ساؤ تومے میں جماعت احمدیہ کی دسویں مسجد (بیت الاحسان) کا افتتاح
مورخہ 20؍فروری 2021ء کو اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ ساؤ تومے کو کیپیٹل کے ایک محلے ساؤں گیبوں (Sao Guebom) میں ملک کی دسویں مسجد کے افتتاح کی توفیق بخشی۔ یہ مسجد 8 میٹر چوڑی اور آٹھ میٹر لمبی ہے جس میں تقریباً ستر افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔
مورخہ 22؍ستمبر 2020ء کو اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس جگہ (خاکسار)مبلغ انچارج و صدر جماعت ساؤتومے اور لوکل معلم مکرم سلیمان یوسف صاحب کے ذریعہ 15؍فروری 2020ء کو جماعت کا پودا لگا تھا۔ شروع میں آٹھ افراد عیسائیت چھوڑ کر اسلام احمدیت میں داخل ہوئے۔ جب یہاں مستقل تربیتی کلاس کا اہتمام کیا تو کچھ اور لوگ احمدی ہوئے جن کی تعداد تیس سے بڑھ چکی تھی۔
مورخہ 20؍فروری کو 11بجے صبح پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد صدر صاحب جماعت ساؤں گیبوں مکرم بلال صاحب نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا خاص احسان ہے کہ اس نے ہمیں جماعت احمدیہ یعنی حقیقی اسلام قبول کرنے کی توفیق دی۔ اس مسجد کے لیے ہم جماعت اور حضرت خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ ہم لوگ عیسائی تھے اور جماعت کا پیغام سن کر جماعت احمدیہ میں داخل ہوئے۔ جماعت احمدیہ ہی سچی جماعت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس گھر کو آباد کرنے کی توفیق دے۔ آمین
مکرم قمر رشید صاحب مبلغ سلسلہ گوادالوپ، لوکل مشنری عبد اللہ صاحب، لوکل معلم مکرم حزقیل صاحب نے احباب جماعت کو مسجد آباد کرنے کی نصائح کیں اور اس بات کا اظہار کیا کہ ہم خدا تعالیٰ کے بہت شکر گزار ہیں کہ جس نے ہمیں یہاں مسجد کی تعمیر کی توفیق دی اور آج ہم اس مسجد کا افتتاح کررہے ہیں۔ اس علاقے میں لوگ اسلام کے بارے میں کچھ نہیں جانتے تھے۔ اب تمام لوگ ہمیں دیکھیں گے کہ مسلمان کس طرح کے ہوتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ خدا تعالیٰ کا گھر امن کا گھر ہوتا ہے ہمیں امن سے اپنی زندگی بسر کرنی چاہیے۔ اب ہمارے احمدی بھائیوں کی ذمہ داری ہے کہ جماعت کا پیغام آگے پہنچائیں۔ لوگوں کو اپنے پیدا کرنے والے پیارے خدا کے گھر کی طرف بلائیں۔ اپنے نمونہ سے ثابت کریں کہ اسلام ایک پر امن مذہب ہے۔
آخر پر خاکسار نے اپنی تقریر میں 20؍فروری کے حوالہ سے عرض کیا کہ آج یوم مصلح موعودؓ کے دن اس ملک میں دسویں مسجد بیت الاحسان کا افتتاح کرنے کی جماعت کو توفیق مل رہی ہے اور ہم سب پیشگوئی مصلح موعود کے پورا ہونے کا زندہ نشان ہیں۔ نیز خاکسار نے اس مسجد کو آباد رکھنے کی طرف احباب جماعت کو توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔
دعا کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں 18جماعتوں سے 90؍احباب شامل ہوئے۔ خدا تعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭