وقفِ نو ڈے۔ سویڈن
اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے شعبہ وقف نو جماعت احمدیہ سویڈن کو آن لائن وقف نو ڈے مورخہ 10؍جنوری 2021ء بروز اتوار منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد لله علی ذالک۔
پروگرام کا آغاز 11بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزيزم محسن عظیم صاحب نے کی۔ بعد ازاں حافظ جاذب عارفین احمد صاحب نائب سیکرٹری وقف نو سویڈن نے شاملین کو خوش آمدید کہا نیز وقف نو بچوں اور ان کے والدین کو پروگرام کی تفصیل سے آگاہ کیا۔
اس کے بعد مکرم وسیم ظفر صاحب امیر جماعت ہائے احمدیہ سویڈن نے شاملین سے افتتاحی خطاب کیا۔ انہوں نے تمام واقفین کو ایسے پروگراموں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی طرف توجہ دلائی۔ اجتماعی دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام پذیر ہوا۔
پروگرام کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ایک حصہ 7سے15سال تک کے واقفین کے لیے تھا اور دوسرے حصہ میں 15 سال اور اس سے بڑی عمر کے واقفین نو نے شرکت کی۔
پہلے حصہ میں دو سیشن منعقد کیے گئے ۔ ’سوشل میڈیا کے ہماری زندگی پر اثرات‘ کے موضوع پر مکرم محمد داؤد خان صاحب سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ مالمو نے تقریر کی۔ بعد ازاں ’سٹوری ٹائم‘ کے عنوان سے ایک پروگرام پیش کیا گیا جس میں خاکسار (مبلغ سلسلہ مالمو) نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے حالات زندگی نہایت آسان زبان میں ایک کہانی کی صورت میں پیش کرنے کی کوشش کی۔ اس کے بعد انہی معلومات پر مبنی Kahoot کوئز ہوا جس میں بچوں نے بہت دلچسپی سے حصہ لیا۔
دوسرے حصہ میں مکرم تحسین اسلم صاحب وائس پرنسپل یونیورسٹی Skövde، سویڈن نے کالج اور یونیورسٹی جانے والے نوجوانوں کو پیش آنے والی مشکلات اور مسائل کو بیان کیا اور ان کا حل بھی سمجھایا۔ آپ نے اس موضوع پر نہایت خوبصورت اور مؤثر انداز میں نوجوانوں کو سمجھایا۔ اس سیشن کی دوسری تقریر مکرم محمد داؤد خان صاحب کی تھی جس میں انہوں نے سوشل میڈیا کے استعمال کے بارےمیں ہدایات دیں اور سوشل میڈیا کے ہماری زندگیوں پر اثرات کے حوالے سے آگاہی دی۔
نمازوں اور کھانے کے وقفہ کے بعد 2بجے اختتامی پروگرام مکرم امیر صاحب سویڈن کی صدارت میں شروع ہوا۔ مکرم خاقان محمود صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اور مکرم طارق یوسف صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو سویڈن نے وقف نو پراگرس رپورٹ سال 2020/21ء پیش کی۔ بعد ازاں وقف نو بچوں کے سوالات کے جوابات دیے گئے ۔
پروگرام کے آخر میں مکرم آغا یحیٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے بچوں اور والدین کو وقف نو کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔
مکرم امیر صاحب نے پروگرام میں شامل تمام بچوں اور والدین کا شکریہ ادا کیا۔
مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اختتامی دعا کروائی اور اس کےساتھ یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے پروگرام بہت کامیاب رہا۔ الحمد للہ
(رپورٹ۔ رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)