متفرق شعراء
چودھری حمید اللہ صاحب کے انتقال پُر ملال پر
چل بسا ہے احمدیت کا وہ پُرعظمت سپوت
جس کا تھا ہر اِک عمل حُبِّ خلافت کا ثبوت
لب کشائی میں تھے حکمت کے جواہر موجزن
اور دانائی کا بحرِ بیکراں اس کا سکوت
وقف تھا اور وقف کو اعزاز بخشا شان سے
اپنی محنت سے لگن سے عزم سے دل جان سے
استقامت کو بنایا شمعِ راہِ زندگی
ہر وفاداری نبھائی وقف کے پیمان سے
دینِ احمد کے لیے خدمات تیری بےشمار
جو تجھے سونپا گیا ہر فرض میں تھا کام گار
جس کسی میدان میں توفیق خدمت کی ملی
تو رہا مخلص جواں ہمت توانا شہسوار
ضوفشاں تاریخِ ملّت میں رہے گا تیرا نام
جگمگائیں گے ترے کردار کے جوہر تمام
ہر جگہ تو نے کھلائے قابلیت کے گلاب
گلشنِ تدریس ہو یا کارہائے انتظام
تُو خدا کے قُرب کی نوری فضاؤں میں رہے
روح تیری رحمتِ رحماں کی چھاؤں میں رہے
چشمۂ کوثر کے دامن میں رہے مسکن ترا
جنّتُ الفردوس کی خوش کُن ہواؤں میں رہے
(مبارک احمد عابد ؔ۔ 7؍فروری 2021ء)