جماعت احمدیہ جرمنی کا نیشنل (آن لائن) جلسہ یوم مصلح موعودؓ
خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے 20؍فروری 2021ء کو نیشنل شعبہ تربیت جماعت احمدیہ جرمنی کو ملکی سطح پر آن لائن لائیو جلسہ یو م مصلح موعودؓ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذالک
جماعت احمدیہ میں یہ جلسہ پیشگوئی مصلح موعودؓ کے پورا ہونے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ جس سے خداتعالیٰ نے اسلام کی حقانیت اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی صداقت دنیا پر ثابت کرنی تھی۔ اس پیشگوئی کی اہمیت کے بارہ میں سیدنا حضرت خلیفة المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز فرماتے ہیں:
’’ایسی پیشگوئی جو اسلام کی برتری اور سچائی ثابت کرنے کے لیے اللہ تعالیٰ کے الہام کے تحت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کی تھی جو حضرت مصلح موعودؓ کی پیدائش سے تین سال پہلے کی گئی تھی۔ جس میں ایک خادمِ اسلام موعود بیٹے کی پیدائش کی خبر تھی جو دشمنوں کے لیے نشان کے طور پر پیش کی گئی تھی۔‘‘(خطبہ جمعہ 21؍ فروری 2020ء)
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اس جلسہ کو نیشنل سطح پر منعقد کرنے کی منظوری ملنے کے ساتھ ہی اس جلسہ کے انتظامات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ا یک طرف جہاں ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمن سٹوڈیوز کے ذریعہ احباب جماعت تک جلسہ کی کارروائی پہنچانے کا کام تھا تو دوسری طرف مقررین و موضوعات کے انتخاب کا مرحلہ تھا۔ جلسہ کو کامیاب کرنے کے لیے متعلقہ شعبہ جات سے میٹنگز کی گئیں اور وقتاً فوقتاً انتظامات کا جائزہ لیا جاتا رہا۔
مقررین میں سب سے پہلے مکرم شمس اقبال صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ جرمنی نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کی خدمت قرآن کریم‘‘ کے بارہ میں تقریر کی۔ اس کے بعد جرمن زبان میں مکرم شعیب عمر صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ جرمنی نے ’’پیشگوئی مصلح موعود کی اہمیت و مقصد‘‘ بیان کیا۔پھر مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جماعت احمدیہ جرمنی نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کے ساتھ تائیدات الہٰیہ‘‘ کے موضوع پر سیرت حضرت مصلح موعودؓ کے چند درخشاں پہلو بیان کیے۔ آخر پر مہمان خصوصی نیشنل امیر صاحب نے ’’حضرت مصلح موعودؓ کی احباب جماعت سے توقعات‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔
محض خدا تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا کی دعاؤں سے یہ جلسہ نہایت کامیاب رہا۔ اس جلسہ کو ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمن سٹوڈیوز کے یوٹیوب چینل پر لائیو نشر کیا گیا۔ نیز احباب جماعت کی سہولت کے لیے جرمن و اردو زبان کے لیے ٹیلیفون نمبرز کا بھی انتظام کیا گیاتھا۔
ایم ٹی اے انٹرنیشنل جرمنی سٹوڈیوز کی رپورٹس کے مطابق اس جلسہ کی کارروائی سے تقریباً28284افراد نے استفادہ کیا۔ اس کے علاوہ اب تک یوٹیوب کے تینوں لنکس پر اس جلسہ کو دیکھنے والوں کی کل تعداد 26867ہوچکی ہے۔ اس جلسہ کو جرمنی کے علاوہ 50سے زائد ممالک میں دیکھا گیا۔ یوں ایک اندازہ کے مطابق اب تک 55544سے زائد افراد اس جلسہ کی کارروائی کو دیکھ چکے ہیں۔ الحمدللہ علی ذالک۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کو خلیفة المسیح کا سلطان نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: کامران احمد۔ مربی سلسلہ شعبہ تربیت جرمنی)