ڈیٹرائٹ اور ڈیٹن جماعت کا آن لائن جلسہ یومِ مصلح موعود کا انعقاد
خدا کے فضل سے مورخہ 21؍فروری 2021ء بروز اتوار شام ساڑھے چھ تا ساڑھے آٹھ بجے جماعت احمدیہ ڈیٹرائٹ اور جماعت احمدیہ ڈیٹن نے اکٹھے یوم مصلح موعودؓ کے جلسے کا انعقاد کیا۔
دونوں جماعتوں کے ممبران نے بذریعہ (zoom)زوم گھروں سے جلسہ میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز مکرم مقبول احمد صاحب صدر جماعت کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا جو عزیزم عمیر ملک صاحب نے کی اور اس کا ترجمہ مکرم عدیل احمد صاحب نے پیش کیا۔ عزیزم طاہر احمد منور نے نظم پڑھی۔ مکرم مقبول احمد طاہر صاحب نے جلسہ کی غرض و غایت بیان کی اور پیش گوئی کا پس منظر بیان کیا۔ مکرم بشارت وسیم صاحب نے اردو میں پیشگوئی مصلح موعودؓ کے الفاظ پڑھ کر سنائے اور عزیزم حسن قریشی صاحب نے اس کا انگریزی ترجمہ پیش کیا۔
بعد میں مکرم ڈاکٹر مطاہر احمد صاحب نے پیشگوئی مصلح موعودؓ کے حقیقی مصداق پر تقریر کی۔ انہوں نے حضرت مصلح موعودؓ کی تقریر ’’المصلح الموعود‘‘ کے قیمتی حوالہ جات سنا کر ثابت کیا کہ آپؓ ہی اس پیش گوئی کے حقیقی مصداق ہیں۔
اس کے بعد ڈاکٹر نعیم لغمانی صاحب نے نظام جماعت پر تقریر کی۔ عزیزہ ہاجرہ احمد صاحبہ نے ایک نظم پڑھی۔ نظم کے بعد مکرم عبدالشکور احمد صاحب آف ڈیٹن نے حضرت مصلح موعودؓ کا پیغام جو انہوں نے جلسہ سالانہ امریکہ 1949ء کے موقع پر بھجوایا پڑھ کر سنایا۔ اور انہوں نے اس سے یہ بھی ثابت کیا کہ ’’وہ علوم ظاہری و باطنی سے پُر کیا جائے گا‘‘۔
اس کے بعد مکرم عثمان منگلا صاحب نے تمام بچوں کے لیے ایک سوال جواب پر مشتمل پروگرام کیا۔ اس میں وقت کی مناسبت سے صرف 50 بچے اور بچیاں حصہ لے سکتے تھے۔ 15منٹ کا یہ پروگرام جو زوم پر ہی ہوا تھا بڑا دلچسپ تھا۔ عزیزہ ایشال طاہر اس میں اول رہی۔ بارک اللّٰہ لھا
اس دلچسپ پروگرام میں مکرم ناصر بخاری صاحب نے ’’حضرت مصلح موعودؓ اور استحکام خلافت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ انہوں نے خلافت کی اہمیت اور برکات اپنے مخصوص انداز میں بیان فرمائیں اور نظام خلافت سے چمٹے رہنے کی تلقین کی۔
آخر پر خاکسار نے حضرت مصلح موعودؓ کی محبت الٰہی، عبادت، عشق رسولؐ، بچوں کی تربیت اور جماعت کو ہر حال میں مقدم رکھنے کے بارے میں آپؓ کی سیرت طیبہ کے واقعات سنائے۔ دعا کےساتھ اس جلسہ کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭