علمی مقابلہ جات واقفین و واقفات نو فرانس
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقف نو فرانس کو ماہ دسمبر 2020ء میں چند علمی مقابلہ جات کروانے کی توفیق حاصل ہوئی۔ سکائپ پر سیکرٹریان وقف نو فرانس کی ایک میٹنگ بلائی گئی تاکہ مشورہ کے ساتھ انتظامات کو آگے بڑھایا جائے۔ چنانچہ یہ طے پایا کہ مقابلہ جات مکمل طور پر آن لائن ہوں گے۔ بچے گھر پہ رہتے ہوئے سکائپ کے ذریعہ وقت مقررہ پر اپنی عمر کے مطابق گروپس شامل ہوں گے اور جج صاحبان بھی گھر پہ رہتے ہوئے ہی بچوں کی قابلیت کا جائزہ لیں گے۔ واقفین اور واقفات کے لیے تمام انتظامات علیحدہ علیحدہ کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بچوں بچیوں کی ہفتہ وار کلاسز بھی اسی طرح چھوٹے گروپس کی شکل میں باقاعدگی سے سکائپ پر ہو رہی ہیں ۔ فالحمدللہ علی ذالک
ملکی حالات کے پیش نظر ’’سیرت النبی ﷺ‘‘ کےمختلف پہلوؤں کو بطور عناوین شامل کیا گیا تھا۔ مقابلہ جات میں شمولیت کا دعوت نامہ اور ٹائم ٹیبل ماہ دسمبر کے شروع میں ہی بچوں تک پہنچا دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ سیکرٹریان اور صدران کے ذریعہ بھی باقاعدگی سے رابطہ رکھا گیا۔ الحمدللہ۔ مربیانِ سلسلہ مکرم اسامہ احمد صاحب ، مکرم منصور احمدمبشر صاحب ، مکرم عرفان ٹھاکر صاحب، مکرم بلال اکبر صاحب اور مشنری انچارج مکرم نصیر احمد شاہد صاحب نے واقفین کی علمی قابلیتوں کی جانچ کا فرض خوب نبھایا۔ لجنہ اماء اللہ کی معاونات برائے وقف نو نے بہت محنت،لگن، اخلاص اور ذمہ داری سے تمام پروگرام کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا۔ سبھی والدین نے خصوصی جوش و خروش ،تعاون اور خوشنودی کا اظہار کیا۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء۔
شامل ہونے والے واقفین کی کل تعداد 45، واقفات کی تعداد 37اور منتظمین و منتظمات کی کل تعداد 26رہی۔الحمدللہ
خاکسار معاونت فراہم کرنے والے تمام احباب و خواتین نیز مربیان کرام کا تہ دل سے مشکور ہے اور دعا گو ہےکہ اللہ تعالیٰ سب کو بہترین اجر سے نوازے۔ والدین کے اخلاص کو شیریں پھلوں سے ثمر بارکرے ۔ اللہ کرے کہ یہ بچے جماعت کاقیمتی سرمایہ اور خلافت احمدیہ کے بہترین خادم ثابت ہوں ۔ آمین
(رپورٹ: چودھری مقصود الرحمٰن۔ نیشنل سیکرٹری وقف نو فرانس)