پر نشر ہوا۔ ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا یہاں صرف مسلمانوں کی دیکھ بھال کی جائے گی۔ انہیں بتایا گیا کہ
انسانیت کی خدمت کے لیے بغیر رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کےیہ مرکز قائم کیا گیا ہے۔ اس گھر میں رہنے والے جس طرح چاہیں اپنے اپنے مذہب پر عمل کریں۔ دارالرحمت کے افتتاح کے لیے ضلع میزوش (Mezoche)کے میئر نے بھی شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اس خدمت کو قبول فرمائے اور یہ خدمت جماعت اور اس ملک کے لیے بہت بابرکت ہو۔ آمین
(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭