نیشنل اجتماع واقفین نو و واقفاتِ نو جماعت احمدیہ فن لینڈ
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کو مورخہ 19و 20دسمبر 2020ء کو واقفین نو اور واقفات نو کا آن لائن اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
آن لائن اجتماع کا یہ پہلا تجربہ تھا۔ واقفین نو کے علمی مقابلہ جات کے لیے عمروں کے حساب سے چار نصاب تیار کیے گئے۔ نیز واقفین نو اور واقفات نو کے چار گروپس بنائے گئے۔ ان گروپس کے علمی مقابلہ جات کے لیے باقاعدہ پروگرام اور ٹائم ٹیبل ترتیب دیا گیا۔
صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ فن لینڈ کی زیر نگرانی واقفات نو اور سات سال سے کم عمر کے واقفین نو کے علمی مقابلہ جات چار سیشنز میں کروائے گئے۔ چھوٹی عمر کے واقفین نو بچوں نے بہت جوش و خروش سے حصہ لیاخاص طور پر وقف نو اجتماع کی پینٹنگز بھی تیار کیں۔ کُل 96 فی صد واقفات نو اور چھوٹی عمر کے واقفین نو نے علمی مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ الحمد للہ
سات سال سے زائد عمر کے واقفین نو کے علمی مقابلہ جات کے آغاز میں نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم حافظ عطاء الغالب صاحب نے دعا کروائی۔ اس کے بعد مبلغ سلسلہ جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم مصور احمد شاہکار صاحب کی زیر نگرانی واقفین نو کے علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ ان مقابلہ جات میں مقابلہ تلا وت قرآن مجید، نظم، تقریر فی البدیہہ اور دینی معلومات کا کوئز شامل ہیں۔ یہ مقابلہ جات کُل چھ آن لائن سیشنز میں مکمل ہوئے۔
مورخہ 20؍دسمبر کی شام پانچ بجے اجتماع کی اختتامی تقریب کا آغاز ہوا۔ تقریب میں خاص طور پر واقفین نو کے والدین کو مدعو کیا گیا تھا۔ مکرم جری اللہ صاحب نے تلاوتِ قرآن کریم کی، نظم عزیزم عارفین احمد نے پڑھی۔ اس کے بعد خاکسار (نیشنل سیکرٹری وقف نو) نے شعبہ وقف نو کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پیش کی۔ نیز شعبہ وقف نو کے انتظامی امور اور واقفین کی کونسلنگ کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔ اسی طرح حضور انور ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائع کی روشنی میں واقفین نو کو جامعہ میں جانے کی طرف توجہ دلائی۔
اس کے بعد مبلغ سلسلہ جماعت احمدیہ فن لینڈ مکرم مصور احمد شاہکار صاحب نے واقفین نو اور ان کے والدین کی ذمہ داریاں کے موضوع پر تقریر کی۔ آپ نے واقفین نو کو پنج وقتہ نماز و نماز تہجد کی ادائیگی اور تعلق بالله مضبوط کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ نیز آپ نے حضور انور ایدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح کی روشنی میں والدین کو بتایا کہ انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہر وقف نَو بچہ ان کے پاس جماعت کی امانت ہے جس کی تربیت اور اسے جماعت اور معاشرے کا بہترین حصہ بنانا والدین کی ذمہ داری ہے۔
اس کے بعد صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ نے اختتامی دعا کروائی اور اس کے ساتھ ہی آ ن لائن وقف نو اجتماع فن لینڈ خدا تعالیٰ کے فضل سے اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ
اس اجتماع میں واقفین نو کی کل حاضری 86 فیصد رہی۔ اور واقفین نو کے والدین سمیت کُل 105افراد نے وقف نو اجتماع فن لینڈ میں شرکت کی۔
(رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)