امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دستِ مبارک سے چینی ڈیسک کی جدید ویب سائٹ کا اجرا
(مسجد مبارک، اسلام آباد 02؍ اپریل 2021ء، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) سیّدنا امیرالمومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے دستِ مبارک سے مرکزی چینی ڈیسک کی جدید ویب سائٹ کا اجرا فرمایا۔ حضور انور نے خطبہ جمعہ کے دوران اس ویب سائٹ کے اجرا کا اعلان فرماتے ہوئے اس کا مختصر تعارف بھی بیان فرمایا۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے اس ویب سائٹ کی تفصیل بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ ویب سائٹ مرکزی آئی ٹی ٹیم کی مدد سے بنائی گئی ہے۔ جس سے لوگوں کو چینی زبان میں اسلام اور احمدیت کے متعلق تفصیلی معلومات مل سکیں گی۔ اس ویب سائٹ کو جماعت کی مین ویب سائٹ www.alislam.org کے ذریعہ بھی اور علیحدہ طور پر بھی وزٹ کیا جاسکے گا۔ اس میں مختلف عناوین کے تحت مواد ڈالا گیا ہے۔ قرآن کریم کے چینی ترجمہ کا نیا ایڈیشن ڈالا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 23 دیگر کتب اور پمفلٹس دیے گئے ہیں۔ سوال و جواب کے تحت مختلف سوالوں کے جواب دیے گئے ہیں۔ حضرت مسیح موعودؑ کے عنوان کے تحت حضور اقدسؑ اور خلفاء کا تعارف دیا گیا ہے۔ پہلے صفحے پر جماعت کی دیگر 6 ویب سائٹس کے لنک دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ رابطہ کے لیے فون، فیکس اور ای میل وغیرہ کی تفصیل دی گئی ہے۔
حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ خدا کرے کہ یہ ویب سائٹ چینی عوام کے لیے ہدایت کا موجب ہو اور اسلام اور احمدیت کے لیے ان کے دل کھلیں۔
چینی ڈیسک مرکزیہ کے انچارج محترم رشیدارشد صاحب نے الفضل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ چینی زبان میں جماعتی لٹریچر وغیرہ اس سے پہلے alislam.orgپر ہی میسر تھا لیکن حضور انور کی ہدایت پر جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے یہ ویب سائٹ بنائی گئی ہے۔
www.alislam.cnپرجاکراس ویب سائٹ سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
(رپورٹ: احسن مقصود، مربی سلسلہ)