متفرق شعراء
بسلسلہ صدسالہ جشن تشکر مغربی افریقہ سیرالیون
پُرکیف خوشگوار بہاروں کی سرزمین
سیرالیون چاند ستاروں کی سرزمین
ہر سمت شرق، غرب، شمال و جنوب میں
علمِ قرآں کی پیاس کے ماروں کی سرزمین
ہر ایک خاص و عام میں مشہور تیرا نام
رب الوریٰ کے شکر گزاروں کی سرزمین
سینے میں تیرے دفن ہے محمودؔ کا علیؔ
اے خوش نصیب، جان نثاروں کی سرزمین
اخلاص، شوق، عجز، تبسم کا امتزاج
عشق خدا میں غرق ہزاروں کی سرزمین
جو ڈھونڈتے ہیں آج مقامِ طلوعِ شمس
دیکھیں یہ دلفریب نظاروں کی سرزمین
افلاس بھوک ننگ سے دوچار ہے تو کیا
دل کی غنی، امام کے پیاروں کی سرزمین
کہنا غلط نہیں ہے تجھے دیکھنے کے بعد
تُو مسجدوں کا ملک، مناروں کی سرزمین
(حافظ اسداللہ وحید ۔ سیرالیون)