جامعۃ المبشرین سیرالیون میں جلسہ یومِ مسیحِ موعودؑ کا بابرکت انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃ المبشرین سیرالیون کو 28؍مارچ 2021ء کو جلسہ یومِ مسیح موعودؑ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ جلسہ کا مقصد جامعہ کے طلباء کو 23؍مارچ کی اہمیت اور حضرت مسیح موعودؑ کی سیرت اور تعلیمات سے آگاہ کرنا تھا۔
جلسہ کا باقاعدہ آغاز مکرم مبارک احمد گھمن صاحب، پرنسپل جامعہ کی صدارت میں دن 12 بجے جامعۃ المبشرین کے ہال میں تلاوت قرآنِ کریم اور ترجمہ سے ہوا جس کی سعادت عزیزم محمد ییرو کمارا کو حاصل ہوئی۔ عزیزم عثمان سیسے نے نظم حمد و ثنا اسی کو جو ذات جاودانی پیش کی۔
پروگرام کی پہلی تقریر عزیزم محمد جی کمارا نے کی جس کا عنوان ’حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کی ضرورت اور اہمیت ‘تھا۔
دوسری تقریر مکرم شیخ ظافر احمد اسامہ استاد جامعہ نے ’حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی انتھک محنت کی عادت‘پر کی۔ آپ نے حالات و واقعات کی روشنی میں آپؑ کی سیرت کے اس پہلو پر روشنی ڈالی کہ کس طرح تھوڑے وقت میں آپؑ نے 80سے زائد کتب، سینکڑوں اشتہارات اور ہزاروں خطوط لکھے اور ان کے جواب دیے۔
جامعہ کے طلباء کے ایک گروپ نے حضرت مسیح موعودؑ کا قصیدہ یاعین فیض اللّٰہ والعرفان پیش کیا جس کا اردو اور انگریزی ترجمہ بھی ترنم کے ساتھ پیش کیا گیا۔
تیسری تقریر مکرم سلیمان حمزہ کمارا صاحب استادجامعہ نے پیش کی۔ آپ کی تقریر کا عنوان ’حضرت مسیح موعودؑاسلام کے چیمپین‘تھا۔ آپ نے حالات و واقعات کی روشنی میں بتایا کہ کس طرح آپ نے عیسائیت اور ہندوازم اور دیگر مذاہب کے مقابلہ پر اسلام کا دفاع کیا اور اسے دوسرے ادیان پر غالب کیا۔
پروگرام کے اختتام پر مکرم پرنسپل صاحب نے طلباءکو بتایا کہ اس دن کو منانے کا مقصد خدا تعالیٰ کے افضال کو یاد کرنا اور آگے قدم بڑھانا ہے۔
دعا سے قبل طلباء کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا۔ دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔
(رپورٹ: عبد الہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)