افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے بو ریجن میں مسجد کا بابرکت افتتاح اور تقریب آمین

(عبدالہادی قریشی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل سیرالیون)

محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مسلم جماعت سیرالیون کو مورخہ 9؍اپریل کو بو ریجن کی جماعت کنڈورواہوں Kundorwahon میں ایک نئی مسجد کے افتتاح کی توفیق ملی۔ اس کے ساتھ اس جماعت میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچے اور بچیوں کی تقریب آمین ہوئی۔ اس علاقہ میں جماعت کا نفوذ 2019ء میں ہوا تھا اور نمازیوں کی ضروت کے پیشِ نظر یہاں ایک نئی مسجد کی تعمیر کی ضرورت پیش آئی۔ حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی پر شفقت اجازت سے مکرمہ خالدہ ضیاء پروین رانا صاحبہ آف جرمنی نے اس مسجد کے اخراجات اپنے بعض قریبی عزیزوں مکرم مولا بخش شیخو صاحب مرحوم، مکرمہ عزیزہ قریشی صاحبہ مرحومہ، مکرم نظام الدین راجپوت صاحب مرحوم، مکرمہ کریمہ بی بی صاحبہ مرحومہ، مکرم رانا خوشی محمد صاحب مرحوم، مکرمہ زینب بی بی صاحبہ مرحومہ، مکرم رانا علاؤالدین صاحب مرحوم، مکرمہ خورشید بیگم صاحبہ مرحومہ، مکرم رانا سفیر احمد اور مکرم رانا ولی محمد کی طرف سے ادا کئے۔ مسجد کی تعمیر پر قریباً ایک سو ملین لیونز کی رقم خرچ ہوئی۔ فجزاھم اللہ احسن الجزاء۔

حضور انورا یدہ اللہ تعالیٰ نے ازراہ شفقت مسجد کا نام مسجد بیت الرحیم عطا فرمایا۔

مسجد میں حضور انور کا خطبہ اور ایم ٹی اے سننے کے لئے سولر پینل، ایم ٹی اے اور لاؤڈ سپیکر کا انتظام بھی موجود ہے۔ مسجد کا کل احاطہ تین ٹاؤن لاٹ ہے اور مسقف رقبہ 35 45x فٹ ہے اور اس میں قریباً 250 افراد نماز ادا کرسکتے ہیں۔

مسجد کے تعمیری کام کی نگرانی کی سعادت مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ بو ریجن اور مکرم اَمرَا سِمبُو صاحب لوکل معلم کو حاصل ہوئی۔

یاد رہے کہ مسجد کا سنگ بنیاد 21؍فروری 2020ء کوامیرو مشنری انچارج سیرالیون مکرم سعیدالرحمٰن صاحب نے ایک پروقار تقریب میں رکھا تھا۔

مورخہ 9؍اپریل 2021ء کو افتتاح کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کا تعارف کروایا گیا۔

مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ نے اس علاقہ میں جماعت کا اور مسجد کا تعارف کروایا۔ بعد ازاں مکرم امیرصاحب نے قرآن کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بچیوں سے قرآن سنا۔ کل 11؍ بچوں کو قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل ہوئی۔

بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے سامعین سے خطاب فرمایا۔ آپ نے بتایا کہ جماعت احمدیہ کے قیام کا ایک بنیادی مقصد نماز کا قیام اور لوگوں کو قرآن پڑھانا ہے اور جماعت یہ کام کسی بھی معاوضہ کے بغیر کرتی ہے اور ایک سال کے عرصہ میں یہاں کے معلم نے یہاں کے گیارہ بچوں کو قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کروایا ہے۔ الحمدللہ

اس کے بعد مکرم امیرصاحب نے فیتہ کا ٹ کر مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا اور دعا کروائی جس کے بعد نماز جمعہ ادا کی گئی۔ اپنے خطبہ میں مکرم امیر صاحب نے بتایا کے مسیح موعود و مہدی معہود علیہ السلام کی آمد کا مقصد تفرقہ بازی کو ختم کرنا ، امن کا قیام اور لوگوں کو اسلام کی صحیح تعلیم کی طرف ہدایت دینا تھا اور یہی کام آج جماعت احمدیہ سیرالیون میں کررہی ہے۔ الحمدللہ

نماز کے بعد حاضرین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔

اس بابرکت تقریب میں ایک پیراماؤنٹ چیف، ایک ریجنٹ چیف، ٹاؤن چیف، چیفڈم امام کے نمائندہ ، مرکزی اور لوکل مبلغین اور متعدد غیرازجماعت اماموں سمیت اس علاقہ کی مختلف جماعتوں کے قریباً 300 مردوزن نے شرکت کی۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو ہمیشہ نمازیوں سے آباد رکھے۔ آمین

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button