پانچواں کانووکیشن جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا (2021ء)
منعقدہ 8اپریل2021ءبروز جمعرات
امسال 11 ممالک کے 33 طلباء نے شاہد کا امتحان پاس کیا
محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے درجہ شاہد کی الوداعی تقریب مورخہ 8؍اپریل2021ء بروز جمعرات منعقد کی گئی۔ تقریب کی صدارت مکرم مولوی نور محمد بن صالح صاحب امیر و مشنری جماعت احمدیہ گھانا نے کی۔ اس سال 11ممالک کے 33 خوش نصیب طلباء فارغ التحصیل ہو کر میدان میں جا رہے ہیں۔ ان ممالک میں گھانا، نائیجیریا، تنزانیہ، گیمبیا، آئیوری کوسٹ، کینیا،کونگو، یوگنڈا، قزاقستان، اردن اور پاکستان شامل ہیں۔ اس طرح جامعہ احمدیہ کی اس شاخ سے اب تک 20ممالک کے 94 طلباء فارغ التحصیل ہو کر میدان عمل میں پہنچ چکے ہیں۔ الحمد للہ علی ذالک
تقریب کا اہتمام مسرور ہوسٹل کے ہال میں کیا گیا تھا۔ وبائی ایام کی وجہ سے تقریب محدود پیمانے پر منعقد کرنے کا اہتمام کیا گیا، جس میں صرف اساتذہ جامعہ احمدیہ اور جملہ طلباء نے شرکت کی جبکہ بیرون از جامعہ سے مکرم امیر صاحب گھانا شامل ہوئے۔ پروگرام کا آغاز مکرم امیر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ عزیزم حافظ عبدالصمد بواٹنگ نے تلاوت کرنے کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے کلام ’’تیرے بندے اے خدا سچ ہے کہ کچھ ایسے بھی ہیں‘‘ سے چند اشعار عزیزم طاہر رمضان مرونڈا نے خوش الحانی سےپیش کیے۔ نظم کے بعد کانووکیشن کی رپورٹ خاکسار (صدر اکیڈیمک کمیٹی) نے پیش کی۔ پھر عزیزم عبد الرفیق لارٹے نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ چار مختلف زبانوں میں ترانہ پیش کیا۔ طلباء کی طرف سے عزیزم مصطفیٰ کریکری متعلم درجہ خامسہ نے شکریہ ادا کیا۔ رپورٹ کے بعد عزیزم الیاس آدم نے اپنی ٹیم کے ساتھ ترانہ بعنوان ’’خلافت کے ادنیٰ سپاہی ہیں ہم‘‘ پیش کیا۔ بعد ازاں تقریب کے مہمان خصوصی مکرم امیر صاحب نے فارغ التحصیل شاہدین کو میڈلز اور اسناد دیں۔
جامعہ میں تعلیم کے دوران اس کلاس میں سےدو طلباء عزیزم حافظ عبد الحمید سویری (گھانا) اور حافظ اولاینکا عبدالسلام (نائیجیریا) نے اپنے ذاتی شوق سے مکمل قرآن کریم حفظ کیا۔ اسی طرح عزیزم حافظ شمس الدین اوجو (نائیجیریا) نے اپنے ذاتی شوق سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے عربی قصائد مکمل یاد کیے ہیں۔ جامعہ کی طرف سے ان تینوں طلباء کونقد رقم بطور انعام بھی دی گئی۔
امسال ایم ٹی اے انٹرنیشنل پر نشر ہونے والے عالمی مقابلہ تلاوت میں جامعہ کے ایک طالب علم عزیزم حافظ عبدالصمد بواٹنگ نے اول پوزیشن حاصل کی تھی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت اپنے دستخط والا قرآن کریم عزیزم کے لیے عطا فرمایا اور ایم ٹی اے کی طرف سے ایک عدد شیلڈ بھی بطور انعام موصول ہوئی تھی۔ مکرم امیر صاحب نے اس موقعے پر یہ بابرکت تحائف بھی انہیں پیش کیے۔ الحمد للہ رب العالمین۔
اسناد اور میڈلز کی تقسیم کے بعد امیر صاحب نے فارغ التحصیل ہونے والے شاہدین اور طلباء جامعہ کو نصائح کیںاور تقریب کے اختتام پر دعا کروائی۔ نماز ظہر و عصر مسجد میں باجماعت ادا کی گئیں۔ بعد ازاں جامعہ میں مکرم امیر صاحب اور حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
12؍ اپریل2021ء تک فارغ التحصیل ہونے والے تمام شاہدین اپنے اپنے ملکوں کو جانے کے لیے ہیڈ کوارٹر اکرا روانہ ہوجائیں گے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ۔ اللہ تعالیٰ ان فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کو جماعت احمدیہ کا نہایت مفید وجود بنائے۔ خدمت اسلام کی حقیقی تڑپ اورلگن ان کے دلوں میں پیدا فرما دے اورغلبۂ اسلام کی عالمگیر مہم میں خلافت احمدیہ کا حقیقی معنوں میں دست و بازو اور سلطان نصیر بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭